حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… جرمنی میں وفاقی الیکشن کے ایک ہفتے بعد شمالی صوبے ہیمبرگ میں انتخابات ہو رہے ہیں۔ رائے عامہ کے مطابق حالیہ وفاقی انتخابات میں شکست کھانے والی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) یہاں جیت سکتی ہے۔ ہیمبرگ جرمنی کے سولہ وفاقی صوبوں میں شامل تین ’’سٹی اسٹیٹس‘‘ میں سے ایک ہے، جن میں برلن، ہیمبرگ اور بریمن شامل ہیں۔ ہیمبرگ میں ووٹنگ صبح ۸؍بجے شروع ہوئی اور شام ۶؍بجے تک جاری رہے گی۔ یہ انتخابات ۲۰۲۵ء میں کسی بھی جرمن ریاست میں ہونے والے پہلے اور آخری صوبائی انتخابات ہیں۔ یہاں ۱۲۱؍اراکین پارلیمان منتخب کیے جائیں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ہیمبرگ کے انتخابات وفاقی سیاست پر اثر ڈال سکتے ہیں، کیونکہ یورپ میں اس وقت مستحکم قیادت کی تلاش جاری ہے۔

٭… کئی دہائیوں بعد بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان براہ راست تجارت بحال ہو گئی ہے۔ ڈھاکہ حکام کے مطابق پاکستان سے پچاس ہزار ٹن چاول براہ راست چٹاگانگ پہنچایا جا رہا ہے۔ اس سے قبل پاکستانی چاول سری لنکا، ملائیشیا، یا سنگاپور کے راستے آتا تھا۔ بنگلہ دیش کی وزارت خوراک کے اہلکار ضیاء الدین احمد نے کہاکہ ’’یہ دونوں ممالک کے درمیان پہلا حکومتی معاہدہ ہے، اور ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں تجارت مزید بڑھے گی۔‘‘پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق تجارتی تعلقات کی بحالی سے دونوں ممالک کے اقتصادی حالات بہتر ہوں گے، خاص طور پر بنگلہ دیش جو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث زرعی مسائل کا شکار ہے۔

٭… جرمنی میں ۲۰۲۴ءکے دوران ریلوے اسٹیشنوں پر پُرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا، اور برلن سینٹرل اسٹیشن ملک بھر میں سب سے زیادہ متاثرہ مقام رہا۔ وفاقی پولیس کے مطابق یہاں ۷۶۴؍پُرتشدد جرائم رپورٹ ہوئے، جبکہ ۲۰۲۳ءمیں یہ تعداد ۶۲۰؍تھی۔ دوسرے نمبر پر ڈورٹمنڈ کا ریلوے اسٹیشن رہا، جہاں ۷۳۵؍جرائم ریکارڈ کیے گئے، جبکہ تیسرے نمبر پر ہینوور کا مرکزی اسٹیشن تھا۔ جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت اےایف ڈی نے حکومت سے سوال کیا تھا، جس کے جواب میں یہ تفصیلات سامنے آئیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مہاجرین کے خلاف نفرت انگیزی میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان حملوں میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

٭… اسرائیل نے غزہ کے لیے اشیائے ضروریہ کی ترسیل معطل کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر حماس نے جنگ بندی میں توسیع نہ کی تو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر کے مطابق اسرائیل غزہ میں کسی بھی قسم کی اشیائے ضرورت کا داخلہ بند کر رہا ہے، جب تک کہ ہمارے یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا جاتا۔

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button