اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ہائے ارتحال
نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش یہ سانحہ ہائے ارتحال بھیجتے ہیں:
۱۔ فضل الحق ملاں صاحب ولد مرحوم علی احمد ملاں آف تارویا جماعت احمدیہ ضلع برہمن باڑیہ ۷؍فروری ۲۰۲۶ء کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ مرحوم کی نماز جنازہ اسی روز بعد نماز عصر تارویا میں ادا کی گئی جس کی امامت شیخ شریف احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے کی۔ بعد ازاں جماعتی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ مرحوم پیدائشی احمدی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ اور تین بیٹے شامل ہیں۔ مرحوم کے بڑے بیٹے بطور واقف زندگی بنگلہ دیش جماعت کے دفتر مال میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ مرحوم کو مقامی سطح پر ذیلی تنظیم اور جماعتی خدمات کی توفیق ملی۔ بطور سیکرٹری زراعت اور سیکرٹری تربیت خدمت کی سعادت پائی۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند اور تہجد گزار تھے۔
۲۔ حسینہ بیگم صاحبہ اہلیہ رفیق الاسلام صاحب مرحوم آف بھادو گھر جماعت ضلع برہمن باڑیہ ۱۱؍فروری ۲۰۲۶ء کو ۷۴؍سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے وفات پاگئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ مرحومہ کی نماز جنازہ اسی روز بھادو گھر جماعت میں ادا کی گئی جس کی امامت مظفر احمد صاحب معلم وقف جدید نے کی۔ بعد ازاں برہمن باڑیہ کے جماعتی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ پسماندگان میں تین بیٹے، چار بیٹیاں نیز متعدد پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ صوم و صلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، قرآن کریم کی باقاعدہ تلاوت کرنے والی اور نہایت مہمان نواز خاتون تھیں۔ دس شرائط بیعت زبانی یاد تھیں اور دوسروں کو بھی سکھایا کرتی تھیں۔
۲۰۰۵ء میں بنگلہ دیش میں شدید مخالفت کے دوران مخالفین کی جانب سے مسجد کے قریب رکھے گئے بم کو وہاں سے ہٹانے کی کوشش میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں مرحومہ کا بایاں ہاتھ ضائع ہو گیا، مگر آپ نے صبر و استقامت کے ساتھ بقیہ زندگی بسر کی۔
۳۔ مکرم جمال الدین احمد صاحب ولد صلاح الدین احمد صاحب ۲۵؍فروری ۲۰۲۶ء کو کینسر کے باعث ۴۲؍سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
مرحوم کی نماز جنازہ دارالتبلیغ بخشی بازار ڈھاکہ میں ادا کی گئی جس کی امامت مکرم نیشنل امیر صاحب نے کی۔ بعدازاں آبائی علاقہ برہمن باڑیہ میں دوپہر کے وقت نماز جنازہ ادا ہوئی جس کی امامت محمد صالح صاحب مبلغ سلسلہ نے کی۔ پھر جماعتی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ مرحوم پیدائشی احمدی تھے۔ مرحوم کے والد صلاح الدین صاحب جماعت احمدیہ موڑائیل کے صدر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں والدین، اہلیہ اور ایک بیٹا و ایک بیٹی شامل ہیں ۔مرحوم بچپن سے جماعتی خدمات سے وابستہ رہے اور ہر سطح پر پروگراموں میں بھرپور حصہ لیتے رہے۔ مجلس خدام الاحمدیہ میں نیشنل عاملہ کے رکن بھی رہے۔ وفات کے وقت بنگلہ دیش جماعت کے نیشنل نائب سیکرٹری تعلیم کے طور پر خدمت کی توفیق پا رہے تھے۔ مرحوم نہایت ملنسار، خوش اخلاق اور ہر دلعزیز شخصیت کے مالک تھے۔ بچوں سے خاص شفقت رکھتے تھے اور بہت سے خدام کو بچپن سے مسجد اور جماعت سے وابستہ کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اللہ تعالیٰ ان تمام مرحومین کو اپنی مغفرت و رحمت کی چادر میں ڈھانپ لے، ان کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین
اعلانِ نکاح
منور علی شاہدصاحب آف جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۹؍مارچ ۲۰۲۶ء بروز اتوار خاکسار کے بیٹے عزیزم مظفر احمد طاہر نائب قائد مجلس نوئے ویڈ جرمنی کا نکاح ہمراہ عزیزہ طوبیٰ عامر بٹ بنت محمد عامر فیضان بٹ صاحب جرمنی سے مبلغ سات ہزار یوروحق مہر پر عمل میں آیا۔ عزیزم کے چھوٹے بھائی بطور ولی جبکہ عزیزہ کے والد بطور وکیل حاضر تھے۔
عزیزم مظفر احمد طاہر، مکرم شیخ احمد علی سراج صاحب فیروزپوری مرحوم کے پوتے اور حضرت مسیح موعودؑ کے صحابی حضرت میاں عبد العزیز مغلؓ کے پڑنواسے ہیں۔جبکہ مولانا عبدالباسط طارق صاحب مبلغ سلسلہ مسجد نور، فرینکفرٹ کے بھانجے ہیں۔ عزیزہ طوبیٰ عامر بٹ صاحبہ مکرم محمد قاسم بٹ صاحب مرحوم کی پوتی ہیں اور مکرم محمد شاہد بٹ صاحب صدر جماعت احمدیہ وٹلش، جرمنی کی بھتیجی ہیں۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل سے طرفین کے لیے یہ رشتہ نسل در نسل بابرکت فرمائے اوردونوں کا ساتھ برکتوں اور خوشیوں والا ہو۔ آمین
اعلاناتِ ولادت
…٭ امۃ الحفیظ بیگم صاحبہ آف جماعت احمدیہ پٹنی ہیتھ، یوکے اعلان کرواتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے خاکسار کے سب سے چھوٹے بیٹے عزیز م خالد حیات اور بہو عزیزہ صباجاوید کو مورخہ ۲۷؍مارچ ۲۰۲۶ء کو شادی کے ۱۲؍سال بعد پہلے بیٹے سے نوازا ہے۔ بچے کا نام ’سعد صداقت حیات‘ تجویز ہوا ہے۔
نومولود، چودھری صداقت حیات صاحب مرحوم آف ڈاہرانوالی ضلع حافظ آباد کا پوتا، اسجد جاوید چیمہ صاحب حال جرمنی کا نواسہ اور طارق حیات صاحب مبلغ سلسلہ کا بھتیجا ہے۔
٭… نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش یہ اعلانات ولادت بھیجتے ہیں:
۱۔ محمد ادریس علی صاحب اور طاہرہ مجید صاحبہ آف ڈھاکہ جماعت کے ہاں مورخہ ۸؍جنوری ۲۰۲۶ء کو بیٹا پیدا ہوا ہے۔الحمدللہ۔ نومولود کا نام محمد احسن علی رکھا گیا ہے۔
۲۔ محمود الحسن صاحب اور خدیجہ اسلام صاحبہ آف ڈھاکہ جماعت کے ہاں مورخہ ۱۳؍جنوری ۲۰۲۶ء کو بیٹا پیدا ہوا ہے۔ الحمدللہ۔ نومولود کا نام یوسف محمود رکھا گیا ہے۔ نومولود وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے۔
۳۔ ضمیر احمد صاحب معلم وقف جدید بنگلہ دیش اور آئرین اختر صاحبہ کو مورخہ ۲۰؍جنوری ۲۰۲۶ء کو بیٹی سے اللہ تعالیٰ نے نوازاہے، الحمدللہ۔ نومولود کا نام عنایہ ضمیر رکھا گیا ہے۔ نومولود وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل و کرم سے سب بچوں کو صحت و سلامتی والی لمبی زندگی عطا فرمائے، نیک، خادم دین، سب کے لیے قرۃ العین اور حضرت مسیح موعودؑ کی تمام دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین
٭…٭…٭




