جماعت احمدیہ نائیجر کے اٹھارویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد
٭… نماز تہجد، پنجوقتہ نمازوں اور دروس کا اہتمام ٭… دینی و روحانی موضوعات پر تقاریر
٭…شاملین کے فائدہ کے لیے سوال و جواب کی محفلوں کا انعقاد ٭… ۳۳۴۰؍احباب کی شمولیت
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ نائیجر کو اپنا ۱۸واں جلسہ سالانہ ’’رحمۃ للعالمین ‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲۶تا۲۸؍دسمبر ۲۰۲۵ء محمد آباد (گڈاں رومجی) ریجن مارادی میں منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ اس برس ایک لمبے عرصے کے استعمال کے لئے جلسہ گاہ تعمیر کی گئی ،نائجر کے موسم اور تیز ہواؤں کے باعث جو مشکلات پیش آتی تھیں ان سے نجات حاصل ہوئی۔الحمد للہ

جلسہ سالانہ کی تیاریوں کے ليے دو ماہ قبل ہی نیشنل عاملہ، افسر جلسہ سالانہ اور دیگر منتظمین کے ہمراہ میٹنگ کرکے جلسہ کے کامیاب انعقاد کے ليے لائحہ عمل ترتیب دیا گیا اور تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا جس کی نگرانی مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ نائیجر، نائب امراء اور افسر صاحب جلسہ سالانہ کرتے رہے۔ نیز جلسہ سالانہ کے کامیاب انعقاد کے ليے تشکیل کردہ ٹیم نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خطوط لکھے۔
تیاریوں کے مکمل ہونے پر مکرم امیر صاحب نے نائب امراء کے ہمراہ تمام شعبہ جات کے انتظامات کا جائزہ لیا جس میں نائب امراء کی جانب سے بعض امور کی نشاندہی کر کے انہیں جلسہ کے آغاز سے قبل بہتر بنایا گیا۔
مورخہ ۲۵؍دسمبر بروز جمعرات سے ہی دور سے آنے والے احمدیوں کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا اورنائیجر کی مغربی حدود پر واقع تلہ بیری ریجن سے سب سے لمبی مسافت طے کر کے قافلے محمدآباد پہنچے۔ چنانچہ نماز مغرب تک دُور سے آنے والے تمام قافلے جلسہ گاہ تک پہنچ گئے۔ دیگر جماعتوں سے قافلے جمعہ کی صبح سویرے محمدآباد پہنچ گئے اور قافلوں کی آمد پر حسب روایت نعروں سے سب کا استقبال کیا گیا۔

چونکہ ایک بڑی جگہ جماعت کے پاس موجود تھی لہذا امید تھی کہ اس سال جلسہ میں پہلے برسوں کی نسبت ایک بڑی تعداد جلسہ میں شریک ہو گی چنانچہ امسال اللہ کے فضل سے بڑی تعداد میں ایسے نو مبائعین احباب و مستورات بھی جلسہ میں شریک ہوئے جو اس سے قبل کبھی جلسہ سالانہ میں شامل نہ ہوئے تھے۔
پہلا دن:مورخہ ۲۶؍دسمبر بروز جمعۃالمبارک نماز تہجد سے دن کا آغاز ہوا۔ مکرم حافظ عامر لطیف صاحب نے نماز تہجد کی امامت کروائی۔ بعد ازاں نماز فجر ادا کی گئی جس کے بعد مکرم سلیمان موسیٰ صاحب معلم سلسلہ نے ’احادیث کی روشنی میں سفر و خوف کی حالت میں نمازیں قصر و جمع کرنے کی اہمیت‘ کے موضوع پر درس دیا۔

مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ نائیجر نے نماز جمعہ پڑھائی اور خطبہ جمعہ میں جلسہ سالانہ کی اہمیت بیان کی۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین جلسہ نے حضورا نور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ بذریعہ ایم ٹی اے براہ راست سنا جس کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔
