یورپ (رپورٹس)

ہیلسنکی، فن لینڈ کے نماز سینٹر میں ’اوپن ریلیجن ڈے‘ کا اہتمام

فن لینڈکے مذہبی فورم (Uskot Foruumi) نےفن لینڈ میں پہلی بار ’’اوپن ریلیجن ڈے‘‘ کا اہتمام کیا۔ الحمدللہ جماعت احمدیہ فن لینڈ نے بھی اس تقریب میں حصہ لیا اور ہیلسنکی نماز سینٹر مورخہ ۲۱؍اگست ۲۰۲۴ء بروز بدھ دن کے وقت بارہ بجے سے رات دس بجےتک زائرین کے لیے کھلا رہا۔ احباب جماعت (مرد و خواتین) کو توجہ دلائی گئی کہ وہ اپنے زیر تبلیغ مہمانان کو اس تقریب میں مدعو کریں۔

نماز سینٹر میں نیشنل شعبہ تبلیغ نے دیدہ زیب نمائشوں، استقبال، نماز سینٹر کے ٹور، جماعت احمدیہ کے تعارف، ڈسکشنز، ریفریشمنٹ اور سوال و جواب کا اہتمام کیا جس سے زائرین کو جماعت احمدیہ کا مفصل تعارف حاصل ہوا۔ مہمانوں کو خوش آمدید کہنے اور ان کے سوالات کے جواب دینے کے ليے مکرم زیرک اعجاز صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ، مکرم معصوم احمد صاحب قائد تبلیغ مجلس انصار اللہ، مکرم رضوان اللہ صاحب مہتمم تبلیغ مجلس خدام الاحمدیہ اور خاکسار (قائد اشاعت مجلس انصار اللہ) موجود رہے۔ نیزمختلف اوقات میں کئی انصار و خدام نے مختلف ڈیوٹیز سرانجام دیں۔ زائرین کو مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ سے بھی سوالات کرنے کا موقع ملا۔ نیشنل صدر صاحب جماعت احمدیہ فن لینڈ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ بھی مختلف اوقات میں موجود رہے۔

کُل ۳۱؍احباب نے اس دن نماز سینٹر کا دورہ کیا جن میں مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول ہائی سکول کے ۱۹؍طلبہ و طالبات پر مشتمل وفد کے علاوہ فن لینڈ کے افریقی ممالک کے لیے سابقہ سفیر، ٹیچر، حکومتی محکمہ صحت و مذہبی تنظیم سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔

الحمدللہ زائرین نے جماعت احمدیہ کی اس کاوش کو بہت سراہا اور کہا کہ ایسے دن بار بار منعقد کیے جانے چاہئیں۔ مہمانوں نے جہاد، حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے دعویٰ مسیح و مہدی، پاکستان میں احمدیوں کی مخالفت ، نظام خلافت، عورتوں کے حقوق وغیرہ سے متعلق سوالات کیے۔ چند دلچسپی رکھنے والے احباب کو مربی صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات نیز پیس سمپوزیم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ مہمانان مختلف تعارفی لٹریچر و بروشرز شوق سے ساتھ لے کر گئے۔

اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے بہت اچھے اور بابرکت نتائج پیدا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button