خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… سوئٹزرلینڈ کے وزیر دفاع مارٹن فِسٹر نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر فضائی حملے کر کے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ اتوار کو شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں انہوں نے سوئس کابینہ کے موقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی تشدد کی ممانعت کے قانون کے خلاف ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت رکن ممالک کو اقوام متحدہ کی اجازت یا ذاتی دفاع کے علاوہ طاقت کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔جرمن نائب چانسلر لارس کلنگ بائیل نے بھی جنگ کی قانونی حیثیت پر شکوک ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی اس جنگ میں شریک نہیں ہوگا۔ سپین نے بھی ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کو لاپرواہی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے۔
٭… ناروے کی پولیس کے مطابق اتوار کی علی الصبح اوسلو میں امریکی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ میں ایک زور دار دھماکہ ہوا جس سے معمولی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ایک بجے قونصلر سیکشن کے داخلی دروازے کے قریب ہوا جس کے بعد علاقے میں دھواں پھیل گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے داخلے کے راستے کو نقصان پہنچا اور ایک یا ایک سے زیادہ ممکنہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ نارویجین وزیر انصاف آستری آس ہینسن نے اس واقعے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مکمل تحقیقات کا اعلان کیا اور کہا کہ اس مقصد کے لیے مناسب وسائل تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس کے مطابق علاقے سے مزید کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا۔




