امریکہ (رپورٹس)

ورجینیا، امریکہ کی مسجد مسرور میں جلسہ سیرۃ النبیﷺ کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ، مجلس انصاراللہ اور لجنہ اماءاللہ امریکہ کو جماعت ساؤتھ ورجینیا کے ممبران کے لیے مسجد مسرور میںمورخہ ۱۶؍فروری ۲۰۲۵ءکو جلسہ سیرۃ النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس بابرکت جلسہ میں ۴۱۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی جن میں انصار، خدام، اطفال نیز لجنہ اماءاللہ، ناصرات اور بچے شامل تھے۔

ماہ رمضان کی آمد کے پیش نظر اس بابرکت جلسے کا مقصد حاضرین میں نماز، عبادات اور قرآن کریم کی تعلیمات کو مزید اجاگر کرنا تھا تاکہ وہ رسول کریمﷺ کی سیرت طیبہ سے روشنی حاصل کر سکیں۔

جلسے کا آغاز تلاوت و نظم سے ہوا جس کے بعد مکرم ذیشان احمد صاحب قائد مجلس نے اپنے افتتاحی کلمات میں آنحضرتﷺ کی اللہ تعالیٰ سے محبت اور عبادت میں بےمثال شغف کو اجاگر کیا۔

جلسے میں تمام ذیلی تنظیموں کے نمائندگان نے درج ذیل موضوعات پر تقاریر کیں جبکہ ناصرات الاحمدیہ نے ایک خوبصورت قصیدہ پیش کیا: ’’آنحضرتﷺ اور وضو کی تاکید‘‘ از عزیزم بلال حشمت، ’’آنحضرتﷺ کی عبادت میں محویت‘‘ از مکرم حافظ اسیداللہ ورک صاحب اور ’’آنحضرتﷺ کی قرآن کریم کے ساتھ محبت‘‘از مکرم نعیم ارشد صاحب۔ اس کے بعد خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے اپنی تقریر میں آنحضرتﷺ کے مختلف نمایاں اوصاف بیان کیے جن میں آپؐ کی عبادت میں محویت، بے مثال سخاوت اور ہر ایک سے حسن سلوک جیسے اوصاف شامل تھے۔

بعدازاں مکرم بشیر احمد صاحب زعیم مجلس انصاراللہ نے اپنے اختتامی کلمات میں حاضرین کو آنحضورﷺ کی بابرکت ذات کے خلاف چند جھوٹے الزامات کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ ہم سب پر لازم ہے کہ ہم آنحضرتﷺ کے بلند مقام کا دفاع کریں۔

اس بابرکت جلسے کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔

(رپورٹ: شمشاد احمد ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: برازیل میں منعقدہ G20کی ایک میٹنگ میں جماعت احمدیہ کی نمائندگی

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button