جماعت احمدیہ لولیو، سویڈن میں شعبہ تربیت کے تحت ایک تربیتی کیمپ کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت لولیو، سویڈن کے شعبہ تربیت کے تحت ۷تا۱۵؍سال کے بچوں کے لیے ’’خلافت‘‘ کے موضوع پر ایک تربیتی کیمپ منعقد ہوا جس میں تعلیمی و تربیتی پروگرامز کے علاوہ بچوں کی تفریح کے پروگرام بھی رکھے گئے تھے۔
کیمپ کا باقاعدہ آغاز مورخہ ۱۵؍دسمبر ۲۰۲۴ء بروز اتوار نماز فجر سے ہوا۔ افتتاحی اجلاس میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد خاکسار (مبلغ سلسلہ)نے ’’خلافت کی اہمیت اور خلیفہ خدا بناتا ہے‘‘ کے بارے میں قرآن کریم اور احادیث کی روشنی میں بتایا۔ افتتاحی اجلاس کے بعد خلفائے کرام کے بارے میں ایک ڈاکومینٹری اور انتخاب خلافتِ خامسہ کے وقت کی ویڈیوز بچوں کو دکھائی گئی۔ اسی طرح حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کے مسجد نصرت جہاں کوپن ہیگن کے افتتاح کے وقت کی ویڈیو بھی دکھائی گئیں۔ ان دو اجلاسات کے بعد نماز سینٹر میں ہی بچوں کے ليے مختلف سرگرمیوں کا انتظام کیا گیا تھا۔
نماز ظہرو عصر کی ادائیگی کے بعد خاکسار نے ایک مجلس میں بچوں کو خلفائے راشدین کے انتخاب کےطریق کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد بچوں کو خلافت سے متعلق بعض اَور ویڈیوز دکھائی گئیں جن میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے سویڈن اور سکینڈے نیویا کے دورہ جات کی ویڈیوز بھی شامل تھیں۔ اس کیمپ کے آخری اجلاس میں خاکسار نے خلفائے کرام کے انتخاب اور خلافت کمیٹی کا تعارف کرایا۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ عشائیہ کے بعد بچوں نے نماز سنڑ کا وقار عمل کیا۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے ساتھ اس تربیتی کیمپ کا اختتام ہوا۔
کیمپ کے دوران بچوں کو آسان الفاظ میں باتیں سمجھانے کی کوشش کی گئی اور باتوں کو یاد کرانے کےليے ویڈیوز اور ہر اجلاس میں بتائی جانے والی باتوں میں بار بار سوالات کی شکل میں بچوں سے پوچھا جاتا رہا جس سے بچوں کو بہت سی باتیں اچھی طرح سمجھ بھی آگئیں اور یاد بھی ہو گئیں۔
الحمدللہ، یہ کیمپ بہت کامیاب رہا اور تمام بچوں نے بہت دلچسپی کے ساتھ اس کیمپ کے تمام حصوں میں شمولیت کی اور کیمپ کے انعقاد پر بہت خوشی کا اظہار کیا۔ اس پروگرام میں شاملین کی تعداد دس تھی۔
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا کے تحت عطیہ خون پروگرام کا انعقاد