سپورٹس بلیٹن
آئی سی سی چیمپئنزٹرافی : آئی سی سی چیمپئنزٹرافی ۲۰۲۵ءمیں بھارت نے نیوزی لینڈکوچاروکٹوں سے شکست دے کرتیسری مرتبہ ٹائیٹل اپنے نام کرلیا۔۹؍مارچ کودبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آخری معرکہ میں کیوی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلےبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں بھارتی ٹیم نے لگاتارپندرھویں مرتبہ ٹاس ہارا۔
نیوزی لینڈکی طرف سے بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی راچن رویندرا(Rachin Ravindra) نے اپنی ٹیم کواچھا آغازفراہم کیا تاہم دبئی کی خشک اوردھیمی pitchپربھارتی سپنرزکے آتے ہی نیوزی لینڈکے ابتدائی تین بلے بازیکے بعد دیگرےآؤٹ ہوگئے۔ جس کے بعدآسانی سے رنزبنانا مشکل ہوتا چلاگیا۔ڈیرل مچل (Daryl Mitchell) نے ۱۰۱؍گیندوں پر ۶۳؍رنزبناکر اپنی ٹیم کوسہارا دیا اور مقررہ ۵۰؍اوورز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ۲۵۱؍رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ مائیکل بریسوَیل (Micheal Bracewell)نے ۴۰؍گیندوں پر۵۳؍رنزکی اہم اننگزکھیلی اورناٹ آؤٹ رہے۔بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو(Kuldeep Yadav)اوروارن چکرورتھی (Varun Chakravarthy)نے ۲،۲؍کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی کپتان روہت شرما (Rohit Sharma) نے جارحانہ آغازکیااور بھارت نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ۱۰۵رنزجوڑے۔بعدازاں کیوی ٹیم تھوڑے وقت میں تین وکٹیں چٹکاکرمیچ میں واپس ضرورآئی لیکن شریاس آئیر(Shreyas Iyer)، اکشرپٹیل (Axar Patel)اورکے ایل راہول (KL Rahul)کی ذمہ دارانہ بلے بازی نے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔روہت شرما کو ۷۶؍رنزکی اہم باری کھیلنے پر فائنل کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا جبکہ نیوزی لینڈکے آل راؤنڈر راچن رویندرا چار میچز میں ۲۶۳؍رنزاورتین وکٹیں حاصل کرنے پرٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
بھارتی ٹیم نے اپنے تمام میچز دبئی کے میدان پرکھیلے اورٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی۔یادرہے کہ آئی سی سی چیمپئنزٹرافی ۲۰۲۵ءکی میزبانی پاکستان کے پاس تھی لیکن بھارتی کرکٹ بورڈنے اپنی ٹیم کو پاکستان بھجوانے سے انکار کیا۔ایک ہی میدان پرپانچ میچزکھیلنے کی وجہ سے کرکٹ ماہرین کا خیال ہے کہ بھارتی ٹیم کوغیرمنصفانہ طورپرفائدہ ہوا،بھارتی ٹیم کودورانِ ٹورنامنٹ سفر کی تھکان کا بھی کوئی مسئلہ درپیش نہ آیا جبکہ فائنل میں مدمقابل آنے والی کیوی ٹیم کو چیمپئنزٹرافی کے دوران کراچی، راولپنڈی،لاہور اوردبئی کے درمیان ۷۰۰۰؍کلومیٹرسے زائدفاصلہ طے کرناپڑا۔
فائنل کی اختتامی تقریب میں میزبان ملک پاکستان کا کوئی نمائندہ اسٹیج پر موجود نہ تھا جس پرمختلف حلقوں سے کافی تشویش کا اظہارکیا جارہا ہے۔بہرحال تمام ترمسائل اورتنازعات کے بعد آئی سی سی چیمپئنزٹرافی کانواں ایڈیشن اپنے اختتام کو پہنچااوربھارتی ٹیم تیسری مرتبہ چیمپئن بنی۔ بھارتی کرکٹ ٹیم گزشتہ تین آئی سی سی ایونٹس یعنی ایک روزہ ورلڈکپ ۲۰۲۳ء،ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ ۲۰۲۴ء اورچیمپئنزٹرافی ۲۰۲۵ء میں اپنے ۲۴؍میچزمیں سے ۲۳میں فاتح رہی ہے۔
فٹبال:گذشتہ ہفتہ کھیلے گئےUEFAچیمپئنزلیگ کے راؤنڈآف ۱۶؍کے پہلے legکے میچزمیں ریال میڈرڈنے ایٹلیٹکومیڈرڈ کےخلاف ۲۔۱؍سےکامیابی حاصل کی۔فاتح ٹیم کی جانب سے RodrygoاورBrahim Diazنے گول اسکورکیے۔ انگلش کلب آرسنل نے نیدرلینڈزکے کلب PSVکوایک کےمقابلہ میں سات گول سے ہرایا۔دیگرمیچزمیں جرمن کلب بائرن میونخ نےلیوَرکیوسن کو۳۔صفر سے شکست دی جبکہ بارسلونا نے Benficaکواورلیورپول نے PSGکوایک گول سے ہرایا۔راؤنڈآف ۱۶؍میں دوسرے leg کے میچز۱۱ اور۱۲؍مارچ کو ہوں گے۔
انگلش پریمیئرلیگ میں لیورپول نے ساؤتھ ہیمپٹن کوا یک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔مصری کھلاڑی محمدصلاح نے پنلٹی شوٹس پردو گول داغے۔رواں سیزن میں لیورپول کی ٹیم ۲۹؍میچزمیں ۷۰؍پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہے اورمحمدصلاح مجموعی طورپر۲۷؍گول کرکے ٹاپ سکورر ہیں۔دیگرمقابلوں میں مانچسٹرسٹی کو ناٹنگھم فاریسٹ کے ہاتھوں ۱۔صفر سے ہارکا سامنا کرناپڑا۔چیلسی نے لیسٹرسٹی کے خلاف کامیابی حاصل کی جبکہ مانچسٹریونائیٹڈاورآرسنل کا مقابلہ ایک ایک گول کی برابری پرختم ہوا۔
(ن م طاہر)
مزید پڑھیں: خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)