افریقہ (رپورٹس)

تیساوا ریجن ، نائیجر کی لودا جماعت میں احمدیہ مسجد کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ نائیجر کو مورخہ ۲۹؍ نومبر۲۰۲۴ء کو ریجن تیساوا کی لودا جماعت میں ایک مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔ تیساوا شہرسے مغرب کی جانب یہ جماعت ۴۴؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

مسجد کی زمین کے حصول کے لیے جب تحریک کی گئی تو لودا گاؤں کے چیف مکرم سعدو ڈوکؤ صاحب نے اپنی ملکیتی زمین کابڑا حصہ مسجد کے لیے جماعت احمدیہ نائیجر کو عطیہ کر دیا۔ اللہ تعالیٰ ان کو اس کی بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین

مورخہ ۲؍اکتوبر ۲۰۲۴ء کو زمین کے کاغذات کی کارروائی مکمل ہوئی اور ۱۹؍اکتوبر کو مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ دوران تعمیر گاؤں کے چیف اور باقی احباب جماعت نے خاص طور پر مسجد کے کام کو اپنے دوسرے کاموں پر ترجیح دیتے ہوئے ریت، بجری اور پانی بہم پہنچایا اور وقار عمل کے ذریعہ جماعت کے سینکڑوں ڈالرز بچائے۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء

مورخہ ۲۹؍نومبر بروز جمعۃالمبارک مسجد کے افتتاح کے موقع پر مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ نائیجر بعض نیشنل عاملہ ممبران کے ہمراہ تشریف لائے اور نماز جمعہ سے قبل دعا کروا کے مسجد کا افتتاح کیا۔ اس کے بعد نماز جمعہ ادا کی گئی جس میں امیر صاحب نے جماعت احمدیہ کا پُرامن پیغام حاضرین کے سامنے پیش کیا اور آنحضرتﷺ کے غلام صادق حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی آمد اور حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کی طرف توجہ دلائی۔ اس موقع پر علاقہ کے روایتی چیف الحاج محمودو صاحب، میئر صاحب اور پریفے (ضلعی ایڈمنسٹریٹر) کا نمائندہ اور علاقائی غیر از جماعت امام بھی موجود تھے۔ ۶۰۰؍کے قریب افراد نے نماز جمعہ ادا کی۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد علاقائی چیف اور میئر صاحب نے خوشنودی کا اظہار کیا اور دل کی گہرائیوں سے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔ تمام حاضرین کی کھانے سے تواضع کے بعد پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ

اللہ تعالیٰ اس مسجد کو توحید باری تعالیٰ کے قیام کامرکز اور قرب الٰہی حاصل کرنے کا ذریعہ بنائے اور جماعت احمدیہ کی ترقی کا باعث بنائے اور احباب جماعت کو اسے آباد کرنے کی توفیق عطا کرے۔ آمین

(رپورٹ:کوثر جمیل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button