گیمبیا کے بائیسویں نیشنل ریفریشر کورس برائے مربیان، معلمین، ائمہ ، داعیان الیٰ اللہاور تربیتی کلاس برائے نومبائعین کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کو اپنا بائیسواں نیشنل ریفریشر کورس برائے مربیان، معلمین، ائمہ وداعیان الیٰ اللہ اور تربیتی کلاس برائے نومبائعین مورخہ ۱۷تا ۲۴؍جنوری ۲۰۲۶ء کو لوئر ریور ریجن میں جماعت احمدیہ کے قائم کردہ سکول طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول مانساکونکو میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔
یہ پروگرام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت پر ہر سال منعقد کیا جاتا ہے اور اس کا مقصد میدان عمل میں کام کرنے والے مربیان، معلمین اور داعیان الیٰ اللہ اور احمدی ائمہ کے علم و تجارب کو صیقل کرنا اور علم میں اضافہ کا موجب بننا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جماعت احمدیہ میں شامل ہونے والی نئی سعید روحوں کی تعلیم وتربیت کرنا ہے۔

اس پروگرام کی تیاری کئی ماہ پہلے ہی شروع ہوگئی تھی۔ اس سلسلہ میں احباب جماعت اور نومبائعین اور معلمین و اماموں کو بتایا گیا۔ ان کے ناموں کی فہرستیں تیار کی گئیں۔ پروگرام کی کامیابی کے ليے پیارے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں درخواست دعا کی گئی۔
مورخہ۱۷ جنوری بروز ہفتہ شاملین کی آمد کا سلسلہ صبح سے ہی شروع ہوگیا تھا۔ تاہم اس پروگرام کی افتتاحی تقریب بعد نماز مغرب وعشاء سکول کےہال میں ہوئی جس کی صدارت مکرم محمود احمد طاہر نائب امیر و مبلغ انچارج نے کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم عثمان باہ صاحب سینئر معلم سلسلہ نے احباب کو خوش آمدید کہا اور اس پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی نصیحت کی۔ اس کے بعد مکرم ابوبکر نیابلی صاحب پرنسپل سکول و نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے تمام شاملین کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ہمارے ليے یہ اعزاز کی بات ہے کہ حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کی خدمت کے ليےہمارے سکول کو منتخب کیا گیا ہے۔ مبلغ انچارج صاحب نے اس ریفریشر کورس کی غرض و غایت و اہمیت پر روشنی ڈالی اور پروگرام کی تفصیل پڑھ کر سنائی۔ ساتھ ہی آپ نے نومبائعین کو کلاس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی نصیحت کی۔

اتوار کے روز باجماعت نماز تہجد سے آغاز ہوا۔ آرام اور ناشتہ کے بعد کلاسیں شروع ہوئیں۔ یہ کلاسیں دو الگ مقامات پر لگائی گئیں۔ معلمین اور داعیان الیٰ اللہ کو ان کلاسوں میں تفسیر القرآن، فقہ، کلام، نماز باترجمہ اورنظام جماعت کا تعارف پڑھایا گیا جن میں مختلف حصوں کی تفسیر، جماعتی عقائد دربارہ وفات مسیحؑ، ختم نبوت، صداقت حضرت مسیح موعودؑ، وحی والہام، دیگر اعتراضات کے جواب، نظام جماعت میں انتظامی ڈھانچہ، ذیلی تنظیموں، مالی نظام کا تعارف کروایا گیا۔
نومبائعین کے ليے ان کے معیار کو پیش نظر رکھتے ہوئے الگ کلاس کا اہتمام کیا گیا۔ ان کو یسرنا القرآن، سادہ قرآن کریم، قرآن کریم کی آخری سورتوں کو حفظ کرنا، فقہ، کلام، نماز سادہ اور نماز کے ضروری مسائل، نظام جماعت کا تعارف پڑھایا گیا۔ نومبائعین نے اس کلاس میں بہت دلچسپی لی اور بہت کچھ سیکھا۔
روزانہ کا پروگرام:ریفریشر کورس و تربیتی کلاس کے دوران ہر روز باجماعت نماز تہجد ادا کی گئی۔ بعد نماز فجر ہر روز درس ہوا۔ ناشتہ کے بعد صبح دس بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک کلاسیں ہوئیں۔ دو بجے نماز ظہر ادا کی گئی جس کے بعد روزانہ ایک لیکچر ہوا جو مربیان و سینئر معلمین نے دیے۔ ان لیکچرز کے عناوین درج ذیل ہیں: برکات خلافت، مالی قربانی کی اہمیت، نومبائعین کی تربیت کے طریق، خلاصہ خطبہ جمعہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ ۱۲؍دسمبر ۲۰۲۵ء، آمد امام مہدی کی نشانیاں از روئے قرآن (سورہ تکویر) اور آمد امام مہدیؑ کی نشانیاں ازروئے احادیث(دجال، سورج و چاند گرہن)۔
