افریقہ (رپورٹس)

ریجن بوہیکون، بینن میں سہ روزہ تعلیم القرآن کلاس برائے خدام و اطفال کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ بینن کے ریجن بوہیکوں میں رمضان الکریم کے بابرکت مہینے کی مناسبت سے اطفال اور خدام کی علمی و روحانی ترقی کے لیے ایک سہ روزہ تعلیم القرآن کلاس کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ یہ تین روزہ کلاس مورخہ ۲۷؍فروری تا یکم مارچ ۲۰۲۶ء بوہیکون شہر کی مرکزی مسجد میں منعقد ہوئی۔

اس سہ روزہ کلاس کا بنیادی مقصد بچوں اور نوجوانوں کو قرآن کریم کی صحیح تلاوت اور اس کی تعلیمات سے روشناس کروانا تھا۔ کلاس کے دوران ’’تعلیم القرآن‘‘ کے خصوصی اجلاس منعقد کیے گئے جن میں اطفال و خدام کو قرآن کریم سیکھنے نیز درست تلفظ اور بنیادی دینی مسائل کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ چونکہ بینن کا یہ علاقہ زیادہ تر مشرکانہ رسومات اور vodoo روایات کا پیروکار ہے اس لیے یہاں پہ نئے شامل ہونے والوں کو اسلام کی بنیادی تعلیم سکھائی گئی۔

اس تربیتی کلاس کا انعقاد ریجنل مشنری مکرم اویس احمد تارڑ صاحب مبلغ سلسلہ نے اپنی لوکل مشنریز و معلمین پر مشتمل مقامی ٹیم کے تعاون سے کیا۔ انہوں نے مختلف نشستوں میں اطفال اور خدام کی اخلاقی و تنظیمی تربیت کے حوالے سے نصاب پڑھایا اور انہیں خلافتِ احمدیہ کے ساتھ پختہ تعلق قائم رکھنے اور اپنی نمازوں کی حفاظت کرنے کی تلقین کی۔ نیز تمام شاملین نے کلاس کے آغاز میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خطوط لکھے۔

چونکہ یہ کلاس رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں منعقد کی گئی اس لیے تمام شاملین کے لیے خصوصی طور پہ مسجد میں سحر و افطار کا انتظام بھی کیا گیا۔

کلاس کے دوران مختلف عناوین (رمضان اور قرآن کریم، نماز، جماعتی تعارف) پہ دروس کا بھی انتظام کیا گیا۔

ریجن کے مختلف مقامات سے تعلق رکھنے والے اطفال اور خدام نے بڑی خوشی اور جذبے کے ساتھ اس کلاس میں شرکت کی۔ مجموعی طور پر ۳۶؍خدام و اطفال اس تین روزہ بابرکت کلاس کا حصہ بنے۔

اختتامی اجلاس میں مکرم صدر صاحب خدام الاحمدیہ بینن نے شرکت کی اور خدام واطفال کو چند نصائح کیں۔ نیز کلاس کے آخری دن شرکاء کی علمی استعداد کا جائزہ بھی لیا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ نیز ریجنل صدر صاحب نے شامل ہونے والے بچوں میں قاعدہ یسرناالقرآن تقسیم کیے۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اسلام اور قرآن کی حقیقی تعلیم سے مستفید ہونے اور ہمیشہ جماعت اور خلافت احمدیہ سے وابستہ رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:مرزا فرحان احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: مالی میں قومی و بین الاقوامی نمائش کے موقع پر جماعت احمدیہ کے بک سٹال کا اہتمام

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button