حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

کرکٹ: بھارت اور نیوزی لینڈ کےمابین پانچ ٹی ٹونٹی میچز کی سیریزکے ابتدائی تین مقابلے بھارت نے جیت لیے۔پہلا میچ ناگپور میں کھیلاگیا جس میں بھارت نے ۲۰؍اوورز میں ۲۳۷؍رنز بنائے، ابھیشک شرما۳۵؍گیندوں پر۸۴؍رنزبناکر نمایاں رہے۔ جواب میں کیوی ٹیم ۱۹۰؍رنزبناسکی۔رائے پور میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں بھارت نے ۲۰۹؍رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔اس میچ میں ایشان کشن نے ۳۲؍گیندوں پر۷۶؍رنزبنائے۔گوہاٹی میں ہونے والے تیسرے مقابلہ میں نیوزی لینڈ نے۱۵۳؍رنزبنائے اور بھارت نے ٹارگٹ صرف دس اوورز میں پورا کیا۔ابھیشک شرما نے ایک مرتبہ پھر برق رفتار باری کھیلی۔ انہوں نے ۱۴؍گیندوں پر نصف سینچری بنائی اور ۲۰؍گیندوں پر۶۸؍رنزبناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ ماہ بھارت اور سری لنکا کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو شامل کرلیا۔ یادرہے کہ بنگلہ دیشی حکومت نے سیکیورٹی کے معاملہ پر اپنی ٹیم کے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی جسے آئی سی سی نے ردّ کردیا ۔نتیجۃً بنگلہ دیش نے ورلڈکپ میں شرکت سے انکارکردیا اور آئی سی سی نے اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔

بِگ بَیش لیگ:آسٹریلوی ٹی ٹونٹی لیگ کا پندرھواں سیزن پرتھ سکارچرز نے اپنے نام کرلیا۔ بی بی ایل کے فائنل میں پرتھ کا مقابلہ سڈنی سکسرز کے ساتھ ہوا۔ سڈنی نے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے ۱۳۲؍رنزبنائے ۔جواب میں پرتھ نے مطلوبہ ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ یوں پرتھ سکارچرزنے چھٹی مرتبہ بگ بیش لیگ کا ٹائیٹل جیت لیا۔

ٹینس: سربیا کے نوواک جوکووِچ نے آسٹریلین اوپن کے کوارٹرفائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ انہیں چوتھے راؤنڈ کے میچ میں واک اوور ملا۔ قبل ازیں ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈکے میچ میں فتح کے ساتھ جوکووِچ نے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں مجموعی طور پر۴۰۰؍کامیابیوں کے ساتھ تاریخ رقم کردی۔وہ یہ سنگِ میل عبور کرنے والے دنیائے ٹینس کے پہلے کھلاڑی ہیں۔

فٹ بال:انگلش پریمیئر لیگ میں مانچسٹریونائیٹڈ نے پوائنٹس ٹیبل پر سرِ فہرست آرسنل کلب کو ۲؍ کے مقابلے میں ۳؍گول سے ہرا دیا۔گذشتہ ہفتہ مانچسٹر یونائیٹڈ نے مانچسٹرسٹی کے خلاف بھی کامیابی حاصل کی تھی۔یوں مانچسٹریونائیٹڈ کی ٹیم رواں سیزن میں ۳۸؍پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئی۔دیگر میچزمیں لیورپول کو برن متھ کے ہاتھوں ۳۔۲؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،جبکہ آسٹن وِلا نے نیوکاسل کے خلاف ۲۔صفر سے فتح حاصل کی ۔

یوئیفاچیمپئنز لیگ:ساتویں راؤنڈ کے مقابلوں میں نارویجین کلب FK Bodø/Glimtنے مانچسٹر سٹی کو ایک کے مقابلہ میں تین گول سے ہرادیا۔دیگر میچز میں ٹوٹنہیم نے ڈورٹمنڈ کو۲۔صفر، ریال میڈرڈ نے مناکو کو ۶۔۱، آرسنل نے انٹرمیلان کو۳۔۱،اور لیورپول نے فرانسیسی کلب Marseilleکے خلاف۳۔صفر سے فتح حاصل کی۔اسی طرح بارسلونا،چیلسی، بائرن میونخ اور یووینٹس نے بھی اپنے میچز میں کامیابی حاصل کی ۔چیمپئنز لیگ کے رواں سیزن میں انگلش کلب آرسنل لگاتار سات کامیابیوں کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

ساف فٹسال :مالدیپ نے ساف فٹسال مینز چیمپئن شپ جیت لی، لیگ پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں مالدیپ نے تمام چھ میچز میں فتح حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر ۱۸؍پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔بھارت نے ۱۱؍پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور نیپال نے بھی ۱۱؍پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان نے تین میچز جیتے تین ہارے اور ۱۰؍پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

خواتین ساف فٹسال میں بنگلہ دیش کی ٹیم ۱۶؍پوائنٹس کے ساتھ پہلی، بھارت۱۲؍پوائنٹس کے ساتھ دوسری، بھوٹان ۱۱؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسری جبکہ پاکستانی خواتین کی ٹیم دو میچوں میں کامیابی ایک ڈرا کھیل کر ۷؍پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر رہی۔

(ن م طاہر)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button