افریقہ (رپورٹس)

مالی میں قومی و بین الاقوامی نمائش کے موقع پر جماعت احمدیہ کے بک سٹال کا اہتمام

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ مالی کو ملک میں منعقد ہونے والی ایک قومی و بین الاقوامی نمائش میں شرکت کرنے اور اسلام احمدیت کے پُرامن پیغام کو متعارف کروانے کی توفیق ملی۔ یہ نمائش مورخہ ۱۴؍دسمبر ۲۰۲۵ء سے ۴؍جنوری ۲۰۲۶ء تک جاری رہی جس میں نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ زائرین میں پروفیسرز، نامور کاروباری حضرات، ڈاکٹرز، وکلاء، بیوروکریٹس، ممتاز سیاسی شخصیات اور گورنرز شامل تھے جس کی بدولت اس نمائش نے ایک عالمی حیثیت اختیار کر لی۔ اس اہم موقع پر جماعت احمدیہ مالی کو اپنا تعارفی و تبلیغی بک سٹال لگانے کی سعادت نصیب ہوئی۔

نمائش میں بک سٹال کے قیام اور تمام انتظامات کی ذمہ داری مکرم امیر صاحب مالی نے مکرم اسد شہزاد صاحب، مربی سلسلہ احمدیہ مالی کے سپرد کی تھی۔ اس کام کو احسن رنگ میں سرانجام دینے کے لیے متعدد میٹنگز منعقد کی گئیں اور چار مقامی مشنریز پر مشتمل ایک فعال ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے نہایت محنت اور خوش اسلوبی سے سٹال کا حصول، اس کی تزئین و آرائش، کتب کی منتقلی اور نمائش کے پورے دورانیہ میں تمام انتظامی امور کو سنبھالا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تقریباً ۳۰؍ہزار سے زائد افراد نے جماعت کے سٹال کا دورہ کیا۔ ان تمام زائرین کو جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف پیش کیا گیا اور مختلف زبانوں میں تیار کردہ ہزاروں کی تعداد میں تعارفی لیفلٹس تقسیم کیے گئے۔

اس تبلیغی کاوش میں اللہ تعالیٰ نے غیر معمولی برکت عطا فرمائی جس کا اندازہ کتب کی فروخت سے لگایا جا سکتا ہے۔ نمائش کے دوران فرانسیسی زبان میں قرآن کریم کے قریباً ۸۰۰؍نسخے فروخت ہوئے جبکہ فرانسیسی اور دیگر مقامی زبانوں میں جماعت کا ایک ہزار سے زائد لٹریچر اور کتب زائرین نے حاصل کیں۔

اللہ تعالیٰ ان تمام مساعی کو قبول فرمائے اور اس نمائش کے ذریعے تقسیم کیے گئے لٹریچر اور قرآن پاک کے نسخوں کو لوگوں کی ہدایت کا ذریعہ بنائے۔ آمین

(رپورٹ:واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button