لیکچر کے بعد دوپہر کا کھانا اور آرام کا وقت دیا گیا۔ بعد از نماز عصر تا نماز مغرب کھیل کا انتظام ہوتا تھا جس میں مقامی مجلس خدام الاحمدیہ کا مربیان و معلمین سے فٹ بال کا ایک میچ بھی ہوا۔ نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد سے نماز عشاء تک مجلس سوال وجواب ہوئی۔ مجلس سوال وجواب میں نومبائعین کو خصوصی طور پر سوالات کرنے کا موقع دیا گیا جس سے انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور اپنی دلچسپی کے سوالات کيے۔ یہ مجالس سوال وجواب بہت دلچسپ اور مفید رہیں۔ بعد از نماز عشاء رات کا کھانا اور آرام کا وقت تھا۔
وہ مربیان جو تقریباً دو ماہ قادیان رہ کر آئے تھے انہوں نے بھی اپنے قادیان کے سفر اور وہاں قیام کے دوران اپنے جذبات کو بیان کیا۔
امسال اللہ کے فضل سے اس کلاس کے دوران حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت کے مطابق سوموار اور جمعرات دونوں دن تمام افراد نے (سوائے مریضوں کے) نفلی روزہ رکھا۔ اس موقع پر روح پرور سماں بندھ جاتا تھا جب تمام شاملین صبح تہجد ادا کرنے کے بعد اکٹھے ہوکر سحری کرتے تھے اور ساتھ ساتھ کھانا بنانے اور تقسیم کرنے میں ایک دوسرے کی مدد بھی کرتے تھے۔
جمعۃ المبارک کو کلاس نہیں ہوئی تھی تاکہ تمام شاملین حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ و نماز جمعہ کی ادائیگی کی تیاری کرسکیں۔ چنانچہ تمام احباب نے دوپہر ایک بجے ہال میں بیٹھ کر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ اس کے بعد نماز جمعہ کی ادائیگی ہوئی جو کہ مبلغ انچارج صاحب نے پڑھایا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ ریفریشر کورس وتربیتی کلاس بہت کامیاب رہی اور شاملین نے ان سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ خاص طور پر نومبائعین نے اس کلاس کو بہت سراہا اور انہوں نے کہا کہ ہم نے یہاں سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ ایسی کلاسز کاجاری رہنا بہت ضروری ہے۔ اس کورس میں مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیرجماعت گیمبیا بھی تشریف لائے۔ آپ نے تمام مربیان و معلمین کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ کی جس میں انہیں بتایا کہ آپ کا کام دعوت الیٰ اللہ، احباب کو تعلیم دینا اور ان کی تربیت کرنا ہے۔ اس ليے یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ آپ کو اس کے ليے بہت محنت اور دعاؤں سے کام لینا ہوگا۔
اللہ کے فضل سے نومبائعین کی کافی تعداد نے بھی اس کلاس میں حصہ لیا تھا اور اس کو بہت سراہا اور بہت کچھ سیکھا۔
اس ریفریشر کورس و تربیتی کلاس کی اختتامی تقریب مورخہ ۲۴؍جنوری بروز ہفتہ بعد از نماز فجر ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم امیر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا سلام پہنچایا، حاصل شدہ تربیت پر عمل اور دوسروں تک پہنچانے کی تلقین کی، اعلیٰ اخلاق کے ذریعہ تبلیغ کی ذمہ داری یاد دلائی اور کامیاب انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا نیز اجتماعی دعا کروائی۔ دعا کے بعد تمام شاملین کا گروپ فوٹو ہوا۔ بعد از ناشتہ تمام احباب اپنی منازل کی طرف رخت سفر ہوئے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام احباب بخیروعافیت اپنے گھروں تک پہنچے۔ الحمدللہ
اس ریفریشر کورس و تربیتی کلاس میں کھانا بنانے والی نو ممبرات لجنہ اماءاللہ کے علاوہ ۱۵۲؍افراد شامل ہوئے۔ یوںکل حاضری بشمول لجنہ ممبرات ۱۶۱؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیمبیا)
٭…٭…٭




