یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ آئرلینڈ کے بائیسویں(۲۲)جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد

٭… نماز تہجد کے ساتھ ساتھ پنجوقتہ نمازوں، روحانی و علمی تقاریر اور جلسہ سالانہ جرمنی سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے براہ ست خطابات سننے کا اہتمام

٭…حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

٭… کُل ۳۱۵؍احباب کی شرکت

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئرلینڈ کو اپنا بائیسواں جلسہ سالانہ مورخہ ۲۴و۲۵؍اگست ۲۰۲۴ء کو کلیٹن ہوٹل، گالوے اور مسجد مریم میں منعقد کر نے کی توفیق ملی۔

اتنثامات جلسہ کے معائنہ کے لیے مورخہ ۲۳؍اگست بروز جمعہ مسجد مریم گالوے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں نیشنل صدر ڈاکٹر محمد انور ملک صاحب نے افسر جلسہ سالانہ ڈاکٹر حامد احمد خان صاحب کے ہمراہ انتظامات کا جائزہ لیا۔ نیز صدر صاحب نے تمام انتظامات کے بارے میں ہدایات بھی دیں۔

پہلا دن

جلسہ کے پہلے دن کا آغاز مورخہ ۲۴؍اگست بروز ہفتہ باجماعت نماز تہجد سے ہوا اور فجر کی نماز کے فوراً بعد ہی کارکنان کو ناشتہ پیش کیا گیا تاکہ وہ ہوٹل میں جاکر جلسہ گاہ کو تیار کر سکیں۔

جلسہ کا باقاعدہ آغاز صبح پونے گیارہ بجے تقریب پرچم کشائی سے ہوا جس میں مکرم نیشنل صدر صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم ابراہیم نونن صاحب مبلغ انچارج آئرلینڈ نے قومی پرچم لہرایا۔ اس تقریب کا انتظام ہوٹل کے عقب میں کیا گیا تھا۔

پہلا اجلاس: جلسہ کے پہلے اجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم مبلغ انچارج صاحب آئرلینڈ تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا جس کے معاً بعد صدر صاحب نے جلسہ سالانہ کے موقع پر ارسال کردہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔

خاکسار (مربی سلسلہ) نے ’’نظام وصیت اور روحانی انقلاب‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔

امسال کیونکہ یہ جلسہ جماعت احمدیہ جرمنی کے جلسہ سالانہ کے دنوں میں ہی منعقد ہوا تھا اس ليے جلسہ جرمنی سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات کو براہ راست سننے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ جس کو تمام حاضرین جلسہ نے بے حد سراہا اور آئرلینڈ کے جلسہ میں حضور پُر نور کی شمولیت کو محسوس کیا۔ پہلے اجلاس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جرمنی کے جلسہ میں خواتین سے خطاب براہ راست سنا گیا جس کے بعد پہلے اجلاس کی دوسری تقریر صدر مجلس خدام الاحمدیہ مکرم ڈاکٹر رضوان احمد صاحب نے ’’محبت، ایمان اور شادی کے مراحل‘‘ کے موضوع پر کی۔

اجلاس مستورات:نمازوں اور کھانے کے وقفہ کے بعد مستورات کے علیحدہ اجلاس کا انتظام تھا جس میں یہ دو تقاریر ہوئیں: ’’روز مرہ کی زندگی کے تناظر میں دینی ودنیاوی فرائض کی ادائیگی میں توازن‘‘ از مکرمہ شمیفہ ظہیر صاحبہ نیشنل سیکرٹری تعلیم اور ’’عہد وفائے خلافت کی پاسداری اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ از مکرمہ ناجیہ نصرت ملک صاحبہ صدر لجنہ اماءاللہ آئرلینڈ۔

