برکینا فاسو کے بستان مہدی میں مسجد بیت الرحمٰن کا افتتاح
برکینا فاسو کے دارالحکومت واگادوگو میں بستان مہدی جماعت کی ساڑھے سینتیس ایکڑ ملکیتی زمین ہے جہاں جلسہ گاہ، جامعۃالمبشرین، مدرسۃالحفظ، مسرور آئی انسٹیٹیوٹ وغیرہ قائم ہیں۔ یہاں اب مزید دو عمارتیں جنرل ہسپتال اور مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنی ہیں۔ بستان مہدی میں جامعۃ المبشرین کے احاطے میں ایک مسجد موجود ہے جہاں ۱۵۰؍لوگ نماز ادا کرسکتے ہیں۔ تاہم مسرور آئی انسٹیٹیوٹ اور نئے ہسپتالوں کے قیام کے ساتھ ہسپتال کے احاطے میں ایک چھوٹی مسجد کی ضرورت محسوس کی گئی جہاں ہسپتال کا عملہ، مریض اور ان کے لواحقین نماز ادا کرسکیں۔

چنانچہ ایک چھوٹی مسجد جس کا مسقف حصہ ۴۳؍مربع میٹرز ہے تعمیر کی گئی۔ مسجد کی چھت میں ایک مناسب سائز کا گنبد بنایا گیا ہے۔ محراب کی طرف بائیں جانب ایک مینار تعمیر کیا گیا ہے جس کی اونچائی ۱۹؍میٹر ز یعنی ۶۲؍فٹ ہے۔ مسجد کی چھت پر لائٹس لگا کر مینار پر روشنی ڈالی گئی ہے جس کی وجہ سے مینار دُور سے روشن اور چمکتا دکھائی دیتا ہے۔ جبکہ مینار کے نیچے ایک سٹور کی جگہ نکل آئی ہے جس کا دروازہ مسجد کے ہال کے اندر ہے۔ مسجد میں خوبصورت قالین، ایئر کنڈیشنر اور گنبد کے درمیان میں ایک فانوس لگایا گیا ہے۔ پچھلی جانب پردہ لگاکر تھوڑا حصہ خواتین کے ليے مخصوص کر دیا گیا ہے۔ گنبد میں اندورنی طرف اَلَا بِذِِکْرِ اللّٰہ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوْب اور محراب کی پیشانی پر لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ تحریر کیا گیا ہے۔ اس مسجد میں مجموعی طورپر ۶۰؍کے قریب نمازی نماز ادا کر سکتے ہیں۔ مسجد کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت ’’بیت الرحمٰن ‘‘ عطا فرمایا ہے جس کی تختی مسجد کے مرکزی دروازے پر لگائی گئی ہے۔

یہ مسجد بستان مہدی گھانا جانے والی سٹرک پر واقع ہے اور بالکل روڈ کے کنارے پر ہونے کی وجہ سے ہر آنے جانے والے کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ بلکہ یہ کہنا بالکل بجا ہوگا کہ یہ مسجد ہسپتالوں کی خوبصورت عمارتوں کا حسین چہرہ بن گئی ہےکیونکہ ہسپتال کے مرکزی دروازے سے پہلے مسجد کا مینار منزل کی آمد کا پتا دیتا ہے۔
مسجد بیت الرحمٰن کا افتتاح مکرم عبد الماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد، یوکے نے مورخہ ۲۱؍فروری بروز جمعۃ المبارک کیا۔ آپ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے نمائندہ کے طور پر’مسرور میڈیکل کمپلیکس‘ کا افتتاح کرنے کے ليے برکینا فاسو تشریف لائے تھے۔
آپ نے مسجد کے دروازے پر لگی یادگاری تختی کی رونمائی کے بعد دعا کرائی۔ بعد ازاں نماز مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں۔ اس موقع پر اذان دینے کی سعادت مکرم لطف الرحمٰن صاحب چیئرمین بیکن آف پیس و نائب صدر مجلس انصاراللہ برطانیہ کو ملی۔ افتتاح کے اس بابرکت موقع پر لندن، جرمنی اور گھانا سے ہسپتال کے افتتاح کی تقریب میں شامل ہونے کے ليے آنے والے وفود نے بھی شرکت کی۔
مسجد کی تعمیر کے اخراجات مکرمہ سعدیہ رحمان صاحبہ اہلیہ ڈاکٹر چودھری اعجاز الرحمٰن صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ یوکے و چیئر مین مسرور ہیلتھ کیئرفاؤنڈیشن نے ادا کیے ہیں۔ آپ افتتاح کے موقع پر موجود تھے۔ مسجد کی تعمیر کی نگرانی کی سعادت خاکسارکے حصے میں آئی۔ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو ہدایت اور نور کاذریعہ بنا دے۔ آمین
(رپورٹ:چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: کینیا کے تمام ریجنز میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا بابرکت انعقاد