تازہ ترین: اللہ تعالیٰ اسلامی ملکوں کو وحدت کی لڑی میں پرونے کی توفیق عطا فرمائے
(مسجد مبارک اسلام آباد، ٹلفوڑد، ۲۷؍مارچ ۲۰۲۶ء) سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ ۲۷؍مارچ ۲۰۲۶ء میں جنگ کے حالات کا ذکر اور دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا:
جنگ کے حالات بھی بدترین سے بدترین ہوتے جا رہے ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل اس کوشش میں ہیں کہ اُن کی اجارہ داری ساری دنیا میں اور خاص طور پر مسلم دنیا میں قائم ہو جائے۔ جس طرح کہ اسرائیل کے صدر نے فلسطین کی جب جنگ شروع ہوئی ہے، حملہ کیا تھا پہلی دفعہ، اس وقت کہا تھا کہ
اب اس علاقے کا بلکہ عرب ملکوں کا بھی نقشہ بدل جائے گا۔
تو یہ نقشہ بدلنے کی کوششیں ہیں اور مسلمان دنیا کو ابھی بھی سمجھ آجائے کہ کس طرف یہ لوگ جا رہے ہیں اور ان کا ایک ہونا بہت ضروری ہے۔
پاکستان سُنا ہے ایران اور ان ملکوں کی امریکہ کی ساتھ صلح کی کوشش کر رہا ہے۔
بہر حال کیونکہ نقصان بیچ میں عرب ملکوں کا بھی ہو رہا ہے۔ تو پاکستان اس لحاظ سے کوشش کررہا ہے۔ اِس پر بھی ایران کے بعض حلقوں کو بد ظنی ہوگئی ہے کہ یہ بھی غلط ہے اور انہوں نے بلکہ یہاں تک الزام لگا دیا ہے کہ ایران کے بعض حلقوں میں کہا جانے لگا ہے، پڑھے لکھے لوگوں میں یا تجزیہ نگاروں میں، کہ ایران کی سرحد کے ساتھ پاکستان اپنے علاقے میں امریکی فوجوں کی تربیت کر رہا ہے مدد دے رہا ہے یا ایسے لوگوں کی مدد کر رہا ہے جو ایران کے خلاف جنگ کریں۔ بہر حال یہ بالکل غلط بات ہے۔ پاکستان نے اس کی نفی کی ہے۔
دشمن ان حالات سے فائدہ اٹھا کر بے چینی پیدا کرنا چاہتا ہے تاکہ مسلمان ملک کبھی ایک دوسرے کے مددگار نہ بن سکیں اس لیے بہت دعاؤں کی ضرورت ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اس لحاظ سے بھی دعائیں کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اسلامی ملکوں کو وحدت کی لڑی میں پرونے کی بھی توفیق عطا فرمائے۔
٭…٭…٭
