فری ٹاؤن ، سیرالیون میں ایک تقریب آمین کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ یکم دسمبر ۲۰۲۴ء کو فری ٹاؤن ، سیرالیون کی جماعت جارج بروک میں ایک تقریب آمین منعقد ہوئی۔ پروگرام میں مکرم نیشنل سیکرٹری صاحب تعلیم اور دیگر عمائدین بھی شامل ہوئے۔ تقریب کا اہتمام احمدیہ مسلم مسجد جارج بروک میں کیا گیا تھا۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ تقریب میں شامل مختلف خدام، اطفال اور ناصرات نے احادیث مع ترجمہ اور مختلف موضوعات پر تقاریر (وفات مسیح، حضرت مسیح موعودؑ کی آمد، کرسمس کی حقیقت، حضرت مسیح موعودؑ اور آمین کی تقریبات) پیش کیں۔
تقریب آمین میں ۷؍اطفال اور ۳؍ناصرات نے شرکت کی۔ خاکسار (مبلغ سلسلہ مغربی فری ٹاؤن) نے ان بچوں سے مختلف مقامات سے قرآن کریم سنا جس کے بعد ان اطفال و ناصرات میں اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر خاکسار اور مکرم سیکرٹری صاحب تعلیم نے والدین کو ان کی ذمہ داریوں، بچوں کو روزانہ تلاوت قرآن کریم کرنے اور خلافت احمدیہ کے ساتھ مضبوط تعلق پیدا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ اسی طرح مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ نے ناصرات میں اسناد تقسیم کیں اور روزانہ تلاوت کرنے کی طرف توجہ دلائی۔
اس پروگرام میں ۱۵۰؍احباب نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر تمام حاضرین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: سیرالیون کے ویسٹرن ایریا کے ٹرائبل سربراہان کی جماعتی وفد کے ساتھ ایک ملاقات