نماز عصر کی ادائیگی کے بعد پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ نائیجر نے افسر صاحب جلسہ سالانہ کے ہمراہ لوائے احمدیت اور قومی پرچم فضا میں لہرایا اور دعا کروائی۔ بعد ازاں جلسہ کے افتتاحی اجلاس کا آغاز مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت ہوا۔ مکرم حسینی جیبو صاحب معلم سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم کی۔ مکرم یوسف ایرو صاحب معلم سلسلہ نے حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم کلام بزبان اردو پیش کیا۔ مکرم شعیبو عیسیٰ صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم نے جلسہ کے افتتاحی اجلاس کے آغاز میں ہی رحمۃ للعالمین کے حوالہ سے تقریر کی جس کے بعد مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ نائیجر نے ’’حضرت مسیح موعودؑ موجودہ دور میں رحمۃ للعالمین کے پیکر‘‘ کے موضوع پر تقریر پیش کی۔
نماز مغرب سے کچھ دیر قبل اجلاس کا اختتام ہوا۔ بعد نماز مغرب و عشاء سوال و جواب کی محفل کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں اکثر مہمانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اختلافی و فقہی مسائل کے حوالے سے سوالات کیے جاتے رہے۔ سوال و جواب کے اختتام پر جلسہ سالانہ شاملین کو رات کا کھانا پیش کیا گیا۔
دوسرا دن:مورخہ ۲۷؍دسمبر بروز ہفتہ دن کا آغاز بھی نماز تہجد کی باجماعت ادائیگی سے کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد مکرم احمدو بخاری صاحب معلم سلسلہ نے ’قرآن کریم کی تلاوت کی اہمیت‘کے حوالے سے درس دیا۔ بعدازاں جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کی کارروائی کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے سے کردیا گیا۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم جیبو چیماگو صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ نائیجر نے کی۔ دوران اجلاس علاقہ کی معزز شخصیات نے بھی شرکت کی اور جلسہ کے سٹیج سے ہونے والی تقاریر کو بغور سنا۔
دوسرے روز صبح کے وقت مستورات نے اپنے جلسہ گاہ میں علیحدہ سے پروگرامز کا انعقاد کیا جس میں مکرمہ عائدہ عبدالرحمٰن صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ نے اجلاس کی صدارت کی اور تلاوت و نظم و دیگر قصائد کے علاوہ جلسہ کے مرکزی موضوع کے مطابق تقاریر بھی کی گئیں۔ اس حوالے سے یہ بھی قابل ذکر ہے کہ مستورات نے بھی جلسہ کی تیاریوں اور انتظامات میں بھرپور حصہ لیا اور صدر لجنہ صاحبہ جو کہ منتظمہ اعلیٰ تھیں کی نگرانی میں نہ صرف اپنی ڈیوٹیاں بخوبی انجام دیں بلکہ تمام مستورات نے نہایت صبر و حوصلہ سے جلسہ سالانہ کے تینوں دن تقاریر کو بغور سنا اور نظم و ضبط برقرار رکھا۔ نیز ناصرات کے ليے علمی مقابلہ کا پروگرام بھی منعقد کیا گیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والی بچیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
نماز ظہر سے قبل اجلاس کا اختتام ہوا اور طعام اور کچھ آرام کے بعد نماز عصر کی ادائیگی کے معاً بعد جلسہ کے تیسرے اجلاس کا آغاز کیا گیا جس کی صدارت مکرم صالح موسیٰ صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ نائیجر نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور حضرت مسیح موعودؑ کے پاکیزہ منظوم کلام کے بعد تقاریر کا سلسلہ جاری رہا۔ اکثر احباب جلسہ کی تمام کارروائی سنتے رہے ہیں اور ہر وقت جلسہ گاہ بھرا ہوا ہوتا تھا۔ نماز مغرب سے کچھ دیر قبل اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔ رات کو نماز و طعام سے فراغت کے بعد شاملین جلسہ ایک دفعہ پھر محفل سوال و جواب میں شامل ہوئے۔ سوال و جواب کی یہ محفل نومبائعین کے لیے سب سے زیادہ مفید ثابت ہوئی۔
