افریقہ (رپورٹس)

ایسٹرن ریجن، کینیا کے ہیڈ کوارٹرز کادیانی میں نئے تعمیر شدہ ریجنل مشن ہاؤس کے افتتاح کی مبارک تقریب

جماعت احمدیہ کینیا کا ایسٹر ن ریجن مچاکوس اور دیگر ملحقہ کاؤنٹیز پر مشتمل ہے جہاں زیادہ تر ’’اکامبا‘‘ قبیلہ کے لوگ آباد ہیں اس لیے اسے ’’کمبانی‘‘ اور ’’اکامبا لینڈ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ بہت زرخیز علاقہ ہے اس لیے یہا ں اکثر لوگ کھیتی باڑی کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بڑی تعداد میں تجارت اورمختلف شعبہ ہاے زندگی سے وابستہ ہیں۔ اس علاقے میں جماعت کا پیغام ۱۹۹۰ء کی دہائی میں پہنچا اور اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس علاقہ میں ایک درجن کے قریب فعال جماعتیں اور ۳؍پختہ مساجدو مشن ہاؤسز ہیں۔ ان کے علاوہ متعدد مقامات پر کرایہ کے مکانوں میں نماز سنٹرز اور معلم ہاؤسز بنائے گئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احدیہ کو اس علاقے کی مقامی زبان ’’کیکامبا‘‘ میں قرآن کریم کا ترجمہ کرنے کی بھی توفیق ملی ہے جو ۲۰۰۱ء میں قادیان، انڈیا سے شائع ہوا۔

اس علاقے میں جماعت کا ہیڈکوارٹر کادیانی (Kathiani) نامی قصبے میں ہے جو چھوٹی چھوٹی سرسبز پہاڑیوں میں گھری پیالہ نما خوبصورت سرسبز وادی میں واقع ہے اور بہت مصروف تجارتی سنٹر ہے۔ یہاں ڈی او آفس، ڈسٹرکٹ ہاسپٹل اور دیگر سرکاری دفاتر ہونے کی وجہ سے خوب چہل پہل رہتی ہے۔ کادیانی میں ہماری بہت بڑی اور خوبصورت پختہ مسجد ۱۹۹۹ء میں تعمیر کی گئی تھی۔ یہ مسجد مچاکوس کادیانی روڈ پر کادیانی قصبہ کے بالکل شروع میں برلب سڑک واقع ہے، اس لیے آنے جانے والوں کی توجہ کا مرکز رہتی ہے۔

کادیانی میں مسجد کی تعمیر کے ساتھ ہی ایک مختصر سا مشن ہاؤس مسجد کے ایریا میں ہی تعمیر کیا گیا تھا جہاں معلم صاحب رہائش پذیر تھے۔ جبکہ گذشتہ چند سال سے ریجنل مبلغ صاحب کے قیام کے لیے کادیانی ٹاؤن میں کرایہ پر مکان حاصل کر کے انہیں وہاں منتقل کردیا گیا۔ اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت کو مسجد کے کمپاؤنڈ میں ایک دو منزلہ خوبصورت مشن ہاؤس بنانے کی توفیق ملی ہے اور ریجنل مشنری صاحب یہاں مسجد میں منتقل ہو گئے ہیں۔

اس ریجنل مشن ہاؤس کا سنگ بنیاد ۲۲؍جولائی ۲۰۲۵ء کو مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا نے رکھا اور بعد از تکمیل آپ نے ہی ۱۱؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز اتوار اس کا افتتاح کیا، الحمدللہ علیٰ ذالک۔ یہ ڈبل سٹوری عمارت ہے جس کے نچلے حصے میں لائبریری، مشنری آفس، سٹور اور سیٹنگ روم وغیرہ ہیں اور اوپر والی منزل میں کچن، ڈائننگ ہال اور دو کشادہ بیڈ رومز ہیں جن کے ساتھ اٹیچ باتھ رومز بھی بنائے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں برآمدہ اور دیگر گیلریز بھی ہیں۔ اس طرح یہ عمارت خوبصورت، دیدہ زیب اور ایک مکمل ریجنل ہیڈکوارٹرز ہے۔ الحمدللہ

مورخہ ۱۱؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز اتوار اس عمارت کا افتتاح عمل میں آیا جس کے لیے مکرم امیر صاحب سنٹرل مجلس عاملہ کے اراکین اور مبلغین سلسلہ کے ہمراہ نیروبی سے کادیانی تشریف لائے۔ ریجنل انچارج مکرم شیخ قاسم مچیرے صاحب نے معلمین، مقامی احباب جماعت اور سرکاری افسران نیز معززین علاقہ کی معیت میں مکرم امیر صاحب کے قافلے کا استقبال کیا جس کے بعد مکرم امیر صاحب احباب جماعت اور معزز مہمانوں کے ساتھ مشن ہاؤس میں تشریف لے گئے اور فیتہ کاٹنے اور یادگاری تختی کی نقاب کشائی کے بعد دعا کرائی جس کے ساتھ بفضل خدا اس خوبصورت عمارت کا باقاعدہ افتتاح عمل میں آیا۔ بعدہٗ آپ نےمشن ہاؤس کے اندر جاکر مکمل عمارت کو دیکھا اور تعمیراتی کام کو سراہا۔ اس عمارت کی تعمیر اور جملہ امور کی نگرانی کی سعادت ریجنل مبلغ انچارج صاحب کو حاصل ہوئی۔ فجزاہ اللہ خیراً

مشن ہاؤس کے افتتاح کے بعد تقریباً گیارہ بجے دن مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد ریجنل انچارج صاحب نے امیر صاحب اور دیگر مہمانان کرام کو خوش آمدید کہا اور تعمیراتی کام کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد نیشنل مجلس عاملہ کینیا کےچند ممبران اور ذیلی تنظیموں کے مرکزی عہدیداران نے تقاریر کیں اورمشن ہاؤس کی تعمیر پر مبارک باد دینے کے علاوہ علاقہ ہٰذا میں تربیتی اور تبلیغی امور سے متعلق اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کے علاوہ مقامی ایم سی اے کے نمائندہ، اسسٹنٹ چیف اور ویلج ایلڈر نے بھی مختصر تقاریر کیں اور جماعت کو مشن ہاؤس کی تعمیر پر مبارکباد دی نیز مقامی امور میں جماعت کی معاونت کو سراہا۔ آخر میں امیر صاحب نے اپنی تقریر میں مشن ہاؤس کی تعمیر پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ریجنل انچارج اور مقامی احباب کے تعاون کو بھی سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں آپ نے مختلف تربیتی، تعلیمی، تنظیمی اور تبلیغی امور میں راہنمائی کی اور پھر دعا کروائی۔

نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور مہمانان کرام کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا جس کے بعد یہ مبارک تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس تقریب میں مقامی اور ریجن کی دیگر جماعتوں سے ۱۵۰؍احباب جماعت اور ۷۰؍مہمانوں سمیت کُل ۲۲۰؍افراد شامل ہوئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں مسجد بیت السمیع کے قیام کےليے ایک عمارت کی خرید

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button