آئیوری کوسٹ کی جماعت Sotchman میں جلسہ نومبائعین کا انعقاد
مکرم عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ دلوا ریجن، آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ دلوا (Daloa)کو اپنا ریجنل جلسہ نومبائعین Sotchmanگاؤں میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس جلسہ کے انعقاد کے ساتھ یہاں پہلے سے تعمیر شدہ مسجد جو کہ اب جماعت احمدیہ کے پاس ہے میں پہلی مرتبہ نماز جمعہ کی ادائیگی کا بھی اہتمام کیا گیا۔

یہ گاؤں آئیوری کوسٹ کے شمال مشرقی علاقہ میں سیگلا (Seguela)شہر سے چند کلومیٹر دُوری پر واقع ہے جس کی کل آبادی ۷۰۰؍افراد پر مشتمل ہے۔ یہاں جماعت کا رابطہ ۲۰۲۲ء میں معلم سلسلہ مکرم سیاوے محمد صاحب مرحوم کے توسط سے ہوا۔ ۲۰۲۳ء میں پورا گاؤں بیعت کرکے احمدیت میں داخل ہو گیا تھا۔ اس گاؤں میں ایک مقامی مسجد پہلے سے تعمیر شدہ موجود تھی تاہم یہاں جمعہ کی نماز ادا نہ کی جاتی تھی کیونکہ کسی کو جمعہ پڑھانے کا طریقہ معلوم نہ تھا۔ گاؤں والوں کے مطالبہ پر اللہ کے فضل سے ستمبر ۲۰۲۵ء میں یہاں معلم سلسلہ مکرم یوسف سیاوے صاحب کا تقرر جماعت احمدیہ کی جانب سے کیا گیا۔ چنانچہ مورخہ ۱۶؍جنوری ۲۰۲۶ء کو مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ نے گاؤں میں تشریف لاکر یہاں نماز جمعہ پڑھائی اور اس کے ساتھ ہی اس مسجد میں بھی جماعت احمدیہ کی جانب سے باقاعدگی کے ساتھ نماز جمعہ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسی دن اس گاؤں میں جلسہ نو مبائعین کا بھی انعقاد کیا گیا۔
جلسہ نومبائعین کا باقاعدہ آغاز صبح نو بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ فرنچ ترجمہ کے بعد مکرم سنگارے ابراہیم صاحب نے قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ پیش کیا۔ لوکل زبان کویاکا (Koyaka) میں صدر جماعت ماسالا نے تمام شاملین کو خوش آمدید کہا جس کے بعد خاکسار (ریجنل مبلغ سلسلہ دلوا) نے ’’احمدیت کیا ہے اور احمدیت کا دیگر مسلمانوں سے فرق‘‘کے موضوع سے تقریر کی جس کا ساتھ ساتھ لوکل زبان میں ترجمہ کیا جاتارہا۔ اس کے بعد دوسری تقریر ’’صداقت حضرت مسیح موعودؑ‘‘ کے موضوع سے مکر م سنگارے ابراہیم صاحب معلم سلسلہ نے کی۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے دس شرائط بیعت کے حوالے سے تقریر کی۔ دعا کے بعد شاملین نے نماز جمعہ کی تیاری کی۔ امیر صاحب نے نماز جمعہ کی امامت کروائی۔ الحمدللہ اس مسجد میں اب باقاعدگی سے معلم سلسلہ جمعہ کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ان شاءاللہ
اس جلسہ نومبائعین میں ۴۵۰؍افراد نے شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ تمام نومبائعین کوتقویٰ کے ساتھ مسجد کو آباد کرنے اور عملی رنگ میں شرائط بیعت پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




