حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ نے دوبارہ ایران پر حملہ کیا تو زیادہ فیصلہ کن جواب دیں گے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ، اسرائیل اور یورپ مکمل جنگ لڑ رہے ہیں۔مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ اس سے بھی بدتر ہے جو عراق نے ہمارے خلاف شروع کی تھی، غور کرنے پر واضح ہوتا ہے کہ یہ کہیں زیادہ پیچیدہ اور مشکل ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال جون میں اسرائیل نے ایران پر جارحیت شروع کی اور یہ جنگ بارہ دن تک جاری رہی جس کے دوران ایران میں فوجی افسران اور جوہری سائنسدانوں سمیت چار سو سے زائد اموات ہوئی تھیں۔تاہم ایران کی جوابی کارروائی کے باعث اسرائیل سیز فائر پر مجبور ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق اگر صرف جنگی اخراجات کا جائزہ لیا جائے تو اسرائیل کا جنگ میں یومیہ خرچ ۲۰۵؍ارب روپے تھا، اسرائیل کو مجموعی طور پر ۸.۷؍بلین ڈالرز کا نقصان ہوا جبکہ ایران کو پہنچنے والے مالی نقصان کا تخمینہ بھی اربوں ڈالرز میں لگایا گیا تھا۔

٭… شمالی کوریا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے اسٹریٹجک کروز میزائل کا تجربہ کرلیا۔کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق میزائل تجربہ اتوار کو ملک کے مغربی ساحل پر کیا گیا۔ کم جونگ اُن نے لانچنگ ڈرل کی نگرانی کی۔ بیان کے مطابق شمالی کوریا کے راہنما کم جونگ اُن نے میزائل تجربے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش بیرونی خطرات کے پیش نظر یہ اپنے دفاع کی ایک ذمہ دارانہ مشق ہے۔شمالی کوریا کی جانب سے یہ تجربہ اپنی پہلی جوہری طاقت سے چلنے والی آبدوز کی تصاویر جاری کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب جنوبی کوریا نے اسٹریٹجک کروز میزائل کے تجربے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے امن کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔

٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یوکرین امن منصوبے پر آگے بڑھ رہے ہیں، تاہم ابھی کچھ اہم معاملات طے ہونا باقی ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے یوکرین کے ہم منصب سے فلوریڈا میں ہونے والی ملاقات کے بعد اسے تعمیری اور بہترین قرار دیا ہے۔دوسری جانب یوکرین کے صدر نے بھی اس ملاقات کے حوالے سے اسے بہترین قرار دیا ہے۔ یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ۲۰؍نکاتی امن منصوبے پر ۹۰؍فیصد اتفاق ہوگیا ہے، جبکہ امریکی صدر نے اس حوالے سے کہا ہے کہ یوکرین کو درکار حفاظتی ضمانتوں پر ۹۵؍فیصد اتفاق کے قریب ہیں۔امریکی صدر نے بتایا ہے کہ وہ آج یورپی راہنماؤں سے اس معاملے پر گفتگو کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے کہ روسی صدر پیوٹن امن کے لیے سنجیدہ ہیں۔

٭… غزہ میں ایک بار پھر موسم سرما کی بارش اور یخ بستہ طوفانی ہوائیں چل پڑیں، امداد پر اسرائیلی پابندیوں کے باعث بے گھر فلسطینیوں کے مصائب بڑھ گئے۔شدید ٹھنڈ اور بارش سے بھیگتے خیموں میں شیر خوار بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بھی جاری ہیں، اسرائیلی حملوں سے مزید چار فلسطینی شہید ہوگئے۔۱۰؍اکتوبر کے جنگ بندی معاہدے کے بعد سے ۴۱۴؍فلسطینی شہید ہوگئے۔

٭… برطانیہ میں ڈرون اڑانے کے نئے قواعد یکم جنوری سے نافذ ہوں گے۔ نئے ضوابط کے تحت یکم جنوری سے ایک سو گرام یا اس سے زائد وزن کا ڈرون اڑانے کے لیے آن لائن ٹیسٹ دینا لازمی ہوگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آن لائن تھیوری ٹیسٹ پاس کرنے پر ڈرون صارف کو فلائر آئی ڈی جاری کی جائے گی، جس کے بعد ہی ڈرون اڑانے کی اجازت ہوگی، اس سے قبل ۲۵۰؍گرام یا اس سے زائد وزن کے ڈرون اڑانے کے لیے تھیوری ٹیسٹ لازمی تھا۔ریگولیٹرز کے مطابق نئے قواعد سے پانچ لاکھ افراد متاثر ہوں گے۔

٭… جنوبی میکسیکو میں ٹرین پٹڑی سے اترنے کے باعث ۱۳؍افراد ہلاک اور ۹۸؍زخمی ہوگئے۔میکسیکو کی بحریہ کے مطابق اوکساکا اور ویراکروز کی ریاستوں کو جوڑنے والی ٹرین نِزاندا کے علاقے میں ایک موڑ سے گزرنے کے دوران حادثے کا شکار ہوئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹرین میں عملے کے ۹؍ارکان سمیت ۲۵۰؍افراد سوار تھے، ۱۳۹؍افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے جبکہ ۹۸؍زخمیوں میں سے ۳۶؍افراد زیر علاج ہیں۔میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ زخمیوں میں کم از کم پانچ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

٭… چین نے تائیوان کے ارد گرد اپنی بڑی فوجی مشقوں کا اعلان کیا۔ خود مختار جزیرے تائیوان کی حیثیت پر جاپان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان بیجنگ نے یہ عسکری مشقیں شروع کی ہیں، جس پر وہ اپنا علاقہ ہونے کادعویٰ کرتا ہے۔چین کی فوج نے ابتدا میں صرف اتنا کہا تھا کہ ’’جسٹ مشن 2025‘‘ کے نام سے ہونے والی یہ فوجی مشقیں ہوں گی، جس میں لائیو فائر مشقیں شامل ہوں گی۔ تاہم بعد میں فوج نے بتایا کہ اس نے پہلے ہی تائیوان کے شمال اور جنوب مغرب میں سمندری اہداف پر لائیو فائر مشقیں کی ہیں۔چین کی ایسٹرن تھیٹر کمانڈ کے ترجمان شی یی نے ایک بیان میں کہا کہ تائیوان کی آزادی علیحدگی پسند قوتوں اور مداخلت پسند بیرونی قوتوں کے لیے ایک سنگین تنبیہ کے طور پر کام کرتی ہیں، چین کی خودمختاری اور قومی اتحاد کے تحفظ کے لیے یہ ایک جائز اور ضروری اقدام ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button