یورپ (رپورٹس)

جرمنی کے فرینکفرٹ شہر میں ڈائیلاگ مہم اور اسلام نمائش کا انعقاد

مکرم مبین جاوید صاحب لوکل سیکرٹری تبلیغ فرینکفرٹ، جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جرمنی کو سال ۲۰۲۵ء کے آغاز سے اختتام تک ملک کے مختلف شہروں میں ڈائیلاگ پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس سلسلہ میں مختلف جماعتوں نے اپنی ذمہ داریاں ادا کیں تاہم لوکل امارت فرینکفرٹ کو اس مہم میں خصوصی طور پر بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ

مورخہ ۲۷؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو فرینکفرٹ کے مرکزی شاپنگ ایریا سائل (Zeil) میں ایک منظم پروگرام کے تحت ڈائیلاگ مہم منعقد کی گئی۔ چونکہ یہ ایام موسمِ سرما کی تعطیلات کے تھے، اس لیے مختلف حلقہ جات سے افرادی قوت کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔

سرد موسم کے باوجود ۱۶؍احباب کو خدمت کی توفیق ملی۔ تین xتین میٹر کے تین خیموں میں نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ راہگیروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے پوسٹرز کو نہایت حکمت کے ساتھ نصب کیا گیا جن میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی تصویر، جرمن شاعر گوئٹے کا پوسٹر اور قرآنِ کریم و امن کی تعلیمات سے متعلق مواد شامل تھا۔ اس ترتیب سے تقریباً نو میٹر چوڑی گزرگاہ بنائی گئی تاکہ زائرین مرحلہ وار نمائش کا مشاہدہ کر سکیں۔

پروگرام کے دوران لیف لیٹس مسلسل تقسیم کیے گئے اور متعدد راہگیروں سے بامقصد گفتگو کی توفیق ملی۔ سردی کے پیش نظر مہمانوں کو گرم چائے بھی پیش کی گئی جسے اکثر افراد نے خوشی سے قبول کیا۔

چند مسلمان نوجوان حضرت مسیح موعودؑ کی تصویر کے پاس رکے۔ گفتگو کے دوران ان پر یہ حقیقت واضح کی گئی کہ یہی وہ عظیم شخصیت ہیں جنہوں نے مامور ہونے کا دعویٰ فرمایا اور جن کے حق میں قرآن و حدیث کی روشنی میں پیشگوئیاں پوری ہوئیں۔ اس تفصیلی مکالمہ پر انہوں نے حیرت اور دلچسپی کا اظہار کیا۔ مجموعی طور پر حضرت مسیح موعودؑ کی تصویر نے بڑی تعداد میں لوگوں کو متوجہ کیا اور متعدد افراد نے تصویر کے ساتھ یادگاری تصاویر بھی بنوائیں۔

افغانستان اور دیگر مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی نمائش کا مشاہدہ کیا جن سے مربیان کرام نے انگلش، عربی اور فارسی زبانوں میں علمی اور اختلافی امور پر کھل کر گفتگو کی۔ ایک جرمن شخص نے دس احکام کو انسانیت کے لیے کافی قرار دیتے ہوئے اسلام پر قدامت پسندی کا اعتراض کیا جس پر انہیں اسلام کی عقلی و سائنسی بنیادوں پر مبنی تعلیمات سے روشناس کروایا گیا۔ نیز نور مسجد فرینکفرٹ میں منعقد ہونے والی “اسلام اور سائنس” نمائش (جنوری ۲۰۲۶ء) کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جس کی تاریخیں انہوں نے نوٹ کر لیں۔

سرد موسم اور تعطیلات کے باوجود یہ پروگرام نہایت کامیاب رہا۔ تقریباً تین ہزار افراد نے نمائش کا مشاہدہ کیا جبکہ ساٹھ سے زائد افراد سے تفصیلی تبلیغی گفتگو کی توفیق ملی۔

اللہ تعالیٰ ہماری ان کوششوں کو قبول فرمائے، انہیں بارآور کرے اور ہمیں مزید اسلام احمدیت کا پیغام دنیا کے کناروں تک پہنچانے کی توفیق بخشے۔ آمین

(رپورٹ: صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ گیانا کے ہیڈکوارٹرز، مسجد اور کمپلیکس کی تعمیر کا ازسرنو آغاز

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button