آسٹریا میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ آسٹریا کو مورخہ ۲۲؍فروری ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ نیشنل سطح پر آن لائن جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس کے علاوہ مختلف لوکل جماعتوں میں بھی اجلاسات کا انعقاد کیا گیا۔
مرکزی جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد ایم ٹی اے کی تیار کردہ ایک ویڈیو ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس میں پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر، پیشگوئی کے الفاظ اور اسلام کو درپیش چیلنجز کا ذکر کیا گیا تھا۔
مکرم محمد اشرف ضیاء صاحب مبلغ انچارج و نیشنل صدر جماعت احمدیہ آسٹریا نے حضرت مصلح موعودؓ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اجلاس کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔ یہ پروگرام تقریباً ایک گھنٹہ بیس منٹ تک جاری رہا اور اس میں جرمن اور انگریزی زبان میں رواں ترجمہ کی سہولت بھی میسر تھی۔ اس جلسہ میں ۲۰۰؍سے زائد احباب نے شرکت کی۔ الحمدللہ
لوکل جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا انعقاد
سالزبرگ: مکرم وسیم احمد بھٹی صاحب صدر جماعت احمدیہ سالزبرگ تحریر کرتے ہیں کہ جماعت سالزبرگ کو مورخہ ۱۶؍فروری کو نماز سینٹر سالزبرگ میں جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم طارق محمودصاحب، عزیزم جاذب احمد اور خاکسار نے تقاریر کیں۔ جلسہ کے اختتام پر ریفریشمنٹ کا انتظام تھا۔ اس جلسہ میں ۲۳؍احباب شامل ہوئے۔
فورالبرگ: مکرم محمد ناصر کلا صاحب صدر جماعت احمدیہ فورالبرگ لکھتے ہیں کہ مورخہ ۲۲؍فروری کو نماز سینٹر فورالبرگ میں جلسہ یوم مصلح موعود منعقد ہوا۔ تلاوت اور نظم کے بعد صدر جماعت نے حضرت مصلح موعودؓ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین کی تواضع کھانے سے کی گئی۔ جلسہ میں ۱۸؍احباب نے شرکت کی۔
لِنز: مکرم نبیل احمد صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ جماعت لِنز کا جلسہ یوم مصلح موعود مورخہ ۲۳؍فروری کو نماز سینٹر لِنز میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد تقاریر ہوئیں۔ جلسہ کے اختتام پر شاملین کی تواضع کھانے سے کی گئی۔
گراز: مکرم منیب احمد ادریس صاحب صدر جماعت احمدیہ گراز لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گراز کو مورخہ ۲۲؍ فروری کو جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد جلسہ کا آغاز خاکسار کی صدارت میں ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم سید ناصر شہزاد صاحب نے پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر پیش کیا۔ ان کے علاوہ مقررین میں مکرم محمد امجد باجوہ صاحب اور خاکسار شامل تھے۔ اجلاس کے اختتام پر کھانے کا انتظام کیا گیا۔ اس جلسہ میں ۱۴؍احباب نے شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ ان تمام جلسہ جات کو بابرکت فرمائے اور احباب جماعت کو خلافت احمدیہ سے وابستہ رہتے ہوئے حضرت مصلح موعودؓ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: کبابیر میں یوم مصلح موعود کے حوالے سے سرگرمیاں اور وقف نو کے نویں (۹) سالانہ اجتماع کا انعقاد