کینیاکے ساؤتھ کوسٹ ریجنل ہیڈ کوراٹر میں جماعتی لائبریری اور دفتر کا افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کینیا کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی میں نئی لائبریریوں کے قیام اور موجودہ لائبریریوں کی توسیع کا کام تیزی سے جاری رکھنے کی توفیق مل رہی ہے۔

اسی سلسلے میں مورخہ ۶؍فروری ۲۰۲۵ء کو اُکونڈا، ڈیانی ساؤتھ کوسٹ کے ریجنل ہیڈکوارٹر میں مکرم رشید احمد ظفر صاحب مربی سلسلہ دفتر ایڈیشنل وکالت تبشیر یوکے و مرکزی نمائندہ نے اپنے کینیا کے دورے کے دوران نئی تعمیر شدہ لائبریری اور دفتر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مکرم انس احمد صاحب مربی سلسلہ دفتر ایڈیشنل وکالت تبشیر یوکے، مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیا، مرکزی مبلغین، مقامی معلمین اور اس ریجن کے احباب جماعت و نومبائعین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ افتتاحی دعا کے بعد معزز مہمانوں نے لائبریری اور دفتر کا معائنہ کیا۔ نیز بطور یادگار مسجد کے احاطے میں ناریل کے پودے لگائے۔

الحمدللہ، اس لائبریری میں اس وقت دو ہزار کے قریب جماعتی کتب موجود ہیں جن میں گذشتہ سال مرکز سے موصول ہونے والی تازہ شائع شدہ کتب بھی شامل ہیں۔ امید ہے کہ اس لائبریری کے قیام سے جماعتی لٹریچر کی تقسیم اور اس سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس لائبریری کی تعمیر کا تمام خرچ ایک مخلص مقامی احمدی مکرم شکیل احمد شاہ صاحب نے ادا کیا جبکہ تعمیراتی کام کی نگرانی مکرم صدام رجب صاحب مبلغ سلسلہ ساؤتھ کوسٹ ریجن نے کی۔ اللہ تعالیٰ انہیں اس خدمت کی بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین
اسی سال کے دوران مرکزی ہیڈکوارٹر نیروبی (Nairobi) کی لائبریری کے علاوہ نکورو (Nakuru) کی ریجنل لائبریری کی بھی توسیع کی جا چکی ہے۔ مزید یہ کہ مختلف سرکاری و نجی اداروں کی لائبریریوں کو بھی جماعت کی جانب سے بڑی تعداد میں لٹریچر بطور تحفہ دیا گیا جس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ حال ہی میں انہی لائبریریوں میں سے ایک نے کینیا میں منعقدہ ایک بین الاقوامی بک فیئر میں جماعتی کتب کو نمایاں طور پر ایک نمائش میں پیش کیا۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ اس خدمت کو مزید وسعت عطا فرمائے اور جماعت احمدیہ کو اسلام احمدیت کے پیغام کو پھیلانے کی توفیق دیتا رہے۔ آمین
(رپورٹ: احمد عدنان ہاشمی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں:برکینا فاسو کے بستان مہدی میں مسجد بیت الرحمٰن کا افتتاح