حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

اگر ممکن ہو تو نماز تراویح میں قرآن کریم کی تکمیل کرنی چاہیے

حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرض نماز اور نماز تراویح میں قرآن کریم کی قراءت کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں فرمایا:

…جہاں تک نماز کو مختصر کرنے کی بات ہے تو … حدیث کے حوالے سے ایک بات میں نے یہ بتائی تھی کہ حضورﷺ کی خدمت میں کسی نے ایک امام کی شکایت کی جو بہت لمبی نماز پڑھاتا تھا۔اور اس پر حضورﷺ نے ناراضگی کا اظہار فرمایا۔

پھر میں نے یہ بات کی تھی کہ نماز کے مختصر کرنے کا یہ مطلب نہیں کہ جلدی جلدی ٹکریں مار کر نماز پڑھی جائے اور اس ضمن میں بطور مثال میں نے سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی ایک نماز تراویح کا ذکر کیا تھا جس میں امام چند منٹوں میں نماز تراویح کی ساری رکعتیں پڑھا دیتا ہے۔

پس اصل بات یہ تھی کہ نہ نماز کو اتنا لمبا کرنا چاہیے کہ مقتدی اکتا جائیں اور ان کے دل میں نماز کےلیے نفرت پیدا ہو اور نہ ہی نماز کو اس قدر مختصر کرنے کی اجازت ہے کہ وہ نماز نہیں بلکہ ٹکریں مارنا دکھائی دے۔

پھر اس کے ساتھ یہ بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ حضورﷺ نے جس نماز کے مختصر کرنے کی ہدایت فرمائی ہے وہ فرض نماز ہے۔اور اس کی وجہ یہ ہے کہ فرض نمازیں تمام مردوں پر باجماعت ادا کرنا لازم ہیں۔اور حضورﷺ نے فرمایا کہ چونکہ مقتدیوں میں بیمار،بوڑھے، کمزور اور کام کاج پر جانے والے بھی ہوتے ہیں، اس لیے امام کی ذمہ داری ہے کہ ان سب کا خیال رکھتے ہوئے نماز کو مناسب وقت میںپڑھائے۔

لیکن نماز تراویح چونکہ نفلی نماز ہے اور اس کےلیے کوئی ایسی شرط نہیں کہ تمام لوگ ضرور اس میں شامل ہوں ۔ بلکہ جو آسانی سے اس میں شامل ہو سکے اسے شامل ہونا چاہیے اور جسے کوئی عذر ہو وہ بے شک شامل نہ ہو۔ اس میں کوئی حرج نہیں۔ دوسرانماز تراویح کا آغاز حضرت عمر ؓکے عہد خلافت میں ہوا اور آپؓ نے خاص طور پر قرآن کریم کی قراءت کےلیے ہی اس کو جاری فرمایا تھا۔اس لیے اس میں نسبتاً لمبی قراءت ہونی چاہیے اور اگر ممکن ہو تو رمضان المبارک میں نماز تراویح میں قرآن کریم کی تکمیل کرنی چاہیے۔

(بنیادی مسائل کے جوابات قسط ۲۰، مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل ۱۰؍ستمبر ۲۰۲۱ء)

مزید پڑھیں: قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل کرنا ضروری ہے

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button