افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ گنی بساؤ کے چودھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا کامیاب انعقاد

(زاہد احمد بھٹی۔ مربّی سلسلہ گنی بساؤ)

٭… نماز تہجد، پنجوقتہ نمازوں اور دروس کا اہتمام

٭… دینی و روحانی موضوعات پر علمائے سلسلہ کی تقاریر

٭…چھ ہزار سے زائد احباب کی شمولیت

٭… ایم ٹی اے کے ذریعے جلسہ سالانہ قادیان میں شمولیت اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا بصیرت افروز اختتامی خطاب

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ کو اپنا چودھواں جلسہ سالانہ مورخہ ۲۷تا ۲۹؍دسمبر۲۰۲۴ء کو دارالحکومت بساؤ میں جماعت کی زمین ’’ربوہ‘‘ پر منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔

جلسہ کی تیاریوں کا سلسلہ تقریباً دو ماہ قبل شروع ہو گیا تھا۔ خدام، اطفال اور دیگر احباب جماعت نے وقار عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور جلسہ کے انتظامات کو احسن طریق پر مکمل کیا۔

پہلا دن

۲۷؍ دسمبر بروز جمعۃ المبارک: جلسہ کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن کا اہتمام کیا گیا۔ دوپہر کو تمام شاملین نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہِ راست خطبہ جمعہ سنا۔

شام ساڑھے چار بجے تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس میں مکرم محمد احسن میمن صاحب مبلغ انچارج نے لوائے احمدیت جبکہ گورنر آف اویو ریجن لامین صاحب نے قومی پرچم لہرایا۔ دعا کے بعد جماعتی نمائش کا افتتاح کیا گیا۔

جلسہ سالانہ کا پہلا اجلاس مکرم مبلغ انچارج صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوتِ قرآن کریم اور نظم کے بعد مختلف معزز مہمانان نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ مہمانوں میں مختلف علاقوں کے ایڈمنسٹریٹرز، گورنرز، امام مساجد اور مقامی چیف شامل تھے۔ انہوں نے جماعت کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر اجلاس نے حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں جلسے کے مقاصد اور علمی و روحانی ترقی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

مغرب و عشاء کی نمازوں کے بعد استاد ابوبکر بالدے صاحب نے درس القرآن دیا اور پھر سوال و جواب کی مجلس کا انعقاد کیا گیا۔

دوسرا دن

۲۸؍دسمبر بروز ہفتہ: جلسے کے دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد استاد عمر انبالو صاحب نے درس قرآن پیش کیا۔ دوسرا اجلاس مکرم گیلاجے ایمبالو صاحب صدر جماعت احمدیہ گنی بساؤ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت اور نظم کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’صلوٰۃ کی اہمیت‘‘ از استاد محمد سنیا کو صاحب، ’’برکات خلافت‘‘ از مکرم مشہود احمد جلو صاحب اور ترانہ کے بعد ’’مالی قربانی کی اہمیت‘‘ از خاکسار (مبلغ سلسلہ)۔

نماز ظہر و عصر کے بعد تیسرے اجلاس کا انعقاد مبلغ انچارج صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت اور نظم کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’آمد مسیح‘‘ از استاد احمد دمبل صاحب، ’’نظام جماعت اور تربیت‘‘ از استاد یوسف صاحب اور ’’جلسہ کی برکات اور امام مہدی علیہ السلام کی دعاؤں کے وارث بننے کے طریقے‘‘ از مبلغ انچارج صاحب۔

نماز مغرب و عشاء کے بعد استاد ابراہیم بالد صاحب نے اسلام میں عورت کے حقوق پر درس دیا۔ بعد ازاں سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی جس میں شاملین نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

تیسرا دن

۲۹؍دسمبر بروز اتوار: تیسرے دن کا آغاز بھی نمازتہجد، نماز فجر و درس قرآن مجید سے کیا گیا۔ اس روز گنی بساؤ کو بھی دیگر ممالک کے ساتھ ایم ٹی اے کے ذریعے جلسہ سالانہ قادیان میں شامل ہونے کی توفیق ملی جس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اختتامی خطاب ارشاد فرمایا۔ یہ اختتامی اجلاس مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے شروع ہوا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب کے دوران مقامی زبان کریول میں خطاب کا ترجمہ ساتھ ساتھ پیش کیا جاتا رہا۔ تمام شاملین جلسہ اختتامی دعا میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ شامل ہوئے۔ دعا کے بعد خدام نے جوش و خروش سے قصائد اور ترانے پیش کیے۔

شمولیت اور کوریج

الحمدللہ، امسال جلسہ سالانہ میں چھ ہزار سے زائد افراد کو شرکت کی توفیق ملی۔

جلسہ سالانہ کی کارروائی نیشنل ٹی وی، گیمبیا کے اخبارات اور ٹی وی چینلز نے ریکارڈ کی۔ مزید برآں تین ریڈیو چینلز نے بھی جلسے کی خبریں نشر کیں۔ جلسہ کو یوٹیوب، فیس بک اور انسٹاگرام پر براہ راست بھی نشر کیا گیا جبکہ مختلف کلپس اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں۔

یہ جلسہ سالانہ اللہ تعالیٰ کے فضلوں اور برکتوں سے بھرپور رہا۔ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کو دن دگنی رات چوگنی ترقیات عطا فرمائے اور ہم سب کو خلافت احمدیہ کی دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: کبابیر میں یوم مصلح موعود کے حوالے سے سرگرمیاں اور وقف نو کے نویں (۹) سالانہ اجتماع کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button