ہیومینٹی فرسٹ جارجیا کا رمضان فوڈ پروگرام ۲۰۲۶ء
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ جارجیا نے ۱۲تا۱۸؍فروری ۲۰۲۶ء کے دوران اپنا سالانہ ’’رمضان فوڈ ڈسٹریبیوشن‘‘ کا پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔ یہ منصوبہ ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی معاونت سے ممکن ہوا۔
اس منصوبہ کے تحت تقسیم کیے جانے والے پیکٹس میں درج ذیل اشیاء شامل تھیں: دو کلوگرام گندم کا آٹا، چاول، پاستا، جئی، لوبیا، کھانا پکانے کا تیل، نمک، چینی، کھجور، چائے کے تھیلے اور کافی۔

مسلسل چار دنوں تک ہمارے رضاکار دشوار گزار راستوں اور تنگ گلیوں سے گزر کر ضرورت مند لوگوں کے گھروں تک پہنچے۔ ہم نے جان بوجھ کر گھر گھر جا کر سامان پہنچانے کا طریقہ اختیار کیا تاکہ مستحق افراد کی عزت نفس محفوظ رہے۔ اس طرح روزہ رکھنے والے افراد، خصوصاً بزرگوں کو لمبی قطاروں میں کھڑا ہونے یا دُور سفر کرنے کی تکلیف سے بچایا جا سکا۔
الحمدللہ، جب بھاری خوراک کے پیکٹ بزرگوں کے گھروں تک پہنچے اور ان کے چہروں پر سکون اور خوشی نظر آئی تو یہی ہمارے رضاکاروں کے لیے سب سے بڑا انعام تھا۔
شہر باتومی کے ’’ڈریم سٹی‘‘ میں پیکٹس کی تقسیم:ہماری مہم کا مرکزی حصہ ہمیں مغربی جارجیا کے علاقے اجارا میں لے گیا جہاں باتومی شہر کے “ڈریم سٹی” میں ۵۰۰؍فوڈ پیکٹس تقسیم کیے گئے۔ یہ بستی شدید بنیادی مسائل کا سامنا کر رہی ہے جن میں سیوریج کے نظام کی کمی اور بجلی کے مسائل اور دشوارگزار رستوں کے مسائل شامل ہیں۔
ہماری توجہ خاص طور پر ان خاندانوں پر رہی جو ایک دہائی قبل آنے والی شدید لینڈ سلائیڈز کے باعث بے گھر ہوگئے تھے۔ بہت سے خاندان آج بھی عارضی اور غیر محفوظ پناہ گاہوں میں رہ رہے ہیں اور صبر کے ساتھ وعدہ کیے گئے مستقل گھروں کے منتظر ہیں۔ ان خاندانوں کے لیے جو برسوں سے خود کو فراموش کردہ محسوس کرتے رہے ہیں، یہ اقدام اس بات کی یاد دہانی تھا کہ وہ اب بھی ایک عالمی بھائی چارے کا حصہ ہیں۔
کاخیٹی کے ریجن تک رسائی:منصوبہ کا دوسرا مرحلہ مشرقی جارجیا کے علاقے کاخیٹی کے دیہات کابالی کا تھا۔ یہاں ہم نے ایک ایسی کمیونٹی میں ۱۰۰؍فوڈ پیکٹس تقسیم کیے جو اپنے مضبوط ایمان کے لیے مشہور ہے۔ ہماری ٹیم کا استقبال کھلے دلوں اور گہرے تشکر کے جذبات کے ساتھ کیا گیا۔
یہ بابرکت خدمت ہمارے مربیان کی راہنمائی میں ۱۴؍رضاکاروں کی ایک مخلص ٹیم نے انجام دی۔
اس پراجیکٹ نے مقامی کمیونٹی پر گہرا اثر چھوڑا۔ سوشل میڈیا پر ہماری رپورٹیں ۹؍ہزار ۴۰۰؍سے زیادہ افراد تک پہنچیں اور بہت سے لوگوں نے اس پر تشکر کا اظہار کیا۔
ایک مقامی رضاکار نے کہا:“ہم نے بہت سی تنظیموں کو دیکھا ہے، مگر جس طرح آپ ان گھروں تک پہنچے جہاں دوسرے نہیں جاتے، اس نے ہمارے دلوں کو چھو لیا ہے۔ ”
اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ جارجیا اور ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے ذریعے معاونت کرنے والے عطیہ دہندگان کی اس عاجزانہ خدمت کو قبول فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:ہارون احمد عطاء۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بینن کے چونتیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کابابرکت و کامیاب انعقاد




