گیمبیا کی احمدیہ مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AMSA) کے زیر انتظام دوسرے نیشنل پیس سمپوزیم کا انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے گیمبیا کی احمدیہ مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AMSA) کو مورخہ ۲؍فروری ۲۰۲۵ء بروز اتوار جماعت کے مسرور سینئر سیکنڈری سکول،کومبو میں اپنا دوسرا نیشنل سالانہ پیس سمپوزیم منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ مکرم محمدامبائی صاحب مبلغ سلسلہ نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے استقبالیہ کلمات کہے اور معاشرے میں امن کو فروغ دینے کے ليے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ علاقہ کے الکالو (چیف) بھی اس موقع پر حاضرین سے مخاطب ہوئے اور تعلیم اور ترقی کو فروغ دینے میں جماعت احمدیہ کے طلبہ کی تنظیم اور سکول کی خدمات کا اعتراف کیا۔
AMSAگیمبیا کے صدر مکرم سعید سمبا سو صاحب نے امن کی اہمیت اور مذہبی اختلافات پر قابو پانے کی ضرورت کے بارے میں تقریر کی۔
اس کے بعد ’معاشرے میں امن اور انصاف کے فروغ میں طلبہ کے کردار‘ پر ایک مقرر حاضرین سے مخاطب ہوئے۔

ملک کے دارالحکومت کے امام کے نمائندے نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ حقیقی امن صرف اسی صورت میں حاصل کیا جاسکتا ہے جب افراد اختلافات کو قبول کرنے اور اپنے اندر امن کے ليے کام کرنے کے ليے تیار ہوں۔
بعدازاں مکرم ابراہیم باہ صاحب معلم سلسلہ نے مذہبی رواداری کو حقیقی انصاف اور امن کی بنیاد قرار دیتے ہوئے قرآن مجید کی آیات نیز آنحضرت ﷺ اور حضرت عیسیٰؑ کی بیان کردہ تعلیمات کا حوالہ دیا۔
اس کے بعد گیمبیا یونیورسٹی کے ایک لیکچرار نے اسلام اور عیسائیت کے باہمی تعلق، خاص طور پر وراثت کے قوانین کے بارے میں اپنے ذاتی خیالات کا اظہار کیا۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا تھے۔ آپ نے اپنے اختتامی کلمات میں اس غلط فہمی کو دُور کیا کہ مذاہب تنازعات کا سبب ہیں۔ آپ نے حاضرین کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺسمیت تمام انبیاء نے رواداری اور انصاف کا پیغام دیا۔ اس تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔ پیس سمپوزیم میں تقریباً ۹۰؍افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: گیمبیا کے لوئر ریور ریجن میں دو تقاریب آمین کا انعقاد