اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

درخواستہائے دعا

٭…عامر شہزاد عادل صاحب تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۱۶؍جنوری کو خاکسار کے بیٹے عزیزم نبیل احمد جاذب (عمر۱۲؍سال)کی ٹانگ فٹ بال کھیلتے ہوئے فریکچر ہوگئی۔ ڈاکٹر نے ایکسرے کے بعد پلستر چڑھا دیا ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے عزیزم وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے اور پانچویں کلاس کا طالب علم ہے۔

٭… احمد حسین صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے بڑے بھائی محمد یعقوب صاحب (سابق کارکن تحریک جدید) طبیعت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں داخل ہیں۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جملہ مریضان کو جلد صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائےاور ہر قسم کی پیچیدگیوں سے بچائے رکھے۔ آمین

سانحہ ہائے ارتحال

٭… نویدالرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں ہے کہ انعام الحق صاحب ریٹائرڈ معلم وقف جدید جماعت احمدیہ بنگلہ دیش مورخہ ۳؍جنوری ۲۰۲۵ء کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔

پروفیسر ڈاکٹر عبد اللہ شمس بن طارق صاحب نائب نیشنل امیر بنگلہ دیش نے مہارجپور جماعت ضلع ناٹور میں اسی روز مرحوم کی نماز جنازہ پڑھائی اور وہیں آبائی قبر ستان میں تدفین ہوئی۔ مرحوم کے والد کا نام عبد النور صاحب مرحوم اور والدہ کا نام خدیجہ بیگم صاحبہ مرحومہ تھا۔ پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں یادگار چھوڑے ہیں۔

مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ آپ نے ۱۹۹۴ء سے ۲۰۲۰ء تک بطور معلم سلسلہ خدمت سرانجام دینے کی توفیق پائی۔ ۸؍اکتوبر ۱۹۹۹ء کو جماعت احمدیہ کھُلنا کی مسجد میں جمعہ کے روز خطبہ جمعہ کے دوران ٹائم بم دھماکا ہوا تھا جس میں سات احمدی شہید ہوئے تھے۔ ا س بم دھماکا میں مرحوم زخمی ہوئے تھے۔ بائیں کان کی شنوائی بالکل خراب ہو گئی تھی۔ بائیں جانب کمر پر بھی زخم آئے تھے اور بم کے ذرّات اندر رہ گئے تھے۔

٭… عمران ارشد صاحب کیلگری، کینیڈا سے لکھتے ہیں کہ خاکسار کے والد محمد ارشد قمر صاحب ابن حافظ محمد عبداللہ صاحب مرحوم (بچیکی، ضلع شیخوپورہ) مورخہ ۶؍جنوری ۲۰۲۵ء کو ایک مختصر علالت کے بعد کیلگری، کینیڈا میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ

مرحوم پیدائشی احمدی اور موصی تھے۔ بوقت وفات آپ کی عمر ۸۴؍ برس تھی۔ ہمارے بھائی کامران ارشد صاحب شہید دارالذکر لاہور نے۲۸؍مئی ۲۰۱۰ء کو جماعت احمدیہ کی خدمت کرتے ہوئے اپنی زندگی اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربان کی۔ مظفر احمد صاحب شہید ابن مولانا محمد ابراہیم صاحب، درویش قادیان ہمارے ماموں تھے اور اسی طرح مکرم پروفیسر عبدالودود صاحب شہید ہمارے بہنوئی تھے۔ گو یوں سانحۂ لاہور ۲۰۱۰ء میں تین شہادتیں ہمارے خاندان کے حصہ میں آئیں۔ مکرم مولانا عبدالرشید رازی صاحب سابق مبلغ سلسلہ احمدیہ (گھانا، تنزانیہ، فجی اور آئیوری کوسٹ) ابو کے تایا زاد بھائی اور بہنوئی تھے۔ اس طرح ہمارے خاندان کو اکثر جماعت کی خدمت کی توفیق ملتی رہی ہے۔

مرحوم کو ساری زندگی جماعت احمدیہ کی خدمت کی توفیق ملتی رہی۔ آپ نے ۲۲؍سال کا طویل عرصہ حلقہ دارالذکر لاہور میں بطور سیکرٹری مال خدمت کی توفیق پائی۔ ۲۰۰۰ء میں کینیڈا آنے کے بعد آپ نے اپنی خدمات جماعت کو پیش کیں اور چار سال کا عرصہ بطور سیکرٹری مال مِسس ساگا جماعت مثالی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم خلافت احمدیہ کے سچے عاشق، دعاگو، بہترین خاوند، بہترین باپ اورہر کسی کے ساتھ حُسنِ اخلاق کے ساتھ پیش آنے والے ہر دلعزیز وجود تھے۔

مرحوم کی نمازجنازہ ۱۰؍جنوری بروز جمعۃ المبارک بیت الحمد،مِسسی ساگا میں بعد از نماز جمعہ ادا کی گئی جس میں کثیر تعداد میں احباب جماعت نے شرکت کی۔ آپ کی خواہش کے مطابق بریمپٹن میموریل گارڈنز میں آپ کی تدفین عمل میں لائی گئی۔

ابو کی اچانک وفات سے ہماری زندگیوں میں ایک ایسا خلا پیدا ہو گیا ہے جس کا پُر کرنا ناممکن ہے۔ آپ کے پسماندگان میں والدہ(بشریٰ ارشد صاحبہ)، چار بیٹے (عامر عبداللہ، عمران ارشد، لقمان ارشد، نعمان ارشد)، بیٹی (ریحانہ غزل) اور تین بھائی (اکرم اخترصاحب، لندن یوکے، مبشر احمد اشرف صاحب، مِسس ساگا، کینیڈا، ڈاکٹر طاہر احمد صاحب، سکاٹ لینڈ) شامل ہیں۔

احباب جماعت کی خدمت میں خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کے ساتھ رحمت و مغفرت کا سلوک فرمائے، ان کے درجات ہمیشہ بلند سے بلندتر کرتا چلا جائے اور آپ کی نیکیاں آپ کی نسل میں تا قیامت جاری رکھے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button