گیمبیا کے نیشنل ہیڈکوارٹربانجل/کومبو میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد
مکرم نوید احمد قمر صاحب ایریا مشنری بانجل؍کومبو تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کو اپنے ہیڈکوارٹر بانجل/کومبومیں جلسہ یوم مصلح موعودؓ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ جلسہ جماعت کی مرکزی مسجد بیت السلام میں مورخہ۲۰؍فروری ۲۰۲۵ء بروز جمعرات بعد از نماز عصر منعقد ہوا۔ الحمدللہ

اس جلسے کی صدارت مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا نے کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سےہوا۔ بعد ازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’پیشگوئی مصلح موعودؓ کا پس منظر و الفاظ‘‘ از مکرم ڈیمبا باہ صاحب مبلغ سلسلہ، ’’حضرت مصلح موعودؓ کے کارنامے‘‘ از مکرم سینی جارجو صاحب صدر جماعت احمدیہ ٹلنڈنگ اور ’’خلافت امت میں اتحاد کا ذریعہ‘‘ از خاکسار (ایریا مشنری بانجل/کومبو)۔

ان تقاریر کے علاوہ یوم مصلح موعود کے حوالے سے ایم ٹی اے کی تیار کردہ ایک ڈاکومنٹری بھی احباب کو دکھائی گئی جس میں شاملین نے بہت دلچسپی لی اور بڑے انہماک سے دیکھی۔
آخر پر مکرم امیر صاحب نے یوم مصلح موعودؓ منانےکی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جماعت کے یہ دن ہمارے ليے یاددہانی کا کام کرتے ہیں۔ آخر پر آپ نے دعا کرائی۔ جس کے بعد تمام شاملین کا گروپ فوٹو ہوا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس جلسہ کی کل حاضری ۱۲۰؍رہی۔ الحمدللہ
(رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: برکینافاسو میں مسرور میڈیکل کمپلیکس کا بابرکت افتتاح