امریکہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ گیانا کے ہیڈکوارٹرز، مسجد اور کمپلیکس کی تعمیر کا ازسرنو آغاز

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گیانا نے دارالحکومت جارج ٹاؤن میں مسجد و نیشنل ہیڈکوارٹرز کی تعمیرِنوکےکام کا آغاز کردیا ہے۔ یہ نئی مسجد و نیشنل ہیڈکوارٹرز کی عمارت، پرانے مشن ہاؤس و مسجد کو مسمار کر کے بنائی جائے گی۔ یہ جگہ جارج ٹاؤن کے ایک اچھے علاقہ کوئنز ٹاؤن میں واقع ہے۔ یہ پراپرٹی دوپلاٹس پر مشتمل ہے۔ پہلا پلاٹ ۲۳؍ جنوری ۱۹۷۸ء کو مولانا محمد اسلم قریشی صاحب کے دورِ خدمت میں خریدا گیا تھا۔ جبکہ دوسرا پلاٹ مولانا بشیر انن صاحب آف گھانا کے دورِ خدمت میں مورخہ ۲۸؍مئی ۲۰۰۳ء کو خریدا گیا۔ ان پراپرٹیز پر موجود مسجد و مشن ہاؤس گذشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصہ تک جماعت کی تربیتی، تبلیغی، انتظامی اور سماجی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔

پرانی عمارات و مسجد جو مسمار کی گئی

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے اس منصوبے میں میں ایک خوبصورت مسجد، دفاتر، مشن ہاؤس، لائبریری، ملٹی پرپز ہال اور کثیر المقاصد سہولیات شامل ہوں گی تاکہ بڑھتی ہوئی جماعتی ضروریات کو بہتر طور پر پورا کیا جاسکے۔ یہ دو منزلہ عمارت ۷؍ہزار ۶۰۶؍مربع فٹ رقبے پر مشتمل ہوگی۔ ان شاء اللہ

احباب جماعت جو مسمار کے وقت دعا میں شامل ہوئے

پرانی عمارت کی مسماری کا باقاعدہ آغاز بروز جمعہ ۷؍نومبر ۲۰۲۵ء کو ہوا۔ اس روز خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے نمازجمعہ پڑھائی۔ اس کے بعد اجتماعی دعا کی گئی اور اللہ تعالیٰ کے حضور شکرانے کے طور پر دو بکرے صدقے کیے گئے۔ یہ جماعت احمدیہ گیانا کے لیے ایک نئے اور اہم دور کا آغاز ہے۔

جماعت احمدیہ گیانا جو ۱۹۶۰ء میں قائم ہوئی، ملک بھر میں تعلیم، صحت، بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی خدمت کے فروغ میں مسلسل فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ یہ نئی مسجد جماعت احمدیہ گیانا کے ليے بابرکت فرمائے اور ترقیات کے نئے دور کے ليے سنگِ میل کا باعث ہو۔ آمین اللّٰھم آمین

(رپورٹ:مقصود احمد منصور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button