لجنہ اماءاللہ گیمبیا کی مجلس شوریٰ اور انیسویں(۱۹) نیشنل سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء کا انعقاد
مکرمہ فاٹو ماٹا باہ صاحبہ نیشنل سیکرٹری تعلیم لجنہ اماء اللہ گیمبیا تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ گیمبیا کو اپنا انیسواں نیشنل اجتماع مورخہ ۲۰ تا ۲۳؍دسمبر ۲۰۲۴ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمد للہ

یہ اجتماع دارالحکومت بانجل/کومبو میں موجود جماعتی سکول نصرت سینئر سیکنڈری سکول میں ہوا۔ امسال اجتماع کا مرکزی موضوع ’’آج کے معاشرے میں اخلاقی اقدار کی ترقی‘‘ تھا۔
ایک طرح سے اس اجتماع کا آغاز شوریٰ کی صورت میں جمعرات کو ہی ہوگیا تھا۔ چنانچہ جمعرات کو بعد از نماز عصر لجنہ اماء اللہ کی نیشنل مجلس شوریٰ کا اجلاس ہوا جس میں صدر صاحبہ لجنہ مکرمہ مریم جاٹا صاحبہ، نیشنل عاملہ کی ممبرات، ریجنل صدرات کے علاوہ دیگر نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
اجتماع کا باقاعدہ آغاز جمعہ کے روز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے براہ راست خطبہ جمعہ سے ہوا جو کہ شرکاء نے ہال میں سنا۔ اس کے بعد نماز جمعہ وعصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔
اجتماع کے پہلے اجلاس کی صدارت نیشنل صدر صاحبہ نے کی۔ آپ نے پرچم کشائی کی تقریب کی قیادت کی اور دعا کرائی۔ چار بجے سہ پہراجلاس شروع ہوا۔تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد صدر صاحبہ نے تمام ممبرات کو خوش آمدید کہا اور جماعتی پروگراموں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ہفتہ کے روز دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد وقفہ برائے آرام اور ناشتہ ہوا۔ دوسرے دن کے اجلاس کی صدارت مکرمہ موسکیبا جارجو صاحبہ نے کی۔ تین روزہ اجتماع کے دوران مختلف تقاریر، عربی قصیدہ اور دروس ہوئے جن میں خاص طور پر تربیتی موضوعات کو چنا گیا۔ بروز ہفتہ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات کے درمیان بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینے کے لیے متعدد علمی اور ورزشی مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس کےعلاوہ بعد از نماز مغرب و عشاء جماعتی ڈاکومنٹریز بھی دکھائی گئیںجو سب کے علم میں اضافہ کا باعث بنیں۔
اتوار کی صبح اجتماع کے اختتامی اجلاس کی صدارت صدر صاحبہ نے کی۔ اس میں مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیاکا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ بعدازاں مقابلوں میں پوزیشن لینے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کو انعامات دیے گئے۔
صدر صاحبہ نے آخر پر اجتماعی دعاکرائی جس کے بعد شامل خواتین اور بچیوں نے اپنے علاقوں کی طرف واپسی کی تیاری شروع کی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس اجتماع میں ۳۳۹؍سے زائد افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ گھانا کے صد سالہ تاریخی اکانوےویں(۹۱)جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا کامیاب و بابرکت انعقاد