جماعت احمدیہ میلبرن ویسٹ، آسٹریلیا میں The Big Iftar پروگرام کا کامیاب انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ یکم مارچ ۲۰۲۶ء کو جماعت احمدیہ میلبرن ویسٹ کو میلٹن سٹی کونسل کے سب سے بڑے کمیونٹی ہال میں رمضان المبارک کی مناسبت سے “The Big Iftar”پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
اس پروگرام کی تیاریوں کا آغاز تقریباً چھ ہفتے قبل شروع کیاگیا۔ چند احباب جماعت پر مشتمل ایک ٹیم بنائی گئی اور انہیں مختلف ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔ تبلیغی مہمانوں اور dignitaries کو انفرادی دعوت نامے ارسال کيےگئے نیز پروگرام کی سوشل میڈیا کے ذریعے بھی تشہیر کی گئی۔

یکم مارچ کی صبح کو احباب جماعت نے کمیونٹی ہال کوپروگرام کے ليے تیار کیا۔ کمیونٹی ہال کے مین گیٹ کے سامنے برآمدے میں اسلام کے متعلق نمائش اور بک سٹال لگا یا گیا۔ مرکزی ہال کو رسمی پروگرام کےليے تیا ر کیا گیا جبکہ ملحقہ ہال میں نماز کا انتظام کیا گیا تھا۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز شام ساڑھے چھ بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ مکرم مصورالٰہی صاحب مبلغ سلسلہ نے جماعت احمدیہ کی خدمت خلق کے حوالےسے کاوشوں پر ایک پریزینٹیشن دی۔ بعدازاں عیسائی مشنری مکرم بِشپ سمتھ تفیلی (Smith Tafili) صاحب نے عیسائیت اور یہودی ربائی رالف گینیڈی (Ralph Genendi) صاحب نے یہودیت میں روزوں کے متعلق اپنی اپنی پریزینٹیشنز دیں۔

بعد ازاں جناب سٹیو مگی (Steve Mcghie) صاحب سٹیٹ ممبر پارلیمنٹ، جناب فلپ زادہ (Philip Zada) صاحب ڈپٹی ميئر میلٹن سٹی کونسل، جناب ڈیوڈ کوان صاحب پریزیڈنٹ میلٹن انٹر فیتھ نیٹ ورک اورکونسلر محترمہ جولی شینن (Julie Shanon) صاحبہ نے رمضا ن المبارک کے حوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
پروگرام کے آخر میں خاکسار (مبلغ سلسلہ) کو اسلام میں روزوں کی غرض و غایت اور افادیت پرایک پریزنٹیشن دینے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
مغرب کی اذان کے ساتھ ہال میں موجود تمام لوگوں نے روزہ افطار کیا۔ افطار کے بعد احباب جماعت نے نماز مغرب اداکی۔ جملہ مہمانوں کو نماز کو مشاہدہ کرنے اور اس میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔ اکثر مہمانوں نے ہمیں نماز پڑھتے ہوئے مشاہدہ کیا اور ڈیوٹی پر موجود خدام نے ان کو اسلامی نماز سے متعارف کروایا نیز اس ضمن میں ان کے سوالات کےجواب دیے۔ مہمانوں کے ليے یہ ایک منفرد تجربہ تھا۔
نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد مہمانوں کو رات کا کھانا پیش کیا گیا اور اسلام سے متعلق مختلف موضوعات پر غیر رسمی طورپر گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے پروگرام نہایت کامیاب رہا اور ۱۳۰؍سے زائدتبلیغی مہمان اور dignitaries اس میں شامل ہوئے۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ ہماری تبلیغی مساعی میں برکت ڈالے اور ہمیں احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عاطف احمد زاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: ریجن بوہیکون، بینن میں سہ روزہ تعلیم القرآن کلاس برائے خدام و اطفال کا انعقاد