تیسرا دن:مورخہ ۲۸؍دسمبر بروز اتوار حسب پروگرام جلسہ سالانہ کے تیسرے اور آخری روز کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد سے ہوا، نماز فجر کے بعد مکرم آدمو نوحو صاحب معلم سلسلہ نے ’آنحضرت ﷺکا اپنے گھر والوں سے حسن سلوک‘ کے موضوع پر درس دیا۔ ناشتہ و تیاری سے فارغ ہونے کے بعد صبح ساڑھے آٹھ بجے جلسہ کے اس اجلاس کا آغاز کردیا گیا جس کی صدارت مکرم عثمان عبدو صاحب نیشنل سیکرٹری جائداد نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور منظوم کلام کے بعد دیگر تقاریر کی گئیں۔
دس منٹ کے وقفہ کے بعد جلسہ کے اختتامی اجلاس کے ليے احباب جلسہ گاہ میں تشریف لے آئے۔ جلسہ سالانہ نائیجر کا اختتامی اجلاس غیر معمولی برکات کا حامل تھا۔ اس اختتامی اجلاس میں جماعت احمدیہ نائیجر کو بھی یہ سعادت حاصل ہوئی کہ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے قادیان کے جلسہ سالانہ سے ہونے والے اختتامی خطاب کی نشریات میں دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ نائیجر بھی نشریات کا حصہ بنا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب اور دعا کے ساتھ ہی نائیجر کے جلسہ سالانہ کا بھی اختتام پذیر ہوا۔
بعد از دعا و ترانے جو قادیان سے براہ راست پیش کیے گئے، مکرم عبد الرحمٰن صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نائیجر، مکرم حسن جیبو صاحب معلم سلسلہ، مکرم حسینی جیبو صاحب معلم سلسلہ اور مکرم احمدو بخاری صاحب معلم سلسلہ نے مل کر ترانۂ خلافت اردو زبان میں پیش کیا جس پر جلسہ گاہ میں موجود احباب نے بھی اس ترانہ میں اُن کا ساتھ دیا۔ اس کے ساتھ ہی جلسہ سالانہ انتہائی روحانی اور جذباتی ماحول میں اپنے اختتام کو پہنچا۔ اختتام کے بعد تمام قافلوں نے واپسی کے لیے تیاری کا آغاز کر دیا۔
میڈیا کوریج: جلسہ کی کوریج ORTN جو کہ نیشنل حکومتی ٹی وی چینل ہے نے کی اور باقاعدہ طور پر اس کو ٹی وی پر نشر کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ میں۳۳۴۰؍احباب و مستورات نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین
موضوعات تقاریر و اسماءمقررین
۱۔ آنحضرتﷺبطور رحمة للعالمین از مکرم شعیبو عیسیٰ صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم
۲۔ حضرت مسیح موعودؑ عصر حاضر میں رحمۃ للعالمین کے پیکر از مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مبلغ انچارج نائیجر
۳۔ جہاد بالسیف کا پس منظر اوراس کے بارے میں اسلامی تعلیمات از خاکسار مربی سلسلہ
۴۔ صبرو استقامت معاشرے کے ليے بہت اہم ہے ازمکرم عبد الفتاح زکریا صاحب معلم سلسلہ
۵۔ علم حاصل کرنے کی اہمیت و افادیت از مکرم عبد الرحمن صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ
۶۔ فقہ حضرت مسیح موعود ؑکی اہمیت از مکرم عبداللہ ثاقب صاحب مبلغ سلسلہ
۷۔ حضرت مسیح موعودؑکے حق میں اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت کے نظارے از مکرم ممن سلیمان صاحب معلم سلسلہ
۸۔ حضرت مسیح موعودؑ کا دفاع اسلام نبی کریم ﷺکی پیش گوئیوں کے مطابق ازمکرم سعید عدیل صاحب مبلغ سلسلہ
۹۔ احباب جماعت نائیجر کی مالی قربانیوں کے واقعات از مکرم لامین عبد الرحمٰن صاحب معلم سلسلہ
(رپورٹ:کوثر جمیل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ راٹنگن اور نوئس، جرمنی کے لوکل اجتماع کا انعقاد




