کلام حضرت مصلح موعود ؓ

دستِ کوتاہ کو پھر درازی بخش (منظوم کلام حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ)

دستِ کوتاہ کو پھر درازی بخش

خاکساروں کو سرفرازی بخش

جیت لوں تیرے واسطے سب دل

وہ اداہائے جاں نوازی بخش

پانی کردے علومِ قرآں کو

گاؤں گاؤں میں ایک رازی بخش

روح فاقوں سے ہورہی ہے نڈھال

ہم کو پھر نعمتِ حجازی بخش

بتِ مغرب ہے ناز پر مائل

اپنے بندوں کو بےنیازی بخش

جھوٹ کو چاروں شانے چت کردیں

مومنوں کو وہ راستبازی بخش

روحِ اقدام و دوربین نگاہ

قلبِ شیر و نگاہِ بازی بخش

پائے اقدس کو چوم لوں بڑھ کر

مجھ کو تُو ایسی پاک بازی بخش

سرگرانی میں عمر گزری ہے

سروری بخش، سرفرازی بخش

کفر کی چیرہ دستیوں کو مٹا

دستِ اسلام کو درازی بخش

سید الانبیاءؐ کی امت کو

جوہوں غازی بھی وہ نمازی بخش

ہوں جہاں گرد ہم میں پھر پیدا

سند باد اور پھر جہازی بخش

میرے محمود بن مرا محمود

مجھ کو تُو سیرتِ ایازی بخش

(کلام محمودمع فرہنگ صفحہ ۲۴۷)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button