عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والی آگ کو بجھانے کی کوششوں میں صرف امریکی سرکاری ادارے ہی نہیں بلکہ غیر ملکی فائر فائٹرز اور ہزاروں مرد اور خواتین قیدی بھی حصہ لے رہے ہیں۔ اسی طرح اس کام میں خصوصی طیارے اور ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں جن میں فائر فائٹنگ کے لیے خصوصی نظام نصب کیے گئے ہیں۔اب تک اس آگ کے نتیجے میں بارہ ہزار سے زائد مکان اور عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن گئیں ، دو لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے اور ۳۷؍ہزار ایکڑ زمین جل کر راکھ ہوچکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس آگ کے سبب ۱۶؍افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔

٭…اسرائیل نے یمن کے میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں جمعہ کے روز یمن میں حوثی اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں ایک پاورسٹیشن اور ساحلی بندرگاہیں شامل تھیں۔ حملوں میں حدیدہ، راس عیسیٰ بندرگاہوں، حزیاز پاور سٹیشن اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایاگیا جن کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور سولہ زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

٭… یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کی فوج نے روس کی جانب سے لڑنے والے دو شمالی کوریائی فوجیوں کو پکڑ لیا ہے۔ دونوں فوجیوں کو روسی علاقے کرسک سے پکڑا گیا ہے اور دونوں فوجی زخمی حالت میں تھے جنہیں دارالحکومت کیف منتقل کردیا گیا ہے۔یوکرین اور مغربی جنگی ماہرین کے اندازے کے مطابق روس کے کرسک ریجن میں تقریباً ۱۱ ہزار شمالی کوریائی فوجی موجود ہیں جو روس کی جانب سے لڑرہے ہیں۔

٭… فرانسیسی شہر اسٹراس برگ کے سنٹرل سٹیشن میں دو ٹرامز آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ۳۰؍افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حادثے کی وجوہات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جاسکتا۔

٭…برطانوی سیکیورٹی حکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک کی سوشل میڈیا پوسٹوں کی مانیٹرنگ شروع کردی ہے۔ یہ کام ہوم آفس کی ہوم لینڈ سیکیورٹی ٹیم کررہی ہے۔ سیکیورٹی ٹیم یہ بھی جائزہ لے رہی ہےکہ ان پوسٹوں کی پہنچ کہاں تک ہے اور کون “انگیج” ہو رہا ہے۔خیال رہےکہ گذشتہ دنوں ایلون مسک نے برطانوی عوام کو ’ظالمانہ حکومت‘ سے آزادی دلوانے سے متعلق ایکس صارفین سے رائے طلب کی تھی۔ ایلون مسک نے سوال اٹھایا کہ کیا امریکہ کو برطانیہ کے عوام کو ان کی ’ظالمانہ حکومت‘ سے آزاد کرانا چاہیے؟ایلون مسک جو نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر بھی ہیں، نے برطانوی حکومت کے حوالے سے سخت بیانات دیے ہیں جس سے فریقین کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔

٭…موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں سالانہ اوسط عالمی درجہ حرارت ۲۰۲۴ء میں پہلی بار صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں ۱.۵؍ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا۔ اس طرح گذشتہ سال انسانی تاریخ کا گرم ترین سال بن گیا ہے۔ اس سے قبل ۲۰۲۳ء انسانی تاریخ کا گرم ترین سال قرار پایا تھا۔درجہ حرارت میں اضافے کی بنیادی وجہ خام ایندھن جیسے کوئلے، تیل اور گیس کو جلانا ہے جس سے دنیا بھر میں زندگیوں اور روزگار کو نقصان پہنچا ہے۔

٭…مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم، مواقع اور چیلنجز کے عنوان پر عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ طالبان خواتین کو انسان نہیں سمجھتے، انہوں نے ایک دہائی سے خواتین کو تعلیم سے محروم کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبان اپنے جرائم کو ثقافت اورمذہبی جواز کے طور پر پیش کرتے ہیں، ہمیں یہ بات بالکل واضح کرنی چاہیے کہ اس میں کچھ بھی اسلامی نہیں ہے، یہ پالیسیاں اسلام کی تعلیمات کی عکاسی نہیں کرتیں، طالبان پالیسیاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں،کسی بھی ثقافت یا مذہبی عذر سے اس کا جواز پیش نہیں کیا جاسکتا۔

٭…آسٹریلوی اخبار “سڈنی مارننگ ہیرلڈ” نے تاریخ کے پچاس عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی۔ اس فہرست میں باسکٹ بال اسٹار مائیکل جارڈن کا پہلا نمبر، یوسین بولٹ دوسرے اور سرینا ولیمز اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ ڈان بریڈمین کا چوتھا جبکہ باکسر محمد علی کا پانچواں نمبر ہے۔پاکستان کے اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کا اس فہرست میں ۲۵؍واں نمبر ہے اور آسٹریلوی اخبار نے کہا ہے کہ جہانگیر خان اپنے دور کے ناقابل تسخیر کھلاڑی تھے۔

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button