جماعت میلبرن اِیسٹ، آسٹریلیا میں رمضان کی مناسبت سےایک بین المذاہب سمپوزیم
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ میلبرن اِیسٹ، آسٹریلیا کو مورخہ ۸؍مارچ۲۰۲۶ءکو کَیسی سٹی کونسل، ملٹی فیتھ نیٹ ورک اور یونائٹنگ چرچ کے اشتراک سے ایک بین المذاہب سمپوزیم بعنوان ’’میرے مذہب میں روزے کا تصور‘‘ یونائٹنگ چرچ ہیمپٹن پارک میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

پروگرام کاباقاعدہ آغاز شام ساڑھے چھ بجے تلاوت قرآن کریم وترجمہ سےہوا۔ مکرم محمد رحمت سمیع اللہ صاحب سیکرٹری امورخارجیہ جماعت میلبرن اِیسٹ و صدر ملٹی فیتھ نیٹ ورک نے تمام حاضرین کو خوش آمدید کہا اور اس پروگرام کی اہمیت بیان کی۔
اس کے بعد عیسائیت، ہندو مت اور بدھ مت کے مذہبی راہنماؤں نے اپنے اپنے مذاہب میں روزے کے تصور پر تقاریر پیش کیں۔ حکومتی اور سرکاری نمائندگان نے رمضان المبارک اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کےحوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور خاص طور پر اس ضمن میں جماعت احمدیہ کی کاوشوں کو خوب سراہا۔ پروگرام کی اختتامی تقریر اسلام احمدیت کی نمائندگی کرتے ہوئے خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے پیش کی اوررمضان المبارک کی اہمیت کو بیان کرتےہوئے اسلام میں روزوں کی غرض و غایت، فلاسفی اور حکمت بیان کی۔ پروگرام کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا اور بعدازاں جماعت احمدیہ کی جانب سے تمام حاضرین کی خدمت میں افطار اور کھانا پیش کیا گیا۔
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے پروگرام نہایت کامیاب رہا۔ ممبرانِ پارلیمنٹ، ميئر، کونسلرز، روٹری وRSLکلب کے نمائندگان اور چینی کمیونٹی کے ممبران سمیت کل۱۳۰؍سے زائد تبلیغی مہمانوں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ ہماری تبلیغی مساعی میں برکت ڈالے اور ہمیں مزید احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین
(رپورٹ:عاطف احمد زاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ایک سو ایک ویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء کا بابرکت انعقاد