دوسرا اجلاس:گذشتہ سالوں کی طرح اس دفعہ بھی زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے غیر از جماعت معزز مہمانوں کو جلسہ میں مدعو کیا گیا تھا جن کے ساتھ ایک علیحدہ اجلاس منعقد ہوا جس میں انہیں جماعت احمدیہ عالمگیر کے تعارف نیز جماعت احمدیہ آئرلینڈ کی طرف سے ملک میں کی جانے والی سرگرمیوں کے بارے میں ایک پریزنٹیشن دی گئی۔ جن معزز مہمانوں کو جلسہ سالانہ میں اظہار خیال کرنے کا موقع ملا ان میں محترمہ پولا ہلمن (Paula Hilman) صاحبہ اسسٹنٹ کمشنر گارڈا(پولیس)، جناب ایمن او کیو (Eamon O’ Cuiv) ممبر آف پارلیمنٹ گالوے اور جناب نائل میک نے لیس( Nial McNelis) ڈپٹی میئر آف گالوے شامل ہیں۔ ایمن او کیو صاحب جماعت احمدیہ کے ایک پرانے مخلص دوست ہیں۔ انہوں نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ آئرلینڈکی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے رضاکارانہ کاموں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں… اگر ہم سب آپ کے نقش قدم پر چلنے والے بن جائیں تو دنیا بہت بہتر جگہ بن جائے۔

اسی طرح ڈپٹی میئر نے اپنے خیالات کا اس طرح سے اظہار کیا کہ آج میں اس پیغام سے بہت متاثر ہوا ہوں جو اس جلسہ کی جان ہے، یعنی ’’محبت سب کے ليے نفرت کسی سے نہیں‘‘۔

دوسرا دن

مورخہ ۲۵؍اگست بروز اتوار جلسہ کے دوسرے دن کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد اور نماز فجر سے ہوا۔

تیسرا اجلاس: تیسرے اجلاس کا آغاز صبح دس بجے تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ اس اجلاس میں تین تقاریر ان موضوعات پر ہوئیں: ’’احمدیت کے جھنڈے کو دنیا کے ہر کنارے میں بلند کرنے کا ہمارا عہد‘‘ بزبان انگریزی از مکرم مطرف احمد صاحب مربی سلسلہ ناردرن آئرلینڈ، ’’خلافتِ خامسہ کے سنہری دور میں اسلام احمدیت کی ترقیات‘‘ از مکرم ڈاکٹر مامون الرشید صاحب سیکرٹری جائیداد اور ‘‘حبل اللہ یعنی مضبوط تعلق باللہ میں خلافت کا کردار’’ بزبان انگریزی از مکرم مبلغ انچارج صاحب۔

اختتامی اجلاس:اختتامی اجلاس کے دوران جلسہ سالانہ جرمنی سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اختتامی خطاب حاضرین جلسہ سالانہ آئرلینڈ نے براہ راست سنا۔ نیشنل سیکرٹری صاحب تعلیم نے تعلیمی ایوارڈز اور سکالرشپ کا اعلان کیا۔ کُل ۱۹؍طلبہ و طالبات میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ اس اجلاس کے آخر پر نیشنل صدر صاحب جماعت احمدیہ آئرلینڈ نے ’’پُر سکون عائلی زندگی کے حصول کے ذرائع‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعدازاں صدر صاحب نے اختتامی دعا کرائی۔ امسال جلسہ سالانہ میں ۳۱۵؍احباب نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

کلیٹن ہوٹل کو جلسہ گاہ کے طور پر دونوں دن استعمال کیا گیا تھا نیز کتب کی نمائش اور کچھ ورک شاپس بھی اسی ہوٹل میں منعقد کی گئی تھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مسجد مریم میں دو مارکیز لگا کر مہمانوں کے ليے کھانے کا انتظام تھا۔ اس دفعہ مسجد مریم کے ہال میں مردوں کے ليے اور مسجد کے عقب میں واقع مسرور ہال میں خواتین کے ليے رہائش کا محدود انتظام کیا گیا تھا۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو اس سے بھر پور روحانی فائدہ اٹھانے کی توفیق بخشے۔ آمین

(رپورٹ:عطاءالرحمٰن خالد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ آئرلینڈ کے پندرھویں سالانہ نیشنل اجتماع کا کامیاب انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button