جماعت احمدیہ فن لینڈ کے وفد کا Tampere شہر کا دورہ

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مبلغ انچارج فن لینڈ مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب کی قیادت میں جماعت احمدیہ فن لینڈ کے ایک وفد کو مورخہ ۱۸؍فروری ۲۰۲۶ء کو شہر Tampere کا دورہ کرنے کی توفیق ملی۔ اس دوران وفد نے تین اہم سرکاری شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن میں Tampere شہر کے بشپ Matti Repo، شہر کی لائبریریز کی ڈائریکٹر محترمہ Niina Salmenkangas اور شہر کے میئر جناب Ilmari Nurminen شامل تھے۔ تینوں معزز شخصیات کو قرآن کریم کا فنش ترجمہ کے ساتھ بطور تحفہ پیش کیا گیا جبکہ وفد نے شہر کو جہاں بھی ضرورت ہو رضاکارانہ افرادی قوت اور تعاون فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔

دورے کا آغاز بشپ Matti Repo سے ملاقات سے ہوا جنہوں نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مکرم مبلغ انچارج صاحب نے اسلام اور احمدیت کی پُرامن تعلیمات بیان کیں اور واضح کیا کہ تشدد پر مبنی جہاد اسلام میں ممنوع ہے جبکہ حضرت مسیح موعودؑ نے امنِ عالم کے قیام کے لیے جہاد بالقلم کی تلقین فرمائی ہے۔ بشپ صاحب کو جماعت احمدیہ کی رضاکارانہ خدمات اور معاشرے میں امن کے فروغ کے لیے جماعت احمدیہ کی سرگرم کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
بعد ازاں وفد نے Tampere Libraries کی Director محترمہ Niina Salmenkangas سے ملاقات کی۔ انہوں نے قرآن کریم کے فنش تراجم وصول کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور Tampere ریجن کی لائبریریوں میں قرآن کریم کی وسیع تر ترسیل میں گہری دلچسپی ظاہر کی، مزید قرآن کریم کی فراہمی کی درخواست کی اور اصولی طور پر اپنی زیر نگرانی لائبریریوں میں ایک ماہ پر مشتمل قرآن کریم کی نمائش کے لیے جگہ اور وقت مقرر کرنے پر آمادگی بھی ظاہر کی۔
اس کے بعد وفد نے Tampere شہر کے میئر جناب Ilmari Nurminen اور شہر کے Communications Director جناب Aleksi Murtojärvi ے ملاقات کی۔ میئر نے جماعت احمدیہ کی عالمی سطح پر اور فن لینڈ میں رضاکارانہ خدمات کو سراہا اور پیشکش کی کہ جماعت کی کوششوں کو میڈیا میں پذیرائی ملنی چاہیے اور اس سلسلہ میں اپنی مدد بھی پیش کی۔
اس وفد میں مبلغ انچارج صاحب کے علاوہ مکرم شہزاد انور صاحب (صدر جماعت احمدیہ Tampere)، مکرم شعیب طاہر قریشی صاحب (نیشنل سیکرٹری تعلیم) اور مکرم بشارت الرحمٰن صاحب (نیشنل سیکرٹری تربیت) شامل تھے۔
الحمدللہ، یہ دورہ کامیاب رہا اور اس کے ساتھ مکرم مبلغ انچارج صاحب کی قیادت میں اب تک ۳۵؍شہروں تک اسلام احمدیت کا پُرامن پیغام پہنچ چکا ہے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ برکینا فاسو کے چونتیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد




