جلسہ سے محروم دل کی شاملینِ جلسہ کے حق میں دعا
’’ہوں منزلیں مبارک، رستہ تمہیں مبارک‘‘
اے عازمینِ جلسہ! جلسہ تمہیں مبارک
ہے شکرِ مولا واجب، مہدیؑ کے میہماں ہو
اے شاملینِ جلسہ، جلسہ تمہیں مبارک
تم کو ہو صد مبارک عزمِ سفر کیا ہے
مہدیؑ کی پیاری بستی کدعہ تمہیں مبارک
تاروں کی انجمن میں، تم کہکشاں میں پہنچے
جب تک رہو وہ ہفتہ عشرہ تمہیں مبارک
مانگو خدا کی رحمت، مقبول ہیں یہ گھڑیاں
دارالمسیح کا وہ غُرفہ تمہیں مبارک
احمد کی سب دعاؤں سے جھولیوں کو بھرنا
جتنا سمیٹ لو تم حصہ تمہیں مبارک
اللہ کے فرشتے سایہ فگن ہوئے ہیں
خدام طفل و ناصر لجنہ تمہیں، مبارک
جلسے کی برکتوں سے امن و سکون پاؤ
پھر ایک بار رب کا تحفہ تمہیں مبارک
کامل نبیﷺ کی ثانی بعثت جہاں ہوئی ہے
فیضانِ ایزدی کا چشمہ تمہیں مبارک
رب کے چنیدہ کے تم در پر بہاؤ آنسو
رب کے لیے بہا جو دجلہ تمہیں مبارک
سجدوں سے تم سجانا جلسے کے ان دنوں کو
اقصیٰ ہو یا مبارک، سجدہ تمہیں مبارک
محروم ہم ہوئے ہیں، جلسے کی برکتوں سے
تم کو ملی سعادت، مژدہ تمہیں مبارک
آثار سب فنا ہوں گردِ سفر کے، رخ سے
جو تازگی جگا دے خطبہ تمہیں مبارک
ایمان کے گُلوں کو جو کر دے دل میں تازہ
قدسی وہ روح افزا نَعرہ تمہیں مبارک
دل کیا ہے روح کو بھی پُر نور کر دے، سرور
مسرور کا وہ دلکش نغمہ تمہیں مبارک
(محمد ابراہیم سرور۔ قادیان)
مزید پڑھیں: یہ جلسے کے دن ہیں سعادت کے دن ہیں