نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 18؍دسمبر۲۰۲۴ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ)میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ امۃ الحفیظ فردوس صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری محمد ابراہیم صاحب مرحوم(کرائیڈن۔یوکے)کی نماز جنازہ حاضر اور پانچ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ امۃ الحفیظ فردوس صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری محمدابراہیم صاحب مرحوم (کرائیڈن۔یوکے)

15؍دسمبر2024ء کو 89سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ مکرم چودھری عبدالغنی صاحب درویش قادیان کی بیٹی اور مکرم بدرالدین عامل صاحب درویش قادیان کی ہمشیرہ تھیں۔ آپ قادیان میں پیدا ہوئیں۔ پاکستان میں گوجرہ سے تعلق تھا۔ مرحومہ پابند صوم و صلوٰۃ اور نیک خاتون تھیں۔ 2011ء میں یوکے آئیں۔ آپ کی ایک بیٹی مکرمہ شمیم متین صاحبہ کو مجلس پرلی میں نائب صدر لجنہ اماءاللہ کے طور پر خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔ پسماندگان میں 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرمہ منصورہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری مبشر احمد صاحب (کراچی)

14؍نومبر 2024ء کو 88سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت ڈپٹی میاں شریف احمد صاحب رضی اللہ عنہ کی پوتی اور حضرت سیدہ مہر آپا صاحبہ کی بھانجی تھیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، اچھے اخلاق کی مالک ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں شوہر کے علاوہ تین بیٹے شامل ہیں۔

۲۔مکرم مرزا ناصر احمد صاحب ابن مرزا محمد اشرف صاحب (بریمپٹن کینیڈا)

18؍اکتوبر 2024ء کو 75سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے خاندان میں سب سے پہلے آپ کے والد مرزا محمد اشرف صاحب نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کے دور میں احمدیت قبول کی۔ آپ مکرم مرزا نصیر احمد صاحب ایڈووکیٹ کے بھتیجے اور داماد تھے۔ لمبا عرصہ بینک میں ملازمت کی اور اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے۔ پیشہ ورانہ امور بڑی دیانت داری سے ادا کیے اور اپنے اعلی اخلاق اور دوستانہ طبیعت کے باعث سب ان کی بہت عزت کرتے تھے۔ ضرورت مندوں کی مدد کرتے رہے۔ مرحوم نے راولپنڈی میں نائب امیر کے علاوہ پاکستان اور کینیڈا میں مختلف شعبوں میں خدمت کی توفیق پائی۔ وفات سے قبل آڈیٹر اورانصار اللہ کے ریجنل ناظم تعلیم کے طورپر خدمت بجالارہے تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجد گزار، ملنسار، نرم دل،سادہ مزاج، ہمدرد مخلص اور نیک انسان تھے۔ خلافت سے وفا اور محبت کا گہرا تعلق تھا اور خلیفۃ المسیح کے ہر ارشاد پر پورے خلوص اور دیانتداری سے عمل کرتے تھے۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

۳۔مکرم کامران امجد چودھری صاحب ابن مکرم محمد امجد چودھری صاحب (بوسٹن امریکہ)

14؍اکتوبر 2024ء کو ایک کار حادثہ میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم وقف نو کی تحریک میں شامل تھے۔ آپ ناظم صحت جسمانی کے طور پر خدمت بجالا رہے تھے۔ نمازوں کی پابندی کرتے۔ہمیشہ جماعتی کاموں کو ترجیح دیتے۔ ہر ایک سے بہت ادب اور خوش دلی سے ملتے اور بڑے فرمانبردار نوجوان تھے۔ گھر میں سب بہن بھائیوں میں سے بڑے تھے اور پڑھائی میں ان کی مدد کرتے تھے۔ آپ نے بائیو کیمسٹری میں ڈگری حاصل کر کے ریسرچ میں جاب شروع کی تھی اور اگلے سال PhD کرنے کا ارادہ تھا۔پسماندگان میں والدین کے علاوہ ایک بہن اور تین بھائی شامل ہیں۔

۴۔مکرم رانا محمود احمد صاحب (پنشنر تحریک جدید۔ ربوہ)

23؍نومبر 2024ء کو 82سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت چودھری محمد اسماعیل صاحب نمبردار رضی اللہ عنہ کے پوتے تھے۔ مرحوم وکالت مال اوّل میں بطور انسپکٹر تحریک جدید کے علاوہ دفتر کمیٹی آبادی میں ملازمت کرتے رہے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجد گزار،بڑے پر ہیز گار، نیک اور مخلص انسان تھے۔ آپ نے اپنے محلہ میں لمباعرصہ سیکرٹری تحریک جدید کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ خلافت سے بے انتہا عشق کا تعلق تھا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹے شامل ہیں۔آپ مکرم حافظ رضوان احمد صاحب…کے والد تھے۔

۵۔مکرمہ انیلہ عاقل صاحبہ اہلیہ مکرم جاوید نذیر مانگٹ صاحب (کینیڈا)

20؍فروری 2024ء کو 46 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت لنگر خان صاحب رضی اللہ عنہ کی پڑپوتی تھیں۔ مرحومہ نمازوں اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، ہمدرد، ملنسار مخلص اور نیک خاتون تھیں۔ گاؤں میں احمدی اور غیر احمدی خواتین اور بچیوں کو قرآن کریم پڑھاتی رہیں۔ پاکستان میں اپنے محلہ میں سیکرٹری ناصرات کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button