امام جماعت احمدیہ عالمگیر امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جانب سےپوپ لیو چہار دہم کے انتخاب پر تہنیتی پیغام
۸؍مئی ۲۰۲۵ء بروز جمعرات رومن کیتھولک چرچ کی جانب سے پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد نئے پوپ کے منتخب ہونے کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق امریکہ سےتعلق رکھنے والے رابرٹ فرانسس پرووسٹ بطور پوپ منتخب ہوئے ۔ نئے منتخب پوپ نے اپنا نام پوپ لیو چہار دہم (Leo XIV) اختیار کیا ہے۔ اس موقع پر امام جماعت احمدیہ عالمگیر امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے درج ذیل پیغام دیا:
پوپ لیو چہار دہم کے انتخاب پر تہنیتی پیغام
مَیں جماعت احمدیہ مسلمہ کی جانب سے رومن کیتھولک چرچ کے تمام ممبران کو پوپ لیو کے انتخاب پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ہم اس وقت انسانی تاریخ کے ایک نہایت نازک اور خطرناک دور سے گزر رہے ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر خطرناک جنگوں اور پُرتشدد تنازعات سے لاتعداد بےگناہ اور نہتے انسانوں کے خون سے زمین داغ دار ہو رہی ہے۔
ہم تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر کھڑے ہیں، لہٰذا میں دعا کرتا ہوں کہ خدا تعالیٰ پوپ کو دنیا میں حقیقی امن و آشتی کی آواز بلندکرنے کی توفیق عطا فرمائے اور وہ بلا تفریق رنگ، نسل و عقیدہ ہر معصوم انسان کے حق میں آواز بلند کرنے والے ہوں، آمین۔
بحیثیت امام جماعت احمدیہ عالمگیر، مَیں یقین رکھتا ہوں کہ ہمیں دنیا میں حقیقی امن وسلامتی قائم کرنے کے لیے کی جانے والی ہر کوشش اور اقدام میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے اور اس کی حمایت کرنی چاہیے تاکہ انسانیت اپنے خالق کو پہچانے اور اس کی طرف رجوع کرے۔
(بشکریہ مرکزی پریس اینڈ میڈیا آفس)
مزید پڑھیں: صرف آنحضرتﷺ کے ساتھﷺ کیوں آتا ہے؟




