جامعۃ المبشرین تنزانیہ میں سالانہ کھیلوں کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل اور احسان سے جامعۃ المبشرین تنزانیہ کو امسال مورخہ ۸ تا۱۰؍اکتوبر سالانہ کھیلوں کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
مورخہ ۸؍اکتوبر کو مکرم خواجہ مظفر احمد صاحب قائمقام امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ نے سالانہ کھیلوں کی افتتاحی تقریب کی صدارت کی۔ جملہ طلبہ اپنے اپنے گروپس (امانت، شجاعت اور شفقت) کے یونیفارم میں تھے۔ تلاوت قرآن کریم و سواحیلی ترجمہ کے بعد مکرم عابد محمود بھٹی صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین نے مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں خاکسار (استاد جامعۃالمبشرین) کو طلبہ کے سامنے مختصراً گزارشات پیش کرنے کا موقع ملا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے طلبہ کو اپنی علمی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ جسمانی استعدادوں کو نکھارنے کی تلقین کی۔
افتتاحی تقریب کے بعد تمام طلبہ کھیل کے میدان میں اکٹھے ہوئے اور رسہ کشی کا مقابلہ منعقد ہوا جس میں شجاعت گروپ اول قرار پایا۔
ان تین ایام میں متعدد انفرادی اور اجتماعی مقابلہ جات ہوئے۔ انفرادی مقابلہ جات میں نیزہ پھینکنا، گولہ پھینکنا، پنجہ آزمائی، دوڑ سومیٹر، دوڑ سولہ سو میٹر، نشانہ غلیل، ثابت قدمی، لانگ جمپ، ہائی جمپ، دوڑ تین ٹانگ اور فراگ ریس شامل تھے۔ ۲۰۱۸ء سے مقابلہ ’’روک دوڑ‘‘ بھی جامعہ کی سالانہ کھیلوں کا ایک اہم حصہ ہے۔
اسی طرح اجتماعی مقابلہ جات میں والی بال، رسہ کشی، ٹیبل ٹینس، میروڈبہ، ریلے ریس، فٹ بال اور باڑی کے مقابلہ جات کے فائنلز ان ایام میں منعقد ہوئے۔
مورخہ ۱۰؍اکتوبر کو صبح تقریباً گیارہ بجے اختتامی تقریب کا آغاز ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ کھیلوں میں مثالی طالب علم عزیزم مبارک عبداللہ متعلم درجہ اولیٰ قرار پایا۔ جبکہ اجتماعی مقابلہ جات میں اول شجاعت گروپ رہا۔ بعد ازاں امیر صاحب نے طلبہ کو نصائح کیں اور کھیلوں کے دوران طلبہ کے اعلیٰ اخلاق کے مظاہرہ کی تعریف کی۔ مکرم پرنسپل صاحب نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور طلبہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کا جو مثبت جوش اور جذبہ ان کھیلوں میں نظر آیا یہی جو ش اور جذبہ دین کے ليے ہونا چاہيے۔
اللہ تعالیٰ جملہ طلبہ کی جسمانی و روحانی استعدادوں میں بابرکت اضافہ فرمائے اور ہم سب کو دین اسلام کے حقیقی خادم اور خلیفہ وقت کے سلطان نصیر بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین