جماعت احمدیہ سٹراسبرگ، فرانس کی چند حالیہ تبلیغی سرگرمیاں
اللہ تعالیٰ کے فضل سے گذشتہ سال کے آخر پر اورنئے سال کے آغاز میں جماعت احمدیہ سٹراس برگ کو مسجد مہدی اور اس کے گردو نواح کی کونسلز کے میئر صاحبان اور علاقہ کی ممبر نیشنل اسمبلی سے ملاقاتیں کرنے کے مواقع ملے۔

ممبر نیشنل اسمبلی سے ملاقات: ۹؍دسمبر ۲۰۲۴ء کو دوسری بار منتخب ہونے والی علاقہ کی ممبر نیشنل اسمبلیMadame Louise Morelسے ان کے دفتر میں مکرم محمداطہر کاہلوں صاحب صدر جماعت احمدیہ سٹراس برگ اور خاکسار(مبلغ سلسلہ) کو ملاقات کرنے کا موقع ملا۔ موصوفہ سے یہ ہمارا پہلا رابطہ تھا۔ نصف گھنٹہ کی اس ملاقات میں جماعت احمدیہ کا قیام، اس کے مقاصد، نظام خلافت، دیگر مسلمانوں سے فرق بطور خاص جہاد اور توہین مذہب کے حوالے سے تفصیلاً گفتگو ہوئی۔ نیز دنیا میں جماعت احمدیہ کی تبلیغ اسلام اور خدمت خلق کی مساعی کا ذکر کیاگیا۔ دنیا کے بدلتے ہوئے حالات، ممکنہ تیسری عالمی جنگ کے تناظر میں قیام امن سے متعلق امام جماعت احمدیہ کی کاوشوں کا ذکر کیا گیا۔ ملاقات کے آخر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ پیش کی۔

Gabrielle ROSNER-BLOCH مسجد مہدی میں
ریجنل اخبار DNA کی صحافی کی مسجدمہدی میں آمد: ماہ دسمبر ۲۰۲۴ء میں خاکسار نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کے موسم سے متعلق ایک مختصرمضمون تیار کرکے اخبارات، ریڈیو اور ٹی وی کےمختلف صحافیوں کو بھجوانے کی توفیق پائی جس کے نتیجے میں ہمارے ریجن کے مشہور اور پرانے اخبار کی ایک صحافی Alizée Chebboubنے انٹرویو لینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ مورخہ ۱۳؍دسمبر کو موصوفہ مسجد تشریف لائیں اور مسجد کے دورہ کے بعد لائبریری میں گفتگو ہوئی۔ متعلقہ موضوع کے علاوہ جماعت احمدیہ سے متعلق بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ موصوفہ کے سوالات کے جواب دینے کے بعد انہیں کتاب ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ بطور تحفہ پیش کی گئی۔
چند دن بعد ۱۹؍دسمبر کو نصف صفحے کا مضمون اخبار میں شائع ہوا۔ اس اخبار کے قارئین کی تعداد ۵؍لاکھ سے زیادہ ہے۔
علاقہ کی نئے سال کی تقریبات میں شرکت اور میئر صاحبان سے ملاقاتیں: امسال نئے سال کے موقع پر کونسلز کی طرف سے منعقدہ پروگراموں میں صدر جماعت، سیکرٹری امور خارجیہ مکرم کامل افضل صاحب اور خاکسارکو شامل ہونے کا موقع ملا۔ علاوہ ازیں ۵؍میئر صاحبان سے ملاقاتیں کرکے احمدیت کا تعارف پیش کرنے کا بھی موقع ملا۔ انہیں مسجد کے دورہ کی دعوت کے ساتھ ساتھ نیک تمناؤں کے کارڈز اور چاکلیٹس پیش کی گئیں۔
کونسل کے ماہانہ رسالہ میں مضمون کی اشاعت: ’’رمضان کی اہمیت اور اس کی جسمانی، معاشرتی اور روحانی برکات‘‘ پر مشتمل ایک مضمون صدر صاحب جماعت نے مسجد مہدی کے علاقہ کی کونسل کے ماہانہ رسالہ Hurtigheim Actualitésکو بھیجا تھا۔ اس مضمون کو مسجد مہدی کی تصویر کے ساتھ بعنوان ’’احمدیہ مسلم ایسوسی ایشن۔ مسجد مہدی‘‘ شائع کیا اور اس کےليے ایک پورا صفحہ وقف کیا اوراپنی طرف سے جماعت احمدیہ کے ماٹو ’’محبت سب سے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کو جلی حروف میں بھی شائع کیا۔
صوبائی مشیربرائے مذاہب کی مسجد میں آمد: مورخہ ۱۰؍فروری کو مذاہب سے متعلق صوبائی مشیر Gabrielle ROSNER-BLOCH اپنے وفد کے ساتھ مسجد میں تشریف لائیں۔ اس اڑھائی گھنٹے کے دورہ کے دوران انہیں احمدیت کا تفصیلی تعارف پیش کیا گیا جس سے وہ بہت متاثر ہوئیں اور اس بات کا اظہار کیا کہ قومی سطح پر احمدیت کی آواز کو زیادہ سنا ئی دیا جانا چاہيے۔
اللہ تعالیٰ ان بابرکت مساعی کو قبول فرمائے اور انہیں مزید وسعت عطا کرے۔ آمین
(رپورٹ: نصیراحمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ جرمنی کے زیر اہتمام نیشنل آن لائن تربیتی سیمینار کا انعقاد