نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۵؍جنوری ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم منور احمد ناصر صاحب ابن مکرم ناصر احمد صاحب (Ash۔یوکے)کی نماز جنازہ حاضر اور پانچ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم منور احمد ناصر صاحب ابن مکرم ناصر احمد صاحب (Ash۔یوکے)

22؍جنوری 2025ء کو 65 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کا تعلق سری لنکا سے تھا۔ آپ سری لنکا کے پہلے احمدی امام مکرم عبدالماجد صاحب مرحوم کے پوتے اور مکرم مولانا محمد عمر صاحب مرحوم (سابق نائب ناظر اعلیٰ وناظر اصلاح وارشاد قادیان) کے داماد تھے۔ سری لنکا میں جماعت کی مخالفت اور پرسیکیوشن کی وجہ سے 1982ء میں سوئٹزرلینڈ چلے گئے اور وہاں لوکل اور نیشنل سطح پر خدمت کی توفیق پائی۔ 2004ء میں یوکے آگئے اور مسجد فضل کے قریب رہائش اختیار کی۔ آپ لمبے عرصہ سے دفتر پرائیویٹ سیکرٹری کی ڈاک ٹیم میں تامل، ملیالم اور سنہالی زبان کے خطوط کا ترجمہ اور جوابات تیارکرنے کی خدمت بجالا رہے تھے۔ آپ کی آواز بلند اور اچھی تھی۔ اس لیے کئی دفعہ جمعہ پر بھی اذان دینے کی توفیق پائی۔ مرحوم نماز اور روزہ کے پابند، تہجدگزار، ہمدرد، ملنسار، خوش مزاج، نیک اور مخلص انسان تھے۔ چندوں میں باقاعدہ تھے اور مالی قربانی کے لیے ہر وقت تیار رہتے تھے۔ اپنے اہل خانہ اور حلقہ احباب میں خلافت کے ساتھ پختہ تعلق قائم کرنے کی تلقین کرتے رہتے تھے۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔ مکرمہ ارشاد سعید صاحبہ اہلیہ مکرم سعید احمد عابد صاحب (جرمنی)

7؍جنوری 2025ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، مہمان نواز، نرم مزاج، غریب پرور، بڑی صابرہ وشاکرہ، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ چندوں کی ادائیگی میں بڑی باقاعدہ تھیں۔ اپنا سارا زیور سو مساجد سکیم میں پیش کرنے کی بھی توفیق پائی۔آپ نے مقامی طور پر لجنہ میں لمبا عرصہ سیکرٹری مال کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ تبلیغ کا بہت شوق تھا اور باقاعدگی سے تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لیا کرتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں۔

۲۔مکرمہ شاہدہ نورین صاحبہ اہلیہ مکرم خواجہ نصیر احمد صاحب (کینیڈا)

8؍دسمبر2024ء کو 69سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت شادی خان صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نواسی تھیں۔ مرحومہ کو گوجرانوالہ میں لوکل صدر لجنہ اور سیکرٹری مال کے طور پر خدمت کی توفیق ملی۔ مرحومہ پابند صوم و صلوٰۃ، بڑی حلیم طبع، ضرورت مندوں کی دل کھول کر مدد کرنے والی ایک مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ 5بیٹیاں شامل ہیں۔

۳۔مکرم اسد اللہ شاداب کرم علی صاحب ابن مکرم لطف اللہ کرم علی صاحب (سکندر آباد صوبہ تلنگانہ انڈیا)

30؍ستمبر2024ء کو 56سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کا تعلق حیدرآباد کے پرانے احمدی خاندان سے تھا۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، غریب پرور، دیندار، نیک اور مخلص انسان تھے۔ جماعتی پروگراموں میں باقاعدہ حاضر ہوا کرتے تھے۔ آپ کومقامی جماعت میں بطور سیکرٹری تحریک جدید خدمت کا موقع ملا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے شامل ہیں۔

۴۔مکرمہ Helena Henderikx صاحبہ اہلیہ مکرم KT Tjoa صاحب (بیلجیم)

2؍جنوری 2025ء کو94سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ بیلج نیشنل تھیں اور 2006ء میں بیعت کرکے جماعت میں شمولیت اختیار کی تھی۔ نماز وں کی پابند، تہجد گزار، خلافت سے بے پناہ محبت اور وفا کا تعلق رکھنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔

۵۔عزیزم عفان احمد ابن مکرم لقمان احمد صاحب (نیپال)

25؍نومبر2024ء کو 9سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگیا۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل تھا۔ بہت ہی ذہین بچہ تھا اور اطفال الاحمدیہ کے پروگراموں میں جوش و خروش سے حصہ لیتا تھا۔ امسال اکتوبر میں ہونے والے نیشنل اجتماع اطفال الاحمدیہ میں اپنے گروپ کے تمام علمی مقابلوں میں اول پوزیشن حاصل کی تھی۔ اپنی بیماری کے ایام میں بار بار کہتا تھا کہ حضور انور کے دفتر میں فون کر کے میرے لیے دعا کا پیغام لکھوائیں کہ حضور میرے لیے دعا فرمائیں۔ مرحوم کی والدہ مکرمہ رضوانہ لقمان صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ نیپال کے طورپر خدمت کی توفیق پارہی ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button