خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ ۲۸؍فروری ۲۰۲۵ء کے آخری حصے میں رمضان کے حوالے سے دعاؤں کی تحریک فرمائی۔ تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو الفضل انٹرنیشنل کا شمارہ ۳؍مارچ۲۰۲۵ء کا صفحہ اول۔
٭… اللہ تعالیٰ کے فضل سے دنیا بھر میں رمضان المبارک کا آغاز ہو گیا ہے۔ مکہ، مدینہ سمیت کچھ ممالک میں ۲۸؍فروری کی شام یکم رمضان کا چاند نظر آیا، جبکہ قادیان، ربوہ اور اسلام آباد (یوکے) سمیت باقی مسلم دنیا نے ۲؍مارچ کو رمضان کا آغاز کیا۔
٭… حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران زائرین کے استقبال کے لیے مکمل تیاری کر لی۔ مسجد الحرام میں ۵۶؍لاکھ افطار پیکٹس کی تقسیم کا انتظام کیا گیا ہے۔ زائرین کی سہولت کے لیے لأٹس، برقی زینے، ۱۹۴؍لفٹس اور ۹؍ہزار سے زائد وضو خانے تیارکیےگئے ہیں۔
٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کشیدگی کے بعد یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی کا پہلا بیان سامنے آیا، جس میں انہوں نے امریکہ سے یوکرین کی حمایت میں مضبوط موقف اختیار کرنے کی اپیل کی۔ وائٹ ہاؤس میں زیلنسکی، ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔زیلنسکی نے سیکیورٹی ضمانتوں کے بغیر کسی معاہدے کو خطرناک قرار دیا جبکہ ٹرمپ نے ان پر ’’حد سے زیادہ مطالبات‘‘ کا الزام لگایا۔
٭… یمن میں انسداد ملیریا کے لیے سعودی شاہ سلمان ریلیف سینٹر نے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ بارہ ملین ڈالر کے تعاون کا معاہدہ کر لیا۔ اس منصوبے کے تحت تیرہ لاکھ مچھر دانیاں اور پانچ لاکھ گھروں کے لیے انسداد ملیریا اسپرے فراہم کیا جائے گا۔
٭… اسرائیل نے جنگ بندی معاہدہ ختم ہوتے ہی غزہ میں امداد اور سامان کی ترسیل روک دی۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اگر حماس نے امریکہ کی تجویز کردہ جنگ بندی میں توسیع قبول نہ کی تو مزید نتائج کا سامناکرناپڑےگا۔
٭… ناروے کی آئل و شپنگ کمپنی ہالٹ بیک بنکرز نے امریکی صدر کے رویے کے خلاف احتجاجاً امریکی افواج کو ایندھن کی سپلائی روکنے کا اعلان کر دیا۔ کمپنی کے مالک گنر گران نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ یوکرینی صدر نے تحمل کا مظاہرہ کیا، جبکہ امریکہ نے پیٹھ میں چھرا گھونپا۔ کمپنی نے ۲۰۲۴ء میں امریکی افواج کو ۳۰؍لاکھ لیٹر ایندھن فراہم کیا تھا، مگر اب ناروے کی بندرگاہ سے تیل کی فراہمی بندکردی گئی ہے۔
٭… پوپ فرانسس کی طبیعت مزید بگڑنے پر انہیں وینٹیلیٹر پر منتقل کر دیا گیا۔ ویٹی کن کے مطابق ۸۸؍سالہ پوپ کو سانس لینے میں دشواری، کھانسی اور قے کی شکایات ہیں، تاہم وہ ہوش و حواس میں ہیں۔ ڈاکٹروں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو ہفتے سے زائد علاج کے باوجود صحت میں بہتری نہ آناباعثِ فکرہے۔
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن