عالمی خبریں

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… سعودی وزارت صحت کی جانب سے عمرہ زائرین کےلیے صحت کے اصول جاری کر دیے گئے۔ اس حوالے سے سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گاکا) نے اعلامیہ جاری کر دیا۔ اعلامیے کے مطابق عمرہ زائرین کےلیے تمام ضروری ویکسینیشن اور احتیاطی تدابیر لازمی ہوں گی، مسافروں کو صحت دستاویزات، بشمول ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ساتھ لانا ہوگا۔ دنیا بھر سے آنے والے زائرین کےلیے میننجائٹس ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے۔ پاکستان، نائیجیریا، افغانستان اور دیگر متاثرہ ممالک کے زائرین کےلیے پولیو ویکسین لازمی ہوگی۔ عالمی ادارہ صحت کی سفارش پر کورونا وائرس اور موسمی فلو کی ویکسین بھی لازمی ہوگی۔

٭… جنوبی کوریا کے معزول صدر یون سک یول کی تنخواہ میں تین فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔ سال ۲۰۲۵ء کےلیے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کیے جانے والے اضافے کے تحت معزول صدر یون سک یول کی تنخواہ اب ایک لاکھ ۷۹؍ہزار ڈالر ہوجائے گی۔پارلیمنٹ میں کیے گئے مواخذے کے تحت صدر یون عہدے پر برقرار تو ہیں لیکن آئینی عدالت کا فیصلہ آنے تک بےاختیار ہیں۔۳؍دسمبر کو مختصر مدت کےلیے مارشل لاء لگانے پر صدر یون کے مواخذے کے بعد آئینی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے۔

٭… دریائے گنگا، جمنا اور قدیم سرسوتی کے سنگم پر واقع بھارتی شہر الہ آباد میں آج سے شروع ہونے والے کمبھ میلے کو ہندوؤں کا سب سے بڑا اجتماع قرار دیا جاتا ہے۔ ہندو عقیدے کے مطابق ہندو گنگا جمنا سروستی دریاؤں کے سنگم پر ڈبکی لگا کر اپنے گناہ دھوتے ہیں۔ میلے کے آغاز پر پچاس لاکھ ہندو یاتریوں نے ڈبکی لگائی۔میلے میں تقریباً چالیس کروڑ افراد کی شرکت کی امید کی جا رہی ہے، اسے دنیا کے بڑے مذہبی اجتماعات میں سے ایک مانا جاتا ہے۔اس ضمن میں بارہ سال بعد منعقد ہونے والے کمبھ میلے کو چار ہزار ہیکٹر پر سجایا گیا ہے، جو اگلے مہینے ۲۶؍فروری تک جاری رہے گا۔

٭… جنگ میں گرفتار کیے گئے شمالی کوریائی فوجیوں کے حوالے سے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس میں قید یوکرینی فوجیوں کے بدلے گرفتار شمالی کوریائی فوجیوں کے تبادلے کے لیے تیار ہیں۔ یوکرین اور اتحادی ممالک نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے تقریباً گیارہ ہزار فوجی روسی افواج کی مدد کے لیے کرسک میں تعینات کیے گئے ہیں۔

٭… یوکرین جنگ میں روس میں تعینات شمالی کوریا کے تقریباً تین سو فوجیوں کی ہلاکت کا انکشاف ہوا ہے۔ جنوبی کوریا کے رکنِ پارلیمنٹ کے مطابق یوکرین جنگ میں روس میں تعینات شمالی کوریا کے تقریباً تین سو فوجی ہلاک اور ۲۷۰۰؍زخمی ہوئے ہیں۔جنوبی کوریا کے رکنِ پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ شمالی کورین فوجیوں کو زندہ پکڑے جانے پر خود کو مار ڈالنے کی ہدایات ہیں۔

٭… روزنامہ جنگ کے مطابق ۲۰۱۸ء سے ۲۰۲۴ء تک مختلف ممالک سے ۸۷؍ہزار ۱۸۸؍افراد نے سیاسی پناہ حاصل کی، ان ممالک میں ایران، ترکی، کولمبیا، میکسیکو، بھارت، نائیجیریا، پاکستان، ہیٹی، چین اور افغانستان پہلے دس نمبر وں میں ہیں۔ گذشتہ چھ سالوں میں پاکستان سے سات ہزار ۳۹۸؍افراد نے کینیڈا میں سیاسی پناہ حاصل کی۔ پچھلے سال ۲۰۲۴ء میں پاکستان سے پانچ ہزار ۱۷۲؍ افراد نے کینیڈا میں سیاسی پناہ کے کلیمز دائر کیے جن میں سے صرف ایک ہزار ۸۵۳؍منظور کیے گئے۔پاکستان سے تعلق رکھنے والے افراد کی سیاسی پناہ کی سات ہزار ۸۵۹؍ درخواستیں ابھی تک زیرِالتوا ہیں۔ مختلف ممالک سے کینیڈا میں آنے والے افراد کے سیاسی پناہ کے ڈھائی لاکھ کلیمز فیصلوں کے منتظر ہیں۔

٭… امریکی شہر لاس اینجلس میں لگی آگ پر چھ روز بعد بھی قابو نہ پایا جا سکا، تیز ہواؤں کے سبب پھیلتی تباہ کن آگ کے باعث اب تک چوبیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔بارہ ہزار مکان اور عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن گئیں، دو لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ پیسیفک پیلیسیڈز کی سب سے بڑی آگ پر اب تک گیارہ فیصد جبکہ ایٹن کے مقام پر لگنے والی آگ پر ۲۷؍ فیصد قابو پا لیا گیا ہے۔پیسیفک Palisades کا علاقہ آگ سے بری طرح تباہ ہوا ہے، یہ وہ علاقہ ہے جہاں ارب پتی افراد کے گھر ہیں۔ لاس اینجلس میں آئندہ چند دن میں مزید تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔اکتوبر سے اب تک لاس اینجلس میں معمول سے بہت کم بارشیں ہوئی ہیں۔دوسری جانب میکسیکو اور کینیڈا کے بعد یوکرین کی جانب سے بھی لاس اینجلس میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے مدد کی پیشکش کی گئی ہے۔

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button