افریقہ (رپورٹس)

ہیومینٹی فرسٹ کینیا کا بارنگو (Baringo) کاؤنٹی میں مفت آئی سکریننگ اور سرجیکل کیمپ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ کینیا کو مورخہ ۲۴؍فروری تا یکم مارچ ۲۰۲۵ء کو بارنگو کاؤنٹی کے دو قصبات Chemolingot اور Marigat میں آنکھوں کے علاج کے لیے اپنی ایک شریک کار تنظیم Lions Sight First Eye Hospital کے تعاون سے چھ روزہ مفت آئی سکریننگ کیمپ لگانے کی توفیق ملی جس میں نہ صرف علاقہ کے لوگوں کی آنکھوں کا معائنہ کر کے ان کا علاج کیا گیا بلکہ ضرورت مندوں کو مفت عینکیں بھی مہیا کی گئیں اور کیٹریکٹ (Cataract)کے مفت آپریشن بھی کیے گئے۔

تفصیل اس اجمال کی یہ ہے کہ ہیومینٹی فرسٹ کو یہ تشویشناک اطلاع ملی کہ بارنگو کاؤنٹی جس کی آبادی ایک لاکھ ۲۰؍ہزار نفوس پر مشتمل ہے، کی ۳۰؍فیصد آبادی آنکھوں سے متعلق مختلف مسائل سے دوچار ہے۔ چنانچہ Chemolingot Primary School Tiaty West Sub County ,Baringo میں کی جانے والی ایک سکریننگ کے بعد یہ حقیقت سامنے آئی کہ یہاں کیٹریکٹس کے سب سے زیادہ کیسز پائے جاتے ہیں۔ چنانچہ یہاں ابتدائی طور پر ۱۲۳؍افراد کو کیٹریکٹ کے آپریشن کے لیے بُک کیا گیا جن میں سے متعدد افراد کی دونوں آنکھوں میں کیٹریکٹ پایا گیا جو بہت ہی تشویشناک صورتحال ہے۔ چنانچہ ہیومینٹی فرسٹ نے لائنز سائٹ فرسٹ آئی ہاسپیٹل اور بارنگو کاؤنٹی گورنمنٹ کے تعاون سے ۲۴؍فروری تا یکم مارچ یہاں مفت آئی سکریننگ کیمپ لگایا جس میں ۶۰۰؍افراد کی آنکھوں کا معائنہ کر کے انہیں مفت ادویات اور عینکیں مہیا کی گئیں اور ۱۵۰؍افراد کے کیٹریکٹ کے کامیاب آپریشنز کیے گئے جس کے بعد اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان سب افراد کی نظر بالکل بحال ہو گئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اس کار خیر پر اہل علاقہ اور کاؤنٹی گورنمنٹ نے ہیومینٹی فرسٹ اور لائنز سائٹ فرسٹ آئی ہسپتال کے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور خواہش کی کہ یہ تنظیمیں اس علاقہ میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے مزید پروگرام بنائیں۔ و باللہ التوفیق

(رپورٹ:وقار احمد شیخ۔ ہیومینٹی فرسٹ کینیا۔
ترجمہ و ترسیل:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ و مجلس اطفال الاحمدیہ ساؤتھ افریقہ کے نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ءکا کامیاب انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button