عید کا دن ذکر الٰہی اور اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا میں صَرف کرنا چاہیے
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں : ’’عید کے ضمن میں بھی مَیں ایک دو اَور باتیں بھی کرنا چاہتا ہوں۔ ایک حدیث ہے۔ روایت میں آتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اپنی عیدوں کو خدا کی کبریائی بیان کرتے ہوئے سجاؤ۔(کنز العمال جزء8 صفحہ546 باب صلاۃ عید الفطر حدیث24094 مؤسسۃ الرسالۃ بیروت 1985ء) ایک اَور روایت میں ہے کہ آپؐ نے فرمایا کہ تکبیر و تحلیل اور حمد و ثنا کرتے ہوئے اور خدا کی تقدیس ظاہر کرتے ہوئے اپنی عیدوں کو زینت بخشو۔(کنز العمال جزء8 صفحہ546 باب صلاۃ عید الفطر حدیث24095 مؤسسۃ الرسالۃ بیروت 1985ء)تو عید کا دن صرف اچھے کپڑے پہن کر اچھے کھانے کھا کر گزارنے کا نام نہیں ہے بلکہ عید کے لیے عید گاہ میں آتے جاتے اور سارا دن بھی ذکرالٰہی اور اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا میں صَرف کرنا چاہیے۔ نمازوں کا بھی باقاعدہ خیال رکھنا چاہیے۔ نمازوں کی حاضری کی طرف بھی توجہ دینی چاہیے۔ جس طرح رمضان میں ہوتی رہی ہے۔‘‘
(خطبہ عید الفطر ۱۴؍نومبر۲۰۰۴ء مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل۲۵؍جنوری ۲۰۲۲ء)
مزید پڑھیں: دعاؤں اور صدقات کا آپس میں بڑا گہرا تعلق ہے