نیوزی لینڈ کے شہر مورنزویل (Morrinsville) میں مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ کے تحت تراجم قرآن کریم کی نمائش
مکرم ڈاکٹر تصور اقبال صاحب قائد اشاعت مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ کو ۱۵؍فروری ۲۰۲۶ء کو مورنزویل (Morrinsville) میں قرآن نمائش اور بک سٹال لگانے کی توفیق ملی۔

مورنزویل، آکلینڈ سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر واقع ایک چھوٹا سا شہر ہے۔ یہ نمائش مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ نے وائکا تو جماعت کے تعاون سے منعقد کی۔ نمائش کا مقصد قرآن کریم کی تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا اور مختلف مذاہب و ثقافتوں کے مالک افراد کے درمیان باہمی رواداری، مکالمہ اور ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
نمائش میں قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں تراجم کو نہایت خوبصورتی اور اہتمام کے ساتھ پیش کیا گیا۔ ماؤری زبان (Te Reo Māori) میں ترجمہ شدہ نسخہ ’’Kur’anu Tapu‘‘ نے خاص توجہ حاصل کی، یہ تر جمہ مرحوم شکیل احمد منیر صاحب نے مکمل کیا تھا۔
تراجم کے علاوہ ہال میں معلوماتی پل اپ بینرز بھی آویزاں کیے گئے تھے جن میں قرآن کی تعلیمات مثلاً امن، انصاف، ہمدردی، بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہب و سائنس کے تعلق پر روشنی ڈالی گئی تھی۔ ایک بک سٹال کابھی اہتمام کیا گیا تھا جہاں اسلامی اور قرآن کریم سے متعلق مختلف کتب مہمانوں کے مطالعہ اور خریداری کے لیے دستیاب تھیں۔
نمائش میں ۲۵؍سے زائد قرآن مجید کے تراجم اور مختلف جماعتی کتب رکھی گئیں اور گھروں میں ۷۰۰؍سے زائد تبلیغی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ مہمانوں کے لیےطعام کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔

دن بھر مختلف مہمانوں نے نمائش میں شرکت کی۔ اگرچہ شرکاء کی تعداد محدود تھی لیکن آنے والے افراد نے گہری دلچسپی اور غور و فکر کے ساتھ نمائش میں شرکت کی اور اسلامی تعلیمات پر باوقار مکالمے کا موقع فراہم کیا۔ منتظمین نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا اور امن، حصول تعلیم اور خدمت انسانیت کے عزم کو اجاگر کیا۔ جماعت احمدیہ کا ماٹو’محبت سب کےليے نفرت کسی سے نہیں‘ بھی مہمانوں کے سامنے رکھا گیا۔
مہمانوں اور منتظمین کے درمیان غیر رسمی گفتگو میں مذہبی رواداری اور باہمی احترام جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔
نمائش میں ۱۰؍خدام، ۱۸؍انصار، ۸؍ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ۴؍اطفال نے حصہ لیا۔ تقریب نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد اختتام پذیر ہوئی۔
اللہ تعالیٰ ان کوششوں کو بابرکت فرمائے اور ہمیں تعلیم اور ہمدردی کے ذریعے خدمت انسانیت جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(مبارک احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مسجد بیت الفتوح میں بِگ افطار کا انعقاد




