عالمی خبریں

سپورٹس بلیٹن

کرکٹ: پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے دس وکٹوں سے فتح حاصل کرکے سیریز۲۔صفرسے جیت لی۔کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ نے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے۶۱۵؍رنزبنائے۔ریان رکلٹن(Ryan Rickelton)نے ۲۵۹؍رنز کی شاندار باری کھیلی جبکہ کپتان ٹیمبا بووما۱۰۶؍اورکائل ویرینے ۱۰۰؍رنزبناکر نمایاں رہے۔جواب میں پاکستانی ٹیم صرف ۱۹۴؍رنز بناسکی۔ جنوبی افریقہ نے follow on کے تحت پاکستان کو دوبارہ بلےبازی دینے کا فیصلہ کیا تو پاکستانی اوپنرزنے۲۰۵؍رنزکا بہترین آغازفراہم کیا۔ بابراعظم ۸۱؍رنزبناکرآؤٹ ہوئے،جبکہ کپتان شان مسعود نے ۱۴۵؍رنزکی باری کھیلی۔یوں پاکستان نے دوسری اننگزمیں زبردست مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے۴۷۸؍رنزبنائے۔جنوبی افریقہ نے ۵۸؍رنزکاہدف بغیرکسی نقصان کے سات اوورزمیں حاصل کرکے فتح اپنے نام کی۔پاکستان کے صائم ایوب میچ کے پہلے روزفیلڈنگ کرتے ہوئےشدید زخمی ہوئے اورمیچ میں مزید حصہ نہ لے سکے۔ جنوبی افریقہ کے مارکوجینسن(Marco Jansen) کو سیریزمیں دس وکٹیں اور۸۰؍رنز بنانے پرپلیئرآف دی سیریزکا ایوارڈدیا گیا۔

بھارت بمقابلہ آسٹریلیا : پانچویں ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے دس سال بعد بارڈرگواسکرٹرافی (BGT) جیت لی۔اس میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما اپنی ناقص کارکردگی کی وجہ سےٹیم سے باہر ہوئے۔ان کی جگہ قیادت کرنے والے جسپریت بمرانے ٹاس جیت کر پہلے بلےبازی کا فیصلہ کیا۔سڈنی کرکٹ گراؤنڈمیں بیٹنگ کے لیے نہایت ناسازگارپچ پربھارت نے پہلی اننگزمیں۱۸۵؍رنزبنائے جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم بھی صرف ۱۸۱؍رنزپر ڈھیر ہوگئی۔ دوسری اننگزمیں بھی بھارتی ٹیم صرف ۱۵۷؍رنزبناسکی۔کھیل کے تیسرے روزمیزبان ٹیم نے۱۶۲؍رنزکاہدف چاروکٹوں کے نقصان پرپوراکیا۔پانچ میچز میں ۳۲؍کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے سیریزکے بہترین کھلاڑی جسپریت بمرا (Jasprit Bumrah)انجری کا شکارہوکر دوسری اننگزمیں باؤلنگ نہ کرواسکے۔آسٹریلیا کے تیزگیندباز سکاٹ بولینڈ (Scott Boland)نے میچ میں دس وکٹیں حاصل کیں۔

زمبابوے بمقابلہ افغانستان: دوسرے ٹیسٹ میں ۷۲؍رنزسے کامیابی سمیٹ کرافغان ٹیم نے سیریز ۱یک صفر سے اپنے نام کرلی۔ بلاوایومیں ہونے والے مقابلہ میں افغانستان اپنی پہلی اننگز میں محض ۱۵۷؍رنزبناسکا۔جواب میں زمبابوے نے ۲۴۳؍رنزبنائے۔ دوسری باری میں افغانستان نے رحمت شاہ کے۱۳۹؍اوراپناپہلا میچ کھیلنے والے عصمت عالم کے۱۰۱؍رنزکی بدولت ۳۶۳؍رنزبنائے۔۲۷۸؍کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم راشدخان کے سامنے بےبس دکھائی دی اور۲۰۵؍رنزپرڈھیرہوگئی۔راشدخان نے پہلی اننگز میں چارجبکہ دوسری اننگزمیں ۶۶؍رنزکےعوض سات کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔رحمت شاہ ۳۹۲؍رنزبناکرسیریزکے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔

ٹینس: برسبین انٹرنیشنل کےمینزسنگلزکاٹائیٹل ۲۱؍ سالہ چیک کھلاڑی Jiri Leheckaنے جیت لیا۔فائنل مقابلے میں امریکہ کے Reilly Opelkaزخمی ہونے کے باعث کھیل جاری نہ رکھ سکے۔ویمنزسنگلزمیں بیلاروس کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی Aryana Sabalenkaنے فتح حاصل کی۔اسی طرح آسٹریلیا میں ہونے والے یونائیٹڈکپ ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں امریکہ نے پولینڈکو شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹورنامنٹ جیت لیا۔امریکہ کی Coco Gauffنے عالمی نمبردوپولینڈ کی Iga Swiatekکو۶۔۴؍اور۶۔۴؍کے سکور سے ہرایا۔ اسی طرح مینزمقابلوں میں Taylor Fritzنے Hubert Hurkaczکوشکست سے دوچارکیا۔

فٹ بال:انگلش پریمیئرلیگ میں گذشتہ ہفتہ کھیلے گئے میچز میں نیوکاسل یونائیٹڈنے ٹوٹینہیم کو۲۔۱، بورنمتھ نے ایورٹن کو ۱۔صفر، آسٹن وِلانے لیسٹرسٹی کو۲۔۱،مانچسٹرسٹی نے ویسٹ ہیم کو ۴۔۱، ناٹنگھم فاریسٹ نے وولوزکو۳۔صفر اوربرینٹفورڈنے ساؤتھ ہیمٹن کو۵۔صفر سے شکست دے دی۔ دیگر میچز میں لیورپول اور مانچسٹریونائیٹڈکا مقابلہ ۲۔۲گول جبکہ آرسنل اوربرائٹن کامقابلہ ۱۔۱گول سے برابر ہوا۔

(ن م طاہر)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button