Mendig سے جلسہ سالانہ جرمنی کی تیاری کی ایک رپورٹ
(۲۱؍اگست ۲۰۲۴ء، نمائندگان الفضل انٹرنیشنل) خدا تعالیٰ کی دی ہوئی توفیق سے جرمنی کی جماعت اپنا ۴۸وں جلسہ سالانہ بروز جمعہ، ہفتہ اور اتوار مورخہ ۲۳ تا ۲۵؍اگست کو Mendig کے مقام پر منعقد کرنے کی سعادت پارہی ہے۔ اس اہم اور بابرکت جلسہ کی تیاری پورے زوروشور سےجاری ہے۔ افسرانِ جلسہ سالانہ اورمخلص کارکنان دن رات ایک کر کے کام میں مصروف ہیں۔ بہت سےخوش نصیبوں نے جلسہ کی تیاری کے لیے اپنے اوقات کو وقف کرکے جلسہ کے مقام پر ہی ڈیرے لگا رکھے ہیں۔ ہر شعبہ اپنے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے بھر پور کوشش میں مصروف ہے۔ تیاری کے پہلے چند دنوں میں تو گرمی نے بھی اپنی شدت دیکھائی لیکن حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی جماعت کے جانثاروں نے گرمی کی تپش کو اپنے کام میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اب معتدل اور درمیانی درجہ کے موسم میں بھی خدمت گار و رضا کار جلسہ کی تیاری میں مصروفِ عمل ہیں۔الحمدللہ۔ اور خیال کیا جارہا ہے کہ جلسہ کے دنوں میں بھی موسم اعتدال و اوسط درجے کا رہے گا۔ ان شاء اللہ تعالیٰ
مکرم محمد الیاس مجوکہ صاحب افسر جلسہ سالانہ نے نمائندہ الفضل کو مقامِ جلسہ کے انتخاب کے بارے بتایا کہ کئی سالوں سے جرمنی کی جماعت جلسہ سالانہ ایسے مقامات پر کر رہی تھی جہاں پر پہلے سے ہی بڑے اور موڈرن طرزِتعمیر کے ھالز موجود ہوتے تھے۔ جس کی وجہ سے جلسہ گاہ کے لیے بڑی اور کشادہ Marquees لگانے کی ضرورت پیش نہیں آتی تھی۔ اِن ھالزمیں جہاں پر بہت سی سہولیات تو موجود ہوتی تھیں۔ لیکن! سب سے بڑا مسئلہ آواز کا شاملین تک پہچانا ہوتا تھا۔ کئی بار جلسہ کی کارروائی کے دوران یہ شکایت موصول ہوتی تھی: کہ آواز ہال کے آخر تک نہیں جارہی یا گونج کی وجہ سےمقرر کی تقریر ہی سمجھ نہیں لگ رہی۔ اسی طرح جلسہ کے دوران حضور اقدس ایدہُ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات و خطابات کے دوران بھی یہی مسئلہ رہتا تھا۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے پیارےحضور ایدہُ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جماعت جرمنی کو یہ ارشاد فرمایا کہ: جلسہ کسی کھلے مقام پر Marquees لگا کر کیا جائے تاکہ آواز کامسئلہ پیش نہ آئے۔ پیارے آقا ایدہُ اللہ تعالیٰ کے اِس ارشاد کی تعمیل میں جماعت نے جرمنی کے طول و عرض میں کئی مقامات کا معائنہ کیا اور آخر کار حضور اقدس ایدہُ اللہ تعالیٰ کی منظوری سے Mendig کے مقام کو جلسہ سالانہ کے لیے منتخب کر لیا گیا۔ مکرم افسر صاحب جلسہ سالانہ یہ بھی بتایا کہ اس جگہ جلسہ کرنے میں شہرکی انتظامیہ کی طرف سے کئی قسم کی شرائط و قیود تھیں اور ایک موقع ایسا بھی آیا کہ جلسہ کی انتظامیہ نے یہ خیال کیا کہ شاید اس سال جلسہ Mendigکے مقام پرمنعقد نہ کیا جا سکے گا۔مجوکہ صاحب نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جلسہ منعقد کرنے کے لیےان تمام شرائط و پابندیوں کی اطلاع حضور اقدس ایدہُ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں دُعا اور راہنمائی کی غرض کی گئی۔
چنانچہ پیارے حضوراقدس ایدہُ اللہ تعالیٰ کی دعاؤں کی بدولت آہستہ آہستہ تمام مسائل اللہ تعالیٰ نے حل کردیے اور جماعت جرمنی اپنا جلسہMendig میں منعقد کرنے کی سعادت پا رہی ہے۔ الحمدللہ
مورخہ ۱۶؍اگست کو نماز جمعہ مکرم مدثر احمد صاحب مربی سلسلہ نے مقام جلسہ پر پڑھائی۔ مکرم مربی صاحب نے اپنے خطبہ جمعہ میں جلسہ سالانہ کی کامیابی کے لیے دعائیں کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ اسی طرح آپ نے خطبہ جمعہ میں تیاری کے دوران بھی جلسہ سالانہ کا ماحول پیدا کرنے، سب سے خوش اسلوبی سے ملنے، السلام علیکم کہنے میں پہل کرنے، کام کے دوران دروُد پڑھنے اور صفائی کا خاص خیال رکھنے کی طرف کارکنان کو توجہ دلائی۔
مکرم احسن فہیم بھٹی صاحب مربی سلسلہ و نیشنل سیکرٹری سمعی و بصری نے انٹریو میں بتایا کہ اس سال جلسہ سالانہ کی کارروائی App کے ذریعے دو ریڈیو Voice of IslamاورUrdu Jalsa Radio کے ذریعہ پوری دُنیا میں سنی جا سکے گی۔ ان شاء اللہ
مکرم مبارک احمد شاہد صاحب ناظم بازار نے بتایا کہ جلسہ کے دنوں میں ان کے ساتھ ۱۵۰ معاونین بازار میں کام کریں گے۔ بازار میں ۳۳ چھوٹی مارکیز لگائی گئی ہیں۔ جن میں کھانے کی اشیاء کے علاوہ ٹھنڈے مشروبات بھی ہوں گے۔ اسی طرح مختلف قسم کی ٹوپیاں اور اَلَیْسَ اللّٰهُ بِكَافٍ عَبْدَهٗؕ کی انگوٹھیاں بھی سٹالز پر خرید کے لیے دستیاب ہوں گی۔ پاکستانی لباس یعنی شلوار قمیص بھی جلسہ کے بازار میں خریدے جا سکیں گے۔ ناظم صاحب بازار نےیہ بھی بتایا کہ اس دفعہ بازار میں سٹال لگانے والوں کی ایک سپیشل ٹریننگ گورنمنٹ کے محکمہِ صحت نے کی ہے، تاکہ حفظانِ صحت کے معیار کو بڑ ھایا جا سکے۔
مکرم ناصر احمدصاحب نے شعبہ Electricity کےحوالے سے بتایا کہ اس شعبہ میں ۳۰ کے قریب کارکنان کام میں مصروف ہیں اور تمام کے تمام بہت دل جمی اور مستعدی سے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جلسہ کے مقام پر تمام جگہ Electricity بڑے بڑے جنریٹرز کے ذریعہ پہنچائی جا رہی ہے۔
اس سال جلسہ سالانہ جرمنی میں حضرت خلیفۃ المسیح ایدہُ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تشریف آوری متوقع تھی اور احباب جماعت بہت خوش وخرم تھے۔ لیکن ۱۸؍اگست بروز اتوار کو مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی نے جلسہ گاہ میں نمازِ ظہر و عصر کے بعد کارکنانِ جلسہ کے سامنے بڑے مشکل سے اپنے جذبات پر قابو رکھتے ہوئے مندرجہ ذیل اعلان کیا: خاکسار حضور انور ایدہُ اللہ تعالیٰ کی اجازت اور ہدایت کی روشنی میں آپ سب کو مطلع کرنا چاہتا ہے کہ ہمارے پیارے امام حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے یہ پیغام موصول ہوا ہے کہ حضور انور ایدہُ اللہ تعالی نے ڈاکٹروں کے مشورہ، دعا اور غور و فکر کے بعد یہ فیصلہ فرمایا ہے کہ حضور انور ایدہُ اللہ تعالیٰ امسال جلسہ سالانہ جرمنی کے لیے سفر اختیار نہیں فرمائیں گے۔
#JalsaSalana
— Al-Fazl International الفضل انٹرنیشنل (@alfazlintl) August 20, 2024
# خلافت#jalsagermany pic.twitter.com/Q8BcI8I5VM
امیر صاحب نے مزید کہا کہ خاکسار تمام احباب جماعت جرمنی، مردوں، خواتین اور بچوں سے یہ گزارش کرتا ہے کہ ہم سب اپنے پیارے امام ایدہُ اللہ تعالیٰ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے بھر پور طریق پر جلسہ سالانہ جرمنی میں شامل ہوں۔ یہاں جلسہ گاہ Mendig میں شامل ہو کر حضور انور کے تمام خطابات غور سے سنیں اور خلافت کے وفادار اور اطاعت گزار خدام ہونے کا ثبوت دیں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے آقا ایدہُ اللہ تعالیٰ کو صحت اور سلامتی والی عمر دراز سے نوازے اور ہر لحظہ روح القدس کے ذریعہ تائید و نصرت فرماتا چلا جائے۔ آمین اللّٰهم آمین۔ان الفاظ کے بعد مکرم امیر صاحب نے یہ بھی بتایا کہ:حضور انور ایدہُ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس خط کے ساتھ از راہِ شفقت درج ذیل پیغام عنایت فرمایا ہے:’’اللہ تعالیٰ احباب جماعت جرمنی کو اپنی حفاظت میں رکھتے ہوئے جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کی توفیق دے۔ انشاء اللہ تعالیٰ کیمرے کے ذریعہ سے میں جلسہ گاہ اور جلسہ کا ماحول دیکھ لوں گا، تقریروں کے دوران۔‘‘
اس اعلان کے سننے کے بعد حاضرین وکارکنان پر اداسی چھا گئی۔ بعض مُحبان ِخلافت تواپنے جذبات پر قابو نہ پا سکےاورشدتِ غم و محبت میں رونے لگ پڑے۔ یہاں تک کہ چھوٹے بچوں نے بھی اپنے جذبات و محبت کا اظہاراپنے چہروں کی اداسی اور پریشانی سے کیا۔ کچھ ایسے ہی مناظر بیت السبوح میں بھی دیکھنے میں آئے۔ جہاں پر حضورِ انور ایدہُ اللہ تعالیٰ نے قیام فرمانا تھا اور کارکنا ن کی بڑی تعداد پورے خوش و خروش سے وقارِعمل کرکے بیت السبوح کی بناؤ سنکھار اور خوبصورتی میں مصروف ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے آقا وحضورپُر نور ایدہُ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو صحت و سلامتی والی فعال زندگی عطا فرمائے۔آمین۔ ہم سب کو جلسہ سالانہ کی برکات سے فائد ہ اُٹھانے کی توفیق عطا فرمائے، جلسہ کی تیاری میں ہر قسم کی رکاوٹ کو دور کردے۔ سب شاملینِ جلسہ کو سفر وحضر، دیس و پردیس میں اپنی رحمت و فضل کے سایہ میں رکھے۔ آمین ثم آمین
(رپورٹ: جاوید اقبال ناصر۔ مربی سلسلہ جرمنی، معاونت: عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)