خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… غزہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ حماس کے ساتھ یرغمالیوں کے بدلے جنگ بندی کا معاہدہ ہوا ہے، طے پایا تھا کہ حماس رہائی پانے والے یرغمالیوں کی فہرست فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا تھا کہ جب تک یرغمالیوں کی لسٹ نہیں ملتی تب تک معاہدے پر آگے نہیں بڑھ سکتے، اسرائیل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا، حماس نے معاہدے پر عمل نہیں کیا تو اسرائیل دوبارہ جنگ کا حق رکھتا ہے۔لٹے پٹے فلسطینی بچے کھچے سامان کے ساتھ تباہ حال گھروں کو واپسی کے منتظر ہیں، جنگ بندی شروع ہونے سے پہلے اسرائیلی حملوں میں ۳۳؍بچوں سمیت مزید ۱۲۲؍فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔ اسرائیل نے بمباری سے غزہ کی بستیاں ملیا میٹ کردیں، گھر، سکول،کالج اور ہسپتال کھنڈر بن چکے ہیں۔غزہ پر پندرہ ماہ سے مسلط اسرائیلی جنگ میں فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق ہزاروں بچوں اور خواتین سمیت ۴۷؍ہزار ۸۹۹؍فلسطینی شہید ہوئے جب کہ ایک لاکھ دس ہزار سے زائد فلسطینی زخمی اور ہزاروں لاپتا ہیں۔
٭… اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اگر ہمیں پھر لڑنا پڑا تو نئے اور زبردست طریقے سے حملہ کریں گے۔ تل ابیب میں قوم سے خطاب میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ تمام مغویوں کی رہائی تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی ڈیل امریکی صدر جو بائیڈن اور نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تعاون سے ہوئی، ڈیل کے پہلے مرحلے میں جنگ بندی عارضی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی کا دوسرا مرحلہ بے نتیجہ رہا تو جنگ کا دوبارہ آغاز کردیں گے، اگر ہمیں لڑنا پڑا تو نئے اور زبردست طریقے سے پھر حملہ کریں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے ایرانی مزاحمت کو نقصان پہنچایا ہے، آگے بھی پہنچا سکتے ہیں۔
٭… اسرائیلی فوج نے غزہ کے رہائشیوں کو پابندیوں اور سیکیورٹی سے متعلق وارننگ جاری کردی۔ اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز غزہ کے مختلف حصوں میں تعینات رہیں گی، فورسز کے قریب جانا خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ اسرائیلی علاقوں یا خطرناک بفر زون میں داخل ہونا سختی سے منع ہے، فوجی آپریشنز کے باعث نتزارم روڈ پر سفر سے گریز کیا جائے۔اسرائیلی فورسز نے رفع کراسنگ، فلاڈیلفی کوریڈور اور غزہ کوسٹ لائن پر سفر سے بھی گریز کی ہدایت کی ہے۔
٭… امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے صدر جو بائیڈن سے صدارتی معافی کی اپیل کردی۔ برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے اپیل میں کہا ہے کہ جو بائیڈن صدارتی عہدہ چھوڑنے سے پہلے ان کی سزا معاف کردیں۔صدر جو بائیڈن پہلے ہی اپنے بیٹے سمیت ۳۹؍افراد کو صدارتی معافی دے چکے ہیں۔یاد رہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو امریکی عدالت نے ۸۶؍برس قید کی سزا سنائی تھی۔
٭… ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارگریٹ میکلوڈ نے کہا ہے کہ اسرائیل حماس جنگ بندی معاہدہ دیرپا امن کی جانب پہلا قدم ہے، اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی امریکی قانون کے مطابق ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں مارگریٹ میکلوڈ نے کہا کہ شہریوں کی ہلاکتوں کے باوجود اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی امریکی قانون کے مطابق ہے۔اسرائیل ایک فعال جمہوریت ہے جہاں عدالتی نظام موجود ہے، امریکہ نے اسرائیل سے ہمیشہ کہا کہ شہریوں کی ہلاکتیں کم سے کم کرے۔
